عالم اسلام کشمیرکی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کرے،لیاقت بلوچ،ڈاکٹر محمد مشتاق خان
نریندرمودی استعماری ہتھکنڈوں سے تحریک آزادی کشمیر کو دبا نہیں سکتا،23کروڑ پاکستانی عوام کشمیریوں کے پشتیبان ہیں،بیس کیمپ کی خوشحالی اور کشمیر کی آزادی ہمارا ایجنڈا ہے،جماعت اسلامی کو گراس روٹ لیول تک منظم کر کے حقیقی تبدیلی لائیں گے،تقریب حلف برداری سے سابق وزرائے اعظم سردار عتیق احمد خان،سردار محمد یعقوب خان،صدرمسلم لیگ ن شاہ غلام قادر،سابق امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر خالد محمود خان،کنونیئر کل جماعتی حریت کانفرنس محمود ساغر،تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی سمیت دیگر کا خطاب

اتوار 23جولائی 2023کو ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے چھٹے امیر جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر گلگت بلتستان کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا،تقریب حلف برداری سے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ،امیر جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان،سابق وزرائے اعظم سردار عتیق احمد خان،سردار محمد یعقوب خان،صدرمسلم لیگ ن شاہ غلام قادر،سابق امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر خالد محمود خان،کنونیئر کل جماعتی حریت کانفرنس محمود ساغر،تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی،مولانا عبدالسمیع سمیت دیگرنے خطاب کیا۔تقریب حلف برداری میں جماعت کے کارکنوں اور ہمدردوں کی کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک جاری ہے بھارت ظلم وجبر کی انتہا کر چکا ہے مودی نے 5 اگست کے اقدامات کرکے کشمیر کاز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔کشمیری حق خودارادیت چاہتے ہیں بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کو زیادہ دیر غلام نہیں رکھ سکے گا عالم اسلام کو کشمیر کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ بیس کیمپ کی جماعتیں کشمیر کاز کے لیے متحد ہیں یہ خوش آیند ہے پاکستان کی سیاسی قیادت کو بھی کشمیر کاز کے لیے ایک پلیٹ فارم پر آنا ہوگا لیاقت بلوچ نے کہا کہ ڈاکٹر مشتاق کے لیے بڑے چیلنجز ہیں۔انہوں نے امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر کو مشورہ دیا کہ اپنی ٹیم کو یکسو کرکے قدم آگے بڑھائیں۔ جماعت کی تنظیم نعمت خداوندی ہے اتفاق یکسوئی اور اتحاد سے آگے بڑھیں انہوں نے کہا کہ قاضی حسین احمد مرحوم نے تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے جاندار کردار ادا کیا ہے اسی مشن کو لے کر جماعت اسلامی پاکستان پوری یکسوئی سے کشمیر کاز کے لیے آگے بڑھ رہی ہے ہم کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ہم ہر محاذ پر کشمیریوں کے شانہ بشانہ شریک رہیں گے۔اس موقع پر نومنتخب امیر جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر گلگت بلتستان ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں مولانا مودودیؒ کی شکل میں ایک عظیم ہستی عطا کی جس نے زندگی کا شعور دیا،ان کے لٹریچر نے پوری دنیا میں ایک انقلاب پیدا کیا ہے ہمارے ہاں ظالمانہ و جابرانہ نظام مسلط کیا ہے جس نظام کو ہم نے اکھاڑنا ہے اللہ تعالیٰ کے دین کی سربلندی کے لیے ہمیں یکجان ہوکر آگے بڑھنا ہوگا ڈاکٹر محمدمشتاق خان نے کہا کہ ہزار ہا لوگوں نے اپنا خون پیش کیا ہے ہم نے ان شہداء کے مشن کو جاری رکھنا ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں اللہ تعالی پر بھروسہ کرتے ہوے آگے بڑھنا ہے اپنے قدموں کو ثابت قدم رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم طاغوت کے نظام کو کسی طور قبول نہیں کریں گے۔ باطل کا نظام اب ختم ہونے والا ہے اسلام کا عادلانہ نظام نافذ ہوگامقبوضہ کشمیرمیںشہید سید علی گیلانی ؒکی جدوجہد کو آگے بڑھانا ہے۔ ہمارے نوجوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں ان شہداء کی عظیم قربانی کو فراموش نہیں کریں گے حریت کانفرنس اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ آپ تنہا نہیں ہیں آزاد کشمیر کے عوام آپ کی پشت پر ہیں تحریک آزادی کشمیر کے لیے قاضی حسین احمد مرحوم کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں ہم اپنی مثبت سرگرمیوں کو تیز تر کریں گے انہوں نے کہا کہ کشمیر کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں کشمیر کی وحدت کو قائم رکھیں گے۔










سابق صدرو سابق وزیر اعظم سردار یعقوب خان نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ جماعت اسلامی کا شکریہ کہ آپ نے آزاد کشمیر گلگت بلتستان کا ایک ہی امیر رکھا ہے۔ بیس کیمپ کے سارے لوگ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی پشت پر ہیں ہم انشا ء اللہ آزادی حاصل کر کے رہیں گے ساری سیاسی جماعتوں کا ایک ہی نظریہ ہے کہ کشمیر کو آزاد کرانا ہے۔ راے شماری ہوکر رہے گی سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ ڈاکٹر محمدمشتاق کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ہم ایک سیاسی قبیلے کی حیثیت رکھتے ہیں ہم ایک دوسرے کے کام کو دیکھتے ہیں۔ اس وقت ساری حریت قیادت جیلوں میں ہے آج کبھی گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے کی باتیں ہورہی ہیں۔ یہ سب تحریک آزادی کشمیر کے لیے نقصان دہ ہے یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ کشمیر کی تحریک کو بھارت دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا ایک زمانے میں روس فرانس بڑی طاقتیں تھی آج وہ بڑی طاقتیں نہیں بھارت کا گھمنڈ بھی خاک میں مل جاے گا ۔
صدرمسلم لیگ ن شاہ غلام قادر نے کہا ڈاکٹر مشتاق کو امیر جماعت کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں ہمیں مل کر کشمیر کاز کے لیے کام کرنا ہے مقبوضہ کشمیر میں جو لوگ بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد کررہے ہیں ان کی پشت پر کھڑے ہیں آزاد کشمیر کی ساری سیاسی جماعتوں کو مل کر ریاست کے تشخص کو بحال کرنے کے لیے کام کرنا ہے ہم مل کر مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے کام کریں گے تقسیم کشمیر منظور نہیں ہے کشمیر ایک وحدت ہے اسے تقسیم نہیں ہونے دیں گے 5 اگست کے بھارتی اقدامات کی مذمت کرتے ہیں برہان وانی سمیت تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔
سابق امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ تحریک کے کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں نفسانفسی مادیت پرستی کے دور میں ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیں ایک عظیم تحریک سے وابستہ کیا ہے اہل کشمیر گزشتہ 76 برس سے میدان کار زار میں ہیں کشمیری ملت بھارتی ظلم وجبر کا مردانہ وار مقابلہ کررہے ہیں تحریک پورے عزم و حوصلے سے جاری ہے میں اپنی ساری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جوگھٹن اور مشکل حالات میں تحریک کے لیے کام کرتی رہی۔ان شا ء اللہ یہ تحریک چلتی رہے گی جماعت اسلامی منزل کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھے گی ہم تاریخ کے چوراہے پر کھڑے ہیں اپنی جدوجہد کو تیز تر کریں،کشمیر آزادی کی منزل سے ضرور ہمکنار ہوگا ۔

تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے خطاب کرتے ہوے کہادنیا میں امن کا راستہ سرینگر سے ہوکر جاتا ہے۔ اسلام آباد اور مظفرآباد کے اندر تحریک آزادی کشمیر سے گہری وابستگی رکھنے والی قیادت کی ضرورت ہے۔ آزاد کشمیر اور پاکستان میں جب قیادت کمزور ہوگی تو تحریک آزادی کشمیر بھی کمزور ہوگی۔ صاف و شفاف قیادت جماعت اسلامی کی شکل میں موجود ہے مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں نے قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے اب بیس کیمپ کے لوگوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ متحرک ہوکر کشمیر کاز کو اگے بڑھانے کی ضرورت ہے کشمیری قیادت باہم مل بیٹھ کر طے کریں کہ ایک دن سیز فائر لائن کی طرف لاکھوں کی تعداد میں نکلیں اور پرامن مارچ کریں ۔بیرونی ممالک میں ہم بڑی تعداد میں لوگوں کو نکالیں گے اور دنیا کو پیغام دیں گے کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جاے جو ان کا پیدائشی حق ہے ۔کنوینر کل جماعتی حریت کانفرنس محمود احمد ساغر نے خطاب کرتے ہوے کہاکہ کشمیری اپنی جدوجہد کو جاری رکھے ہوے ہیں۔ ہم نومنتخب امیر جماعت اسلامی کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں تقسیم کشمیر نامنظور ہے کشمیرایک وحدت ہے اس کے حصے بخرے کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے کشمیریوں کی مرضی کے بغیر کوئی فیصلہ قابل قبول نہیں ہے۔ امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مولانا عبد السمیع نے کہا کہ نومنتخب امیر جماعت کے لیے استقامت کی دعا ہے مقبوضہ کشمیر آزاد کشمیر گلگت بلتستان تینوںاکائیاں موجود ہیں۔ اسلامی انقلاب کشمیر کی آزادی اور تکمیل پاکستان کے لیے مل کرجدوجہد کریں گے۔ مقبوضہ کشمیر نے آزاد ہونا ہے اور وہ آزاد ہوکر رہے گا۔ان شا ء اللہ
٭٭٭