کشمیر الیوم (مانیٹرنگ ڈیسک) کانگریس نے کہا ہے کہ مودی حکومت کی کسان مخالف پالیسیوں کی وجہ سے کسان بری طرح متاثر ہو رہے ہیں اور زمینی صورتحال اتنی خراب ہو گئی ہے کہ ملک میں ہر گھنٹے اوسطاً ایک کسان خودکشی کرنے پر مجبور ہو رہا ہے۔کانگریس کی ترجمان سپریہ شرینیت نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں مودی حکومت کو کسان مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2021 میں زراعت سے وابستہ کل 10,881 لوگوں نے خودکشی کی ہے۔ اس طرح ہر روز 30 کسانوں خودکشی کی جبکہ گزشتہ سال ہر گھنٹے میں ایک کسان خودکشی کرنے پر مجبور ہوا ہے۔

کانگریس کی ترجمان نے نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2014 سے 2021 تک ملک میں 53 ہزار 881 سے زیادہ کسانوں نے خودکشی کی ہے۔ اس طرح ہر روز 21 کسان مفلسی اور مایوسی کی حالت میں خودکشی کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ انہیں یہ انتہائی قدم اٹھانے پر کس نے مجبور کیا؟ انہوں نے اسے مودی حکومت کی ناکامی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں لوگوں کے کھانے کیلئے اناج پیدا کرنیوالے کسانوں کی اس قابل رحم حالت کے باوجود وزیر اعظم نریندر مودی تماشا کرنے اور اپنے جھوٹ کو پھیلانے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خودکشی کرنے والے کسان اپنی بے بسی کا الزام مودی پر لگا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے مہاراشٹر کے ایک کسان دشرتھ لکشمن کیداری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پنے کے اس کسان نے خودکشی کی ہے اور اس نے اپنے سوسائڈ نوٹ میں مسٹر مودی کی بے عملی کو اپنی خودکشی کے لئے ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ وہ خودکشی کرنے پر مجبور ہے۔انہوں نے کہا کہ کسان کی خودکشی کا یہ پہلا اور آخری معاملہ نہیں ہے، بلکہ مودی حکومت کی ناکامی کی وجہ سے ایسے واقعات لگاتار ہو رہے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ سب سے بڑی ستم ظریفی یہ ہے کہ اس سال مسٹر مودی کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے والے تھے،۔لیکن حقیقت یہ ہے کہ آج ملک کے کسان کی اوسط آمدنی فی کس 27 روپے یومیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی وزیر اعظم ہیں جن کی ضد اور تکبر کی وجہ سے کسان تحریک کے دوران 700 کسان ہلاک ہوگئے ۔ احتجاج کرنے والے کسان ایک سال تک سڑکوں پر بیٹھے رہے۔
اجمیر شریف جا رہے زائرین نے یوپی میں سڑک پر ادا کی نماز، وی ایچ پی کارکنان نے کیا ہنگامہ
کشمیر الیوم (مانیٹرنگ ڈیسک) : وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کے کارکنان نے اتر پردیش کے شاہجہانپور ضلع میں سڑک کے کنارے نماز ادا کرنے کے لیے مغربی بنگال کے مسلم زائرین کے ایک گروپ کو معافی مانگنے پر مجبور کیا۔
اس واقعے کی مبینہ ویڈیو کلپ میں کچھ لوگوں کو کان پکڑ کر، اٹھک بیٹھک کرتے اور معافی مانگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ آئی اے این ایس کے مطابق یہ واقعہ اس ہفتے کے شروع میں پیش آیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سڑک پر نماز ادا کرنے کی اطلاع ملتے ہی وی ایچ پی کارکنان موقع پر پہنچ کر ہنگامہ کرنے لگے۔ کارکنان نے مسلمانوں کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ وہ یوپی میں ہیں اور ایسی حرکت دوبارہ نہ کریں۔ بھگوا گمچھا پہنے لوگوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا حکم کہ سڑک پر نماز نہیں پڑھی جائے گی اور آپ لوگ سڑک پر نماز پڑھ رہے ہو! کارکنان نے کہا کہ آپ قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہو، تھانہ چلو! بعد میں انہوں نے نماز ادا کرنے والوں سے معافی بھی منگوائی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وی ایچ پی کے لوگ کہہ رہے ہیں کہ ’تم پورے ملک کو تباہ کر رہے ہو۔‘ ان سے سڑک پر اٹھک بیٹھک بھی لگوائی جا رہی ہے۔ نماز پرھنے والے لوگوں نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ نماز کہاں پڑھنی ہے۔ اس کے بعد وی ایچ پی کارکنان پولیس کو بلا لیتے ہیں۔ پولیس کے سامنے یہ ہندو کارکنان کہتے ہین ’’یہ باہر کے ملا لوگ ہیں، ان پر صحیح سے کارروائی کیجئے۔‘‘سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (شاہجہانپور) ایس آنند نے تصدیق کی ہے کہ مغربی بنگال سے کچھ لوگ بس کے ذریعے راجستھان جا رہے تھے، جو شاہجہانپور کے تلہر تھانہ علاقے کے تحت سڑک پر نماز پڑھتے پائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم زائرین پر چالان کیا گیا اور پھر انہیں آگے کے سفر پر روانہ کر دیا گیا۔
آنسوؤں سے کینسر کی تشخیص کرنے والے اسمارٹ لینس
کشمیر الیوم (مانیٹرنگ ڈیسک) :سائنس دانوں نے ایسے اسمارٹ لینسز ایجاد کیے ہیں جو آنسوؤں میں موجود کیمیکلز کی شناخت کر کے ابتدائی اسٹیج کے کینسر کی تشخیص کرسکتے ہیں۔اس آلے کی تخلیق سے متعدد اقسام کے امراض کی تشیخص کے لیے کم لاگت والے اسکرین پروگرامز کی ابتداء ہو سکتی ہے۔اس ٹیکنالوجی سے ایگزوسومز نامی ٹرانسپورٹرز کو پکڑتے ہیں۔ یہ باریک بلبلوں کے جیسے پیغام رساں ہمارے خون، لعاب، پیشاب اور آنسو کے خلیوں میں موجود ہوتے ہیں اور ان کی سطح پر بھرپور پروٹین ہوتے ہیں جن میں سے کچھ سرطان، وائرل انفیکشن یا زخم سے متاثر ہوتے ہیں۔یہ ایگزوسومز رسولیوں کو قابو کرنے، ان کے نمو پانے اور ان کو پھیلنے سے روکنے میں اثر انداز ہوسکتا ہے جو مزید مخصوص اور مؤثر علاج کے لیے امید کی کرنیں روشن کررہے ہیں۔علاج میں جلدی کینسر سے بچاؤ کی شرح میں ڈرامائی اضافہ کرتی ہے جبکہ ہر ماہ علاج کے بغیر اموات کی شرح 10 فی صد تک بڑھ جاتی ہے۔

امریکا کے ادارہ برائے بائیو میڈیکل اِنوویشن کے پروجیکٹ لیڈر پروفیسر علی خادم حسینی کا کہنا تھا کہ یہ لینس انسانی جسم میں موجود ایگزوسومز کی نشان دہی کر سکتا ہے۔ یہ لینس ان خلیوں میں پروٹینز کی سطحوں کے ظاہر سیان کے درمیان تفریق کر سکتے ہیں۔اس لینس میں مائیکرو چیمبرز میں اینٹی باڈیز ہیں جن سے ایگزوسومز جا کر چپک جاتے ہیں۔
گرمی اور خشک سالی سے 200 سال پرانا درخت پھٹ پڑا
کشمیر الیوم (مانیٹرنگ ڈیسک) : عالمی حدت اور خشک سالی کا ایک اور خوفناک نتیجہ امریکا میں اس وقت سامنے آیا کہ جب ایک 200 سالہ درخت مسلسل گرمی اور حدت کے باعث چٹخ گیا جسے درخت کا پھٹنا کہا جاسکتا ہے۔پورٹ لینڈ میں مسلسل سات روز سے ہیٹ ویو کا راج تھا اور درجہ حرارت 95 درجے فارن ہائٹ (35 درجے سینٹی گریڈ) رہا اور ایسٹ مورلینڈ کے علاقے میں خشک سالی بھی شدید تھی جس کی وجہ سے 200 سال قدیم شاہ بلوط کا درخت خشکی سے پھٹ پڑا اور بجلی کے تار متاثر ہونے سے بجلی کا سلسلہ منقطع ہوگیا۔

درخت سے شاخ کا ایک موٹا ٹکڑا گرگیا جس کا وزن 30 ہزار پونڈ بتایا جارہا ہے۔ تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی زخمی ہوا ہے۔ تاہم لوگ حیران ہیں کیونکہ یہ ایک تندرست درخت تھا اور تاریخی اہمیت کی بنا پر اس کا خیال بھی رکھا جارہا تھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق پورٹ لینڈ کی تاریخ کی یہ سب سے شدید گرمی کی لہر تھی جو مسلسل سات روز تک جاری رہی تھی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گرمی کی شدید لہر انسانوں کے ساتھ ساتھ شجر کے لیے بھی تباہ کن ہوسکتی ہے۔درختوں کے ایک ممتاز ماہر مائیکل جولِف نے تصدیق کی ہے کہ گرمی کی وجہ سے درخت تباہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق شدید حرارت نے درخت کے اندرونی ساخت کو بہت متاثر کیا۔ درخت کے ٹشو (بافتوں) میں گیس جمع ہوگئی اور ان کے زور سے وہ دھماکے سے پھٹ گیا۔ اگرچہ یہ ایک کمیاب واقعہ ہے لیکن ایسا ہونا عین ممکن ہے۔دوسری جانب درخت کے ٹھوس وجود اور وزن کو بھی اس کا ذمے دار ٹھہرایا گیا ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر کے درخت گرمی سے اسی صورتحال سے گزرسکتے ہیں
انگور کھانے سے عمر دراز ہوتی ہے
کشمیر الیوم (مانیٹرنگ ڈیسک) صحت مندانہ طرزِ زندگی بڑی حد تک انسان کو دائمی امراض سے بچانے میں مدد گار ثابت ہوسکتا ہے۔ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ غذا میں تقریباً دو پیالی انگوروں کا استعمال جگر پر موجود چکنائی کو کم کرکے انسان کی عمر دراز کرتا ہے۔انگور کے استعمال کے فوائد جاننے کے لیے چوہوں کو چکنائی سے بھرپور غذا کھلائی گئی اور ساتھ ہی روزانہ انگور کا سفوف دیا گیا جس کے نتیجے میں چوہوں کے جگر پر چربی کم ہوگئی اور وہ دیگر چوہوں کے مقابلے زیادہ عرصے تک زندہ رہے۔دراصل، چکنائی سے بھرپور غذائوں کے ساتھ اگر انگوروں کا استعمال بھی کیا جائے تو اینٹی آکسیڈنٹ جینز کی سطح میں اضافہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے قدرتی موت جلدی نہیں آتی۔

سیریز جرنل فوڈ میں شائع ہونے والی یہ تحقیق ویسٹرن نیو انگلینڈ یونیورسٹی کالج آف فارمیسی اینڈ ہیلتھ سائنسز کے ڈین جان پیزوٹو کی رہنمائی میں کی گئی اس تحقیق میں اس بات کا تعین کیا گیا کہ چکنائی سے بھرپور مغربی غذا کے اثرات کا مقابلہ انگور کرسکتے ہیں یا نہیں۔پروفیسر ڈین جان پیزوٹو کا کہنا ہے کہ تحقیق میں سامنے آنے والی تبدیلی کا تعلق انسان کی 4 سے 5 سال کی زندگی میں اضافے سے ہوگا۔
افغانستان میں ٹک ٹاک اور پب جی پر پابندی عائد
کشمیر الیوم (مانیٹرنگ ڈیسک) : طالبان نے افغانستان میں23 ملین سے زائد ویب سائٹس بلاک کرنے کے بعد ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک اور مقبول گیم پب جی پر پابندی عائد کر دی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹک ٹاک اور پب جی پر پابندی کا فیصلہ طالبان رہنما کے سکیورٹی سیکٹر کے نمائندوں اور شرعی قانون نافذ کرنے والی انتظامیہ کے ساتھ اجلاس میں لیا گیا۔

طالبان نے افغانستان کے ٹیلی کمیونیکیشن اور انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں کو سخت ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر گائیڈ لائنز پر عمل کریں۔ٹک ٹاک اور پب جی پر 90 روز کے اندر پابندی عائد کی جائے گی۔خیال رہے کہ اس سے قبل طالبان حکومت نے غیر اخلاقی مواد شیئر کرنے والی 23 ملین سے زائد ویب سائٹس پر پابندی لگانے کا اعلان کیا تھا۔گزشتہ سال طالبان حکومت نے نائیوں پر داڑھی منڈنے یا تراشنے پر پابندی عائد کی تھی اور ان کا کہنا تھا کہ یہ اسلامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
چینی مشن نے چاند کے نمونوں میں پانی کی بڑی مقدار دریافت کرلی
کشمیر الیوم (مانیٹرنگ ڈیسک) :چین کے چھانگ ای 5 تحقیقی مشن کے ذریعے زمین پر واپس لائے گئے چاند کے نمونوں کے تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ چاند کی سطح پر موجود معدنیات میں شمسی ہوا سے حاصل ہونے والے پانی کی مقدار زیادہ ہے۔
چین کی اکیڈمی آف سائنسز کے ماتحت ادارے، انسٹی ٹیوٹ آف جیو کیمسٹری کے محققین کو چاند کی مٹی کے نمونوں میں پانی کی ایک بڑی مقدار ملی، جس کا تخمینہ کم از کم 170 حصے فی 10لاکھ ہے، جو کہ چاند کی مٹی کے فی ٹن میں 170 گرام پانی کے برابر ہے۔

یہ تحقیق، جو اس ماہ کے شروع میں جریدے نیچر کمیونیکیشنز میں شائع ہوئی تھی، ظاہر کرتی ہے کہ چاند کے معدنیات میں پانی کے اہم ذخائر موجود ہیں۔ جنوری میں، چینی محققین کے ایک گروپ نے پہلی بار چھانگ ای 5 کے ذریعے لائے گئے چاند کے نمونوں میں پانی کی موجودگی کی تصدیق کی تھی۔
جون میں، ایک اور چینی ٹیم نے دعوی کیا تھا کہ چھانگ ای 5 نے لینڈنگ سائٹ پر ہائیڈروکسیل کی شکل میں پانی کی علامات کا پتہ لگایا تھا، لیکن نمونوں میں پانی کی مجموعی مقدار نسبتاََ کم تھی۔
اقوام متحدہ کا پاکستان میں دنیا کی سب بڑی گلیشیئر میپنگ کروانے کا فیصلہ
کشمیر الیوم (مانیٹرنگ ڈیسک) : اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان کے شمال میں موجود 5 ہزار گلیشیئرز کی میپنگ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اقوام متحدہ کے اس سروے کے ذریعے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور اس کے نتیجے میں گلیشیئرز کے پگھلنے کی رفتار معلوم کرکے ایک ایسا نظام بنانے کی کوشش کی جائیگی جس سے مستقبل میں موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں ہونے والے تباہی سے بچا ممکن بن سکے اور سیلاب جیسی آفتوں کے حوالے سے پیشگی انتباہ جاری کیا جا سکے۔

٭٭٭