علی کے مکتب میں علی والے

مادی پیمانوں سے ماورا ہو کر روحانی مظہر بن جاتے ہیں

سید علی شاہ گیلانیؒ سے سید علی خامنہ ایؒ تک ۔۔۔کہانی ایک ہی ہے

علی لاریجانی اور دیگر عسکری قائدین کی شہادت کے باوجود ایران کا دفاع مضبوط رہا

رضا پہلوی کی رجیم چینج کی کوششیں ناکام اور عوامی تائید سے خالی رہیں

ڈونلڈ ٹرمپ کے متنازع بیانات نے ایران کو مزید قوت اور عالمی بیانیہ دیا

تل ابیب میں ایران کے جوابی وار سے اسرائیل اور مغربی طاقتیں خوفزدہ ہو گئیں

ایران کی فتح نے نیو ورلڈ آرڈر کی تمہید اور عالمی طاقتوں کے توازن کو بدل دیا

سید عمر اویس گردیزی

از بس کہ افلاکِ سیاست کے افقِ بے کراں پر انقلابات آتشیں کے شعلے رقصاں ہیں اور کرۂ ارض کے مشرقی آستانوں میں اضطرابِ ہستی کی دھندلی پرتیں مسلسل گہری ہوتی جا رہی ہیں، یوں محسوس ہوتا ہے گویا زمان و مکاں کی باہم پیچیدہ گرہیں کسی مہیب انکشاف کے دہانے پر آ کھڑی ہوئی ہوں۔ یہ ماجرا محض نزاع حدود و قیود نہیں، بلکہ تصادم نظریات، تلاطمِ اقتدار اور تصارُعِ تہذیبی خودی کا ایک ایسا طلسماتی منظرنامہ ہے جس میں ہر سمت سے اٹھنے والی صدائیں ایک ہمہ گیر ہنگامۂ کائنات کا پتہ دیتی ہیں۔ درحقیقت یہ کشاکشِ نادیدہ قوتیں اور یہ تصادمِ اراداتِ متضاد، محض عسکری محاذ آرائی کی سطحی تعبیر سے ماورا ایک عمیق تر معنویت کے حامل ہیں؛ جہاں اقتدار کی ہوسِ بے مہار، تاریخ کے اوراق پر لہو سے رقم ہونے والے ابواب کو از سرِ نو ترتیب دینے کے درپے ہے۔ اس مہیب افق کے پس منظر میں وہ تمام عناصر، جو کبھی محض سیاسی بیانیے سمجھے جاتے تھے، اب ایک ہمہ گیر داستان عبرت میں ڈھلتے جا رہے ہیں، جہاں ہر کردار اپنے اپنے مقدر کی زنجیروں میں جکڑا، ایک ناگزیر انجام کی جانب محوسفر ہے۔

مشرق اوسط کے اقلیم ملتهب میں جمہوریۂ ایران ریاستِ اسرائیل اور متحدہ ریاست ہائے امریکہ کے مابین کشاکشِ مستمر مدت مدیدہ سے جاری و ساری تھی، لیکن ایّامِ قریبہ میں اس نے صورت حربِ عریاں اختیار کر کے افقِ زمانہ کو مضطرب و متزلزل کر دیا۔ اسرائیلی و امریکی افواج کی جانب سے ایران کے مراکزِ جوہری و عسکری پر ہدفی یورشوں اور قصفِ مسلسل نے اس خطۂ ارض کو شعلہ فشاں دہکتے الاؤ میں تبدیل کر دیا۔ تنصیبات کلیدی، مراکزدفاعی اور مقاماتِ نہایت حساس پر وارد ہونے والے یہ ضربات نہ صرف ایران کے لیے موجبِ خسران و ابتلا ٹھہرے بلکہ پورے خطے کو خوفِ مہیب اور عدمِ یقین کی دبیز چادر میں ملفوف کر گئے۔
ایران نے ان یورشوں کے تعاقب میں جوابی فعلیتِ غیر معمولی کا مظاہرہ کیا، جس نے معادلاتِ قویٰ کو ارتعاش میں مبتلا کر دیا۔ تل ابیب سمیت اسرائیل کے امہاتُ المدن پر میزائیلوںکی بارش نے نظامِ دفاعیِ اسرائیل کو کڑی آزمائش میں ڈال دیا۔ متعدد مقامات پر تباہی و بربادی کی وہ ہیبت ناک تصاویر و تقاریر منصۂ شہود پر آئیں جنہوں نے اس امر کا اشارہ دیا کہ معرکہ اب یک رُخی نہ رہا، بلکہ ایران نے توازن اقتدار کو مبدل کرنے کی سعیِ پیہم اختیار کر لی ہے۔ اس ردِّعملِ آتشیں کو حامیانِ ایران، مظلومانِ غزہ کے انتقام کی تمثیل قرار دیتے ہیں۔ ادھر خود ایران کے اندرونِ ملک بھی نقصانات جاں گداز کی اطلاعات موصول ہوئیں، جہاں شخصیات عسکریہ اور عوامی عناصر کی ہلاکتیں موجبِ حزن و الم بنیں۔ ایران نے ان شہادات کو استعارۂ مزاحمت میں ڈھال کر ایک ایسا بیانیۂ مستحکم ترتیب دیا جس میں یہ جنگ محض تحدیدِ جغرافیہ نہیں بلکہ صیانتِ عزت، تحفظِ خودمختاری اور بقا کےنظریہ کی معرکہ آرائی قرار پائی۔ یہی سبب ہے کہ شدید تر دباؤ اور محاصرات کے باوجود ایران پسپائی کی بجائے ثبات و استقامت کا پیکر دکھائی دیتا ہے۔ یہ اضطرابِ خطہ صرف ایران و اسرائیل تک محدود نہ رہا بلکہ مشرقِ اوسط میں قائم امریکی اڈے بھی اس آتشِ نزاع کی لپیٹ میں آ گئے، جس کے نتیجے میں امریکہ کو اپنی عسکری موجودگی پر تجدیدِ نظر کی ناگزیریت کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی اثنا میں بعض ممالکِ عربیہ کی جانب سے امریکہ کو تسہیل و اعانت فراہم کیے جانے پر شدید نقد و جرح بھی منظرِ عام پر آئی، اور ایک مکتبۂ فکر نے یہ استفسار اٹھایا کہ اگر کسی سرزمین کو دوسرے ملک پر قصف و یورش کے لیے مستعمل کیا جائے تو ردِّعمل ایک امرِ فطری و ناگزیر ٹھہرتا ہے۔ سیاسی و عوامی بیانیات کے افق پر بھی ایک بین الانقسام کیفیت جلوہ گر ہوئی؛ کچھ طبقات نے اسے جراتِ ایمانی اور مزاحمتِ ایران کا استعارہ قرار دیا، جب کہ دیگر نے اسے ایک مہلک و مہیب جنگ گردانا جو عالمِ اسلام کو مزید ضعف و انتشار میں مبتلا کر سکتی ہے۔ تفرقۂ مسالک، جغرافیائی سیاست کی پیچیدگیاں اور قوتوں کی عالمی مداخلت نے اس نزاع کو مزید پرپیچ بنا دیا ہے۔ اہم امر یہ ہے کہ تا ہنوز کوئی مستند و معتبر عالمی تصدیق اس امر کی موجود نہیں کہ یہ جنگ قطعی طور پر کسی ایک فریق کے حق میں منتج ہو چکی ہو یا کسی عالمی قائد نے صریحاً شکست کا اعتراف کیا ہو۔
اکثر ممالکِ عالمِ اسلام نے اس نزاعِ مہیب میں اظہارِ جانب داریِ صریح سے احتراز کرتے ہوئے ایک نہایت محتاط و مدبّرانہ طرزِ سفارت اختیار کیا، جس میں توازنِ اقوال و افعال کو ملحوظ رکھتے ہوئے کسی ایک فریق کی علانیہ تائید سے گریز برتا گیا۔ مملکتِ سعودی عرب اور دیگر ریاستہائے خلیج پر یہ الزام عائد کیا جاتا رہا کہ انہوں نے ریاستہائے متحدہ امریکہ کو خطۂ مذکور میں سہولیاتِ حربی و اعانتِ لاجسٹک فراہم کیں، خصوصاً اڈہ جاتی رسائی اور عسکری معاونت کے ضمن میں ناقدینِ فکر اس امر پر مصر رہے کہ اگر کسی ارضِ مسلم کو کسی دوسرے ملکِ مسلم کے خلاف موردِ استعمال بنایا جائے تو ردِّعمل کا ظہور ایک امرِ فطری و لازمی قرار پاتا ہے۔ ریاستِ ترکیہ نے نسبتاً معتدل، متوازن اور محتاط حکمتِ عملی اختیار کرتے ہوئے ایک جانب قضیۂ فلسطین و غزہ کے حق میں صدائے احتجاج بلند رکھی، تو دوسری جانب براہِ راست معرکہ آرائی میں مداخلت سے احتراز کیا۔ اس نے سطحِ سفارت پر تخفیفِ تناؤ کی سعی کرتے ہوئے خود کو ایک ممکنہ ثالث و مصالحت کار کے قالب میں پیش کیا۔ مملکتِ پاکستان نے بھی ایک نہایت دقیق و اصولی موقف اپنایا، جہاں سرکاری بیانیے میں قیامِ امن، صیانتِ خودمختاری اور اتحادِ ملتِ اسلامیہ پر زور دیا گیا، جب کہ عوامی سطح پر ایران و فلسطین کے حق میں جذباتِ حمیت نمایاں رہے۔ تاہم پاکستان نے کسی بھی براہِ راست عسکری تصادم میں ملوث ہونے سے احتراز کیا، کیونکہ اسے درپیش داخلی و سرحدی معضلات بھی کم نہ تھے۔
پاکستان و افغانستان کے مابین کشیدگی نے اس تمام تر منظرنامے کو مزید حساس و پیچیدہ بنا دیا۔ سرحدی تصادمات، وارداتِ دہشت گردی اور فقدانِ اعتمادِ باہمی نے پاکستان کو ایک جداگانہ محاذ پر الجھا دیا، جہاں اسے ہمہ وقت چوکسی و استحکام درکار رہا۔ بعض اصحابِ تجزیہ اس صورت حال کو ایک حکمتِ عملی سے بھی منسوب کرتے ہیں، جس کے تحت کسی ریاست کو ثانوی محاذ پر مصروف رکھ کر اس کے کردار کو بڑے تنازعات میں محدود کر دیا جاتا ہے۔ یوں پاکستان کے لیے ایک نہایت کٹھن توازن قائم رکھنا ناگزیر ہوا، مشرقِ اوسط کی ہیبت ناک صورتحال پر نظر بھی اور مغربی سرحد کی صیانت بھی۔
آبنائے ہرمز کے حوالہ سے ایران کی جانب سے انسداد یا تحدیدِ گزرگاہ کی دھمکی و اشارات نے عالمی معیشت کو ارتعاش میں مبتلا کر دیا۔ یہ آبی گزرگاہ، جو شریانِ تیلِ عالم سمجھی جاتی ہے، اس کی بندش عالمی اقتصادیات کے لیے زلزلہ خیز نتائج کی حامل ہو سکتی ہے۔ ایران نے اس عنصر کو ایک تزویراتی ہتھیار کے طور پر برتتے ہوئے یہ پیغام دیا کہ اگر اس پر جبر و دباؤ میں اضافہ کیا گیا تو وہ عالمی سطح پر بھی اثر انداز ہونے کی قدرت رکھتا ہے۔ اس صورتحال نے امریکہ اور اس کے حلیفان کو ایک نہایت نازک و پیچیدہ چیلنج سے دوچار کر دیا۔

ایران نے اپنے محدود وسائل کے باوجود جس انداز میں ردِّعمل کا اظہار کیا، اس نے معادلۂ قوت کو ارتعاش میں ڈال دیا۔ اسرائیلی حدود میں حملہ آور ہونا، امریکی مفادات کو نشانہ بنانا، اور خطے میں اپنی فعّال موجودگی کو برقرار رکھنا، یہ سب اس امر کی غمازی کرتے ہیں کہ ایران محض مدافعتی نہیں بلکہ تعرضی صلاحیتوں کا بھی حامل ہے، حامیانِ ایران کے نزدیک اس نے اسرائیل کو زک پہنچانے کے ساتھ امریکہ کو بھی ایک پیچیدہ مخمصے میں ڈال دیا، جب کہ ناقدین کے نزدیک یہ نزاع ابھی مرحلۂ فیصلہ تک نہیں پہنچا اور کسی حتمی فتح کا اعلان قبل از وقت ہے۔ یہ نزاع ایک اور حقیقت کو بھی منکشف کرتا ہے، یعنی امتِ مسلمہ کی داخلی تفریق۔ بعض ممالک نے مغربی اتحاد سے روابط کو ترجیح دی، کچھ نے غیر جانبداری کا لبادہ اوڑھا، اور کچھ عوامی سطح پر ایران یا فلسطین کے حامی دکھائی دیے۔ اس تمام تر کیفیت نے یہ بنیادی سوال اٹھایا کہ آیا عالمِ اسلام کسی مشترکہ و متفقہ موقف پر مجتمع ہو سکتا ہے یا نہیں۔ تفرقۂ مسالک (شیعہ و سنی) کو بھی اس پس منظر میں موضوعِ بحث بنایا گیا، تاہم اکثر اربابِ بصیرت اس امر پر متفق دکھائی دیتے ہیں کہ اصل قضیہ جغرافیائی سیاست، توازنِ قوت اور عالمی مفادات کا ہے، نہ کہ محض مسلکی اختلافات کا۔
مجموعی طور پر یہ صورتحال ایک نہایت پیچیدہ جیوپولیٹیکل شطرنج کی عکاس ہے، جہاں ہر ریاست اپنے مفادات کے تابع چالیں چل رہی ہے۔ ایران نے مزاحمتی حکمتِ عملی اور تزویراتی دباؤ کے ذریعے خود کو ایک مؤثر فریق کے طور پر منوایا، جب کہ امریکہ و اسرائیل کو بھی متعدد محاذوں پر چیلنجز درپیش آئے۔ تاہم یہ کہنا کہ یہ جنگ کسی ایک فریق کے حق میں قطعی انجام کو پہنچ چکی ہے، ہنوز قبل از وقت ہے؛ البتہ اس نزاع نے عالمی توازنِ قوت، وحدتِ عالمِ اسلام اور مستقبلِ خطہ کے حوالے سے نہایت گہرے سوالات کو جنم دے دیا ہے۔ ابھی حال ہی میں سینئرصحافی حامد میر صاحب کا ایک مضمون نظر سے گزرا ” علی سے علی تک” یہ کالم محض ایک بیانیہ نہیں بلکہ ایک فکری تمثیل ہے، ایک ایسا استعاراتی مرقع جس میں تاریخ، عقیدہ، قیادت اور مزاحمت کی روح ایک دوسرے میں یوں مدغم ہو جاتی ہے جیسے وقت کے صحیفے پر خونِ شہداء سے لکھی گئی کوئی ابدی تحریر۔ حامد میر نے جس انداز میں اس مکالمے کو پیش کیا، وہ دراصل واقعہ کم اور ایک نظریاتی اعلامیہ زیادہ محسوس ہوتا ہے، ایسا اعلامیہ جو یہ باور کرواتا ہے کہ قیادت فقط حکمتِ عملی کا نام نہیں بلکہ اپنے نظریے پر کامل استقامت کا دوسرا نام ہے۔ اس داستان میں علی لاریجانی اور علی خامنہ ای کا مکالمہ دراصل دو افراد کے درمیان گفتگو نہیں بلکہ دو ادوار، دو زاویہ ہائے فکر اور دو طرزِ قیادت کا تقابل ہے۔ ایک طرف بقاء کی تدبیر ہے اور دوسری جانب بقاء سے بالاتر ہو کر بقا کےنظریہ کا عزم۔ یہی وہ مقام ہے جہاں کربلا کا استعارہ محض تاریخ نہیں رہتا بلکہ ایک زندہ و جاوید فلسفہ بن کر سامنے آتا ہے، وہ فلسفہ جس میں ’’شہادت‘‘ شکست نہیں بلکہ ابدی فتح کی تمہید ہوتی ہے۔ یہی رمز ہمیں مقبوضہ کشمیر کی سنگلاخ وادیوں میں بھی نظر آتی ہے، جہاں بھارتی جبر و استبداد کے بالمقابل جس مردِ درویش نے استقامت کا علم بلند کیا، وہ سید علی شاہ گیلانی ؒ تھے۔ وہ بھی ’’علی ‘‘تھے، نام میں بھی، مزاج میں بھی، اور جرأت ایمانی میں بھی۔ انہوں نے کشمیر کے مظلوم عوام کو وہی درس دیا جو کربلا نے امت کو دیا تھا: کہ قلتِ تعداد کبھی معیارِ حق نہیں ہوتی بلکہ حق کا معیار اس پر قائم رہنے کی جرأت ہے۔ سید علی شاہ گیلانی ؒ مرحوم نے جس استقلال کے ساتھ سامراجی قوتوں کو للکارا، وہ دراصل مکتبِ علی المرتضیٰ کا فیضان تھا۔ وہ جانتے تھے کہ جنگِ خیبر صرف ایک تاریخی معرکہ نہیں بلکہ ایک دائمی استعارہ ہے، ایک ایسا استعارہ جو یہ پیغام دیتا ہے کہ ’’علی والے‘‘اگرچہ تعداد میں قلیل ہوں، مگر حوصلے، یقین اور غیرت میں ہمیشہ غالب رہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ خیبر شکن کے ماننے والے کبھی شکست کو حتمی نہیں مانتے بلکہ اسے ایک نئے عروج کا پیش خیمہ سمجھتے ہیں۔ ایران، اسرائیل اور امریکہ کے حالیہ تناظر میں بھی یہی کیفیت جلوہ گر نظر آتی ہے۔ امریکہ کا جنگ بندی کا اعلان دراصل اس کی اس نفسیاتی شکست کا مظہر تھا جسے ایران نے مسترد کر کے واضح کر دیا کہ یہ کوئی روایتی جنگ نہیں بلکہ ایک نظریاتی تصادم ہے، ایسا تصادم جس میں یا تو فتح ہوتی ہے یا پھر شہادت، اور دونوں صورتیں کامیابی ہی کے مترادف ہیں۔ اصولی طور پر ایران اس جنگ کو اسی لمحے جیت گیا تھا جب اس نے خوف کے بیانیے کو رد کر کے مزاحمت کا پرچم بلند رکھا۔ سینئرصحافی و کالم نگار ، اینکر پرسن حامد میر کے اس کالم کا سب سے گہرا پہلو یہی ہے کہ یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قیادت اگر خوف کے سائے میں پناہ ڈھونڈنے لگے تو قومیں بھی بکھر جاتی ہیں، لیکن جب قیادت خود کو میدانِ آزمائش میں پیش کر دے تو قومیں تاریخ رقم کرتی ہیں۔ یہی وہ فلسفہ ہے جو کربلا سے لے کر کشمیر تک اور تہران سے لے کر ہر مظلوم خطے تک ایک ہی صدا میں گونجتا ہے، کہ حق کے علمبردار کبھی مٹتے نہیں، وہ یا تو فتح لکھتے ہیں یا پھر اپنی شہادت سے تاریخ کو زندہ کر دیتے ہیں۔

بنیادِ مزاحمتِ ایران از ابتدا ہی مفہومِ ایثار و استشہاد پر مرتکز رہی ہے، جہاں رہبرِ معظم، آیت اللہ سید علی خامنہ ای، محض منصبِ قیادت کے حامل نہ رہے بلکہ اپنے خانوادۂ نسب کے لخت ہائے جگر کو بھی راہِ فدا میں پیش کرنے کی تمثیل بنے۔ مخالف قوتوں کا گمان تھا کہ قرابتِ خاندانی کو نشانہ بنا کر عزمِ قیادت میں رخنہ اندازی ممکن ہوگی، مگر تواریخِ معاصر شاہد ہیں کہ ان واقعاتِ جاں گداز نےقیادت کو مزید ہمت و حوصلہ عطا کیا۔ ان قربانیوں کو ایرانی بیانیہ بطورِ دلیلِ صداقت پیش کرتا ہے کہ قیادت محض ایوانی آسائشوں کی اسیر نہیں بلکہ اس کا لہو بھی اسی تراب میں جذب ہے جس کی صیانت اس کے فرائض میں شامل ہے۔
ایرانی بیانیے میں ان شخصیات کو استعارۂ استقامت کے طور پر پیش کیا جاتا ہے، جہاں ایک فرد کی عدم موجودگی کو اجتماعی عزم و حوصلہ سے پُر کیا جاتا ہے۔ اس تصور کے مطابق ہر گرتا ہوا پرچم
سدا ہاتھوں میں منتقل ہو کر مزاحمت کی شمع کو فروزاں رکھتا ہے اور قومی بیانیہ مزید راسخ و مستحکم ہو جاتا ہے۔ ایران کے جوابی اقدامات کو اس کے حامی حلقے ایک تزویراتی و نفسیاتی برتری کے مظہر کے طور پر تعبیر کرتے ہیں، خصوصاً جب اسرائیلی مراکز بشمول تل ابیب،پر حملوں کے دعوے سامنے آتے ہیں۔ اس بیانیے میں یہ تاثر ابھرتا ہے کہ عسکری برتری رکھنے کے باوجود مخالف قوتیں دباؤ کا شکار ہوئیں، جب کہ ناقدین اسے متنازعہ اطلاعات اور جزوی واقعات کا مجموعہ قرار دے کر محتاط تجزیہ پر زور دیتے ہیں۔ اسی تناظر میں امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سخت گیر و عجلت آمیز بیانات کو بعض حلقے ایسی سفارتی بے تدبیری گردانتے ہیں جس نے ایران کو کمزور کرنے کے بجائے اس کے بیانیے کو مزید تقویت بخشی۔ ایرانی عوام کے اندر جو جذبۂ استقامت، حمیت اور مزاحمت موجزن دکھائی دیتا ہے، وہ اس امر کا مظہر ہے کہ خارجی دباؤ اور داخلی صدمات کے باوجود قومی بیانیہ متزلزل ہونے کے بجائے مزید راسخ ہوتا جا رہا ہے۔ اسی سیاق میں سابق شاہِ ایران کے خانوادے سے منسوب شخصیت، رضا پہلوی، کی جانب سے مبینہ رجیم چینج کی مساعی کو بھی ایرانی ریاستی بیانیے میں ناکام و غیر مؤثر قرار دیا جاتا ہے، جسے عوامی سطح پر خاطر خواہ پذیرائی حاصل نہ ہو سکی۔ یہ زاویۂ نگاہ اس امر کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ خارجی دباؤ، داخلی یکجہتی کو مضمحل کرنے کے بجائے بعض اوقات اسے مزید مستحکم کر دیتا ہے، یوں ایران کو ایک ایسے فریق کے طور پر پیش کیا جاتا ہے جو مصائب و شدائد کے باوجود اپنی قوت و استقامت میں اضافہ کر رہا ہے۔ یہ تمام تر بیانیہ امتِ مسلمہ کی داخلی تفریق کو بھی آشکار کرتا ہے، جہاں بعض ریاستیں مغربی اتحاد سے قربت رکھتی ہیں، بعض غیر جانب داری کی راہ اختیار کرتی ہیں، اور بعض مزاحمتی بیانیے کی تائید میں جلوہ گر ہوتی ہیں۔ اس سے یہ سوال جنم لیتا ہے کہ آیا یہ نزاع محض جغرافیائی و سیاسی مفادات کا تصادم ہے یا اسے مذہبی قالب میں ڈھالنا مناسب ہے۔ اکثر اہلِ بصیرت اس امر پر متفق ہیں کہ اصل قضیہ توازنِ قوت، جیوپولیٹیکل مفادات اور عالمی حکمتِ عملیوں کا ہے، نہ کہ صرف مسلکی اختلافات کا۔ نیا عالمی تناظر اور معرکۂ تعبیرمجموعی طور پر یہ منظرنامہ ایک نہایت پیچیدہ تفاعلِ قوت، بیانیہ اور حقیقت کی آئینہ داری کرتا ہے، جہاں ہر دعویٰ اپنی ضد کے ساتھ موجود ہے۔ ایران کے حامی حلقے اسے ابھرتے ہوئے نئے عالمی نظام کی تمہید قرار دیتے ہیں، جب کہ معروضی تجزیہ اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ حتمی نتیجہ ہنوز پردۂ اخفا میں ہے۔ یوں یہ داستان ایک مسلسل ارتقائی مرحلے سے گزر رہی ہے، جس میں ہر نیا واقعہ ایک نئی تعبیر کو جنم دیتا ہے اور تاریخ کا دھارا ایک غیر متوقع سمت اختیار کرتا دکھائی دیتا ہے۔