مقبوضہ جموں کشمیر کے اکھنور علاقے میں مجاہدین کی بارودی کارروائی
ایک کیپٹن سمیت 2 بھارتی فوجی ہلاک ، دو شدید زخمی ،فوجی گاڑی تباہ
ضلع کولگام اورملحقہ علاقوں میں بڑے پیمانے پربھارتی افواج کے چھاپے۔۔۔ 500سے زائد عام شہری گرفتار
ہمایوں قیصر
17 جنوری 2025۔۔۔ ضلع کٹھوعہ کے علاقے بلاور میں بھارتی افواج نے بڑے پیمانے پرمحاصرے اور تلاشی کارروائی کے دوران تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کر کے زبردستی گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو ہراساں کردیا۔اس دوران بھارتی افواج نے گھر وں میں موجود سامان کی بھی توڑ پھوڑ کی۔
18 جنوری2025۔۔۔ضلع بارہمولہ کے پلہالن حیدربیگ علاقے میں ایک بھارتی فوجی سندیپ کمار کی اپنی سروس رائفل سے حادثاتی طور پرگولی چل پڑی جس کے نتیجے میں وہ موقعہ پر ہی ہلاک ہوگیا۔ ضلع ڈوڈہ کے گاؤںکلمال کے قریب محمد اسحاق نامی شخص کی لاش پولیس نے پُر اسرار حالت میں برآمد کرلی ۔ سرینگر کے علاقے بادامی باغ میں قائم بھارتی فوج کی چھاؤنی میں آتشزدگی کے ایک واقعے میں ایک غیر کشمیری باشندہ راجیش کمارہلاک ہو گیا ہے۔
19 جنوری2025۔۔۔بھارتی پنجاب کے علاقے کپورتھلہ میں شرپسندوں نے شال فروخت کرنے والے ایک کشمیری شخص محمد شفیع کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کے پاس موجود کشمیری شال اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔بھارتی پولیس نےضلع جموں میں ایک شخص عبدالمجیدساکن سنجوان کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتارکر لیا۔گرفتار شخص کوجموں کی امپھالہ ڈسٹرکٹ جیل میں نظربند کیاگیاہے۔ پولیس نے ان کی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لئے دعویٰ کیا کہ وہ امن وامان کے لیے سنگین خطرہ تھا۔
20 جنوری 2025 ۔۔۔ضلع بارہمولہ کے سوپورزالورہ گجرپٹی علاقے میںمجاہدین کے حملے میں ایک بھارتی فوجی ایس ڈبلیو آر پنگلاکارتھیک ہلاک ہوگیا ہے۔ ضلع کپواڑہ کے راگنی پوسٹ پر ڈیوٹی کے دوران ایک بھارتی فوجی اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلاکر اپنی زندگی کاخاتمہ کردیا۔
21 جنوری 2025 ۔۔۔ضلع پونچھ کےکرشنا گھاٹی سیکٹر میں گشت کے دوران ایک بھارتی فوجی کا پائوں غلطی سے بارودی سرنگ پر پڑگیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔
22 جنوری 2025 ۔۔۔ضلع کپواڑہ میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار اپنی سروس رائفل سے حادثاتی طور پر گولی چلنے سے ہلاک ہوگیا۔ضلع جموں کے علاقے جیول چوک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
27 جنوری 2025۔۔۔پولیس نےضلع سرینگر میں بڈشاہ پل کے قریب دریائے جہلم سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد کرلی ہے۔ضلع راجوری کے علاقے بدھل میں 13بچوں سمیت17 افراد کے جا ن بحق ہونے کے حوالے سے تحقیقات میں اس بات کو مسترد کیاگیا کہ اموات کی وجہ کوئی بیماری ہےبلکہ اس کے بجائے زہریلا پانی پینے سے ہوئی ہےجو بھارتی فوج کے قریبی کیمپ سے گائوں والوں کو فراہم کیا جاتا ہے ۔ ضلع پونچھ کے منڈی علاقےمیں سڑک کے ایک حادثے میں کم سے کم 4بھارتی فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔
28 جنوری 2025 ۔۔۔ بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے پیراملٹری اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ وادی کشمیر کے مختلف علاقوں سرینگر، بڈگام اور سوپور میں آزادی پسند کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔ چھاپوں کے دوران گھروں کی تلاشی کے دوران مکینوں کو ہراساں کیا اوران کے موبائل فونز اوراہم دستاویزات بھی ضبط کی گئیں۔ سرینگر کے علاقے جواہر نگر میں آتشزدگی کے ایک واقعے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہلال احمد زخمی ہو گیا۔
28 جنوری 2025۔۔۔بھارتی ریاست ہریانہ کے ضلع پلوال میں ہندوتوابلوائیوں کے حملے میں زخمی ہونیوالا28سالہ کشمیری نوجوان محمد یوسف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا ہے ۔یاد رہے ہندوتوابلوائیوں نے چند روز پہلےمویشیوں کی اسمگلنگ کے ایک جھوٹے الزام میں محمد یوسف اور اس کے ایک اور ساتھی کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میںدونوںافراد شدید زخمی ہو گئےاور انہیںتشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیاگیاتھا۔
30 جنوری 2025۔۔۔بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے مقبوضہ کشمیرکے ضلع اسلام آباد میں دو افراد ظفر حسین بٹ المعروف خورشید عالم اور غلام نبی المعروف عامر خان ساکن لیور سری گفوارہ کو طلب کیا ہے ۔ دونوں افراد کو کولگام تھانے میں کالے قانون ”یو اے پی اے “ کے تحت درج ایک جھوٹے مقدمے میں طلب کیا گیا ہےاوردھمکی دی گئی ہے کہ پیش نہ ہونے کی صورت میں انکی جائیداد ضبط کی جائےگی۔
31 جنوری2025 ۔۔۔ ضلع پونچھ کے علاقے کھاری کرمارہ میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں دو مجاہدین نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرلیاہے ۔
1 فروری 2025 ۔۔۔ضلع کٹھوعہ میںمحمد رفیق ساکن گھر مالتی سمیت تین افراد کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت حراست میں لے کر جموں کی جیلوں میں منتقل کیا گیا ہے ۔
2 فروری 2025 ۔۔۔ضلع اسلام آباد کے علاقے اچھہ بل میں ایک بھارتی فوجی اہلکار عابد حسین ساکن کھارچھتر گل لاپتہ ہوگیا۔ ضلع اکھنور میں بھارتی فوج کا ایک کیپٹن رودراپرتاپ سنگھ پراسرار طورپر ہلاک ہوگیاہے۔
3 فروری 2025 ۔۔۔ضلع کولگام کے بہی باغ کے علاقے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک سابقہ فوجی منظور احمد وگےکو ہلاک کردیا ،جبکہ ہلاک ہونے والے فوجی اہلکار کی بیوی اور بھتجی بھی اس حملے میں گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئیں ۔حملے کے بعدضلع کولگام اورملحقہ علاقوں میں بڑے پیمانے پربھارتی افواج نے چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے 500سے زائد عام شہریوں کو شک کی بنیاد پر پوچھ گچھ کے لئے گرفتار کرلیا ہے۔بھارتی افواج نے بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کا جواز پیش کرنے کے لیے گرفتارعام شہریوں پر مجاہد تنظیموں کے کارکن اورماضی میں بھارت دشمن اورآزادی پسند سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام لگایاہے۔
4 فروری 2025 ۔۔۔ضلع کولگام کے علاقے نیلو میںایک بھارتی فوجی اہلکاروشنو ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔
6 فروری 2025 ۔۔۔ ضلع بارہمولہ کے سنگرامہ چوک میں ایک ظالمانہ کارروائی کے دوران بھارتی فوج نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک کشمیری ٹرک ڈرائیور وسیم احمد میرشہید ہوگیا۔ جبکہ بھارتی پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے جموں خطے کے ضلع کٹھوعہ میں مکھن دین نامی ایک نوجوان کو دوران حراست تشدد کر کے شہید کردیا۔ یادرہےبھارتی افواج نے اس پر تحریک آزادی کا حامی ہونے کا الزام لگاکراسے حراست میں لیا اوردوران حراست بہیمانہ تشدد کر کے شہید کر دیا۔
7 فروری 2025 ۔۔۔ضلع پونچھ میں بھارتی فوج کے جونیئر کمیشنڈ آفیسر نے خودکشی کرلی ہے۔جے سی او نے ضلع کے علاقے مینڈھر میں کنٹرول لائن کےقریب ڈیوٹی کے دوران اپنی سروس رائفل سے گولی مار کر خودکشی کرلی۔ضلع پونچھ کے علاقے بٹل سیکٹر میں بارودی سرنگ کا ایک دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میںپانچ عام کشمیری شہید ہوگئے ہیں ۔دھماکہ ایک نوجوان کا پیر بارودی سرنگ پر پڑنے کے نتیجے میں ہوا ہے۔
9 فروری 2025۔۔۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی کے قافلے میں شامل ایک گاڑی کو ضلع بارہمولہ کے ہادی پورہ علاقے میں حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
11 فروری 2025 ۔۔۔ضلع راجوری کےنوشہرہ کے سرحدی علاقےکلال میں بھارتی فوج اور مجاہدین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک بھارتی فوجی شدید زخمی ہو گیاہے۔
ضلع ا کھنور سیکٹرکے علاقے لالیلی میں مجاہدین نے ایک کارروائی کے دوران بارودی سرنگ بچھا دی جس کاعین اس وقت دھماکہ کیا گیا جب بھارتی فوجی گاڑی جو گشت پرتھی وہاں سے گزر ی ۔دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ بھارتی فوجی گاڑی کے پرخچے اڑ گئے ۔اس دھماکے کےنتیجے میں بھارتی فوج کاایک کیپٹن کرمجیت سنگھ بخشی اور نائیک مکیش سنگھ منہاس موقعہ پر ہی ہلاک ہوگئےجبکہ متعدد اہلکار اس کارروئی کے دوران زخمی ہوئے۔
14 فروری 2025۔۔۔ ضلع جموں کے اکھنور سیکٹر میںکنٹرول لائن پر فائرنگ کے ایک پراسرار واقعے میں ایک بھارتی فوجی زخمی ہوگیاہے۔ فائرنگ کا واقعہ ضلع جموں کے اکھنور سیکٹر میں پیش آیا۔بھارتی حکام نے بتایا کہ زخمی ہونے والا فوجی بٹل سیکٹر کے علاقے میں ایک چوکی پر تعینات تھا ۔ ضلع سرینگر کے بادامی باغ چھائونی میں ایک بھارتی فوجی ستیہ جیت کاندھول نےاپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلاکر خودکشی کرلی ۔اس واقعے کے بعدجنوری 2007سے لیکر اب تک مقبوضہ جموں و کشمیر میں خودکشی کرنے والےبھارتی فوجیوں اورپولیس اہلکاروں کی تعداد621ہوگئی ہے۔
13 فروری 2025 ۔۔۔پولیس نے ضلع کولگام کے موڈر گام میں مجاہدین کو پناہ دینے کے الزام میں صفدر علی ڈاررکاہائشی مکان کو یو اے پی ایکٹ کے تحت ضبط کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ مکان 6 جولائی 2024 میں ایک انکائونٹر کے دوران تباہ ہوا تھا اور اس میں ایک بھارتی فوجی ہلاک ہوگیا تھا جبکہ دو مجاہدین نے لڑتے ہوئے شہادت پائی تھی۔
15 فروری 2025 ۔۔۔ضلع بارہمولہ کےعلاقے میں بدنام زمانہ بھارتی ایجنسی این آئی اے نےکالے قانون ”یو اے پی اے“ کے تحت ایک اور کشمیری شہری کامکان، پولٹری فارم اور دو کنال اراضی پر مشتمل جائیداد ضبط کر لی ہے۔
بھارتی انتظامیہ نےملازمین کو برطرف کرنے کی مہم کو جاری رکھتے ہوئے مزید تین کشمیری مسلمان ملازمین کو ان کی نوکریوں سے برطرف کردیا ۔انتظامیہ نےایک جھوٹے مقدمے میں مقامی پولیس کانسٹیبل فردوس احمد بٹ، معلم محمد اشرف بٹ اور محکمہ جنگلات کے ملازم نثار احمد خان کو برطرف کردیاہے۔ برطرف ملازمین کوگرفتارکرنے کےبعدوادی کی مختلف جیلوں میں منتقل کیا گیا۔ بھارتی پولیس نے سرینگر میں کتب فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے 6 سوسے زائد دینی کتب ضبط کر لی ہیں۔ ضبط شدہ تصانیف میں جماعت اسلامی کے بانی ابوالاعلیٰ مودودیؒ، امین احسن اصلاحی ؒاور تحریک آزاد ی کشمیر کے معروف قائد شہید سید علی گیلانیؒ کی تصانیف شامل ہیں۔ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں جماعت اسلامی سمیت کئی آزادی پسند جماعتوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔