ہمایوں قیصر
مقبوضہ کشمیرکے ضلع کپواڑہ اور راجوری علاقے میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان خونریز معرکے
حزب المجاہدین کے برہان بریگیڈسے وابستہ مجاہد نعمان ضیا اللہ سمیت پانچ مجاہدین شہادت سے سرفراز
ایک میجر سمیت 8 بھارتی فوجی اہلکار ہلاک ،ایک آفیسر سمیت 7 اہلکارزخمی
مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میںبڑے پیمانے پر بھارتی فوج کے محاصرے اور تلاشی کارروائیاں جاری۔۔۔100 کے قریب عام شہری گرفتار
17 جولائی 2024۔۔۔ ضلع کشتواڑ کے مغل میدان علاقے میں بھارتی فوج کے ایک اہلکارایس جی رائو نے اپنی سروس رائفل سے خود پرگولی مارکر خودکشی کر لی ہے۔یاد رہے مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ سترہ عرسوں کے دوران 603بھارتی فوجی اہلکارخودکشی کرچکے ہیں ۔ بھارتی حکومت نے سری نگر میںیوم عاشور کے جلوس پر پابندی عائد کر دی جبکہ انتظامیہ نے سرینگر میں 8 محرم کے جلوس میں مظلوم فلسطینیوں کے حق میں اور جابر اسرائیل کے خلاف نعرے لگانے پردرجنوں نوجوانوں کو گرفتارکرلیا۔بھارتی پولیس نے ضلع بارہمولہ کے علاقے چندوسہ میں بشیر احمد نامی ایک نوجوان کو گھر پر چھاپے کے دوران گرفتار کر لیا۔ گرفتاری کے بعد نوجوان پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کر کے اسے سینٹرل جیل سرینگر منتقل کیا گیا۔
18 جولائی 2024۔۔۔ ضلع ڈوڈہ کے علاقے کاستی گڑھ میں مجاہدین نے ایک کارروائی کے دوران بھارتی فوج کی گشتی پارٹی پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد بھارتی فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔یاد رہے کہ جموں، ڈوڈہ، کشتواڑ، راجوری، پونچھ ، ادھموپور ، سانبہ اور ریاستی کے مختلف قصبوں اوردیہی علاقوں میں بھارتی فوج نے بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔قابض بھارتی فوج نے ان محاصروں کے دوران ایک درجن سے زائد نوجوان گرفتار کر لیے ہیں۔
18 جولائی 2024 ۔۔۔ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے میں ایک ظالمانہ کارروائی کے دوران بھارتی فوج نے ایک نوجوان عابد منظور کو حراست میںلیکر تشددکرکے شہیدکردیا۔بیگناہ نوجوان کے دوران حراست قتل پر پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں لوگوں نے سڑکوں پر آکر شدید احتجاجی مظاہرے کیے۔ بھارتی فوجی اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے گولیاں چلائیں اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے۔ضلع کپواڑہ کے کیرن سیکٹر میں ایک جھڑپ کے دوران بھارتی فوج نے دومجاہدین کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔مجاہدین اور بھارتی فوج کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں کئی بھارتی فوجی بھی زخمی ہوگئے۔
20 جولائی 2024۔۔۔ ضلع رام بن میں بھارتی پولیس نے ایک شخص غلام نبی ساکنہ بھیمڈاسا کو کالے قانوں پبلک سیفتی ایکٹ کے تحت گرفتار کرکے جموں دسٹرکٹ جیل میں بند کردیا ہے۔
بھارتی پولیس نے حریت رہنما مشتاق الاسلام کو سری نگر کے علاقے میں گرفتارکرنے کے بعد جیل منتقل کردیا ہے ۔مشتاق الاسلام کو چند برسوں پہلے ہی جیل سے رہا کردیاگیاتھا،یادرہے مشتاق الاسلام نے اسی کی دہائی سے اب تک کم ازکم پچیس برس بھارتی جیلوں میں گزارے ہیں۔ضلع جموں کے علاقے پوچگڑیان نکروٹہ میںایک بھارتی پولیس اہلکارجئے راج اپنی سروس رائفل سے حادثاتی طورپر گولی چلنے سے ہلاک ہو گیا۔ضلع سرینگر میں سی آرپی ایف کا ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔
22 جولائی 2024۔۔ سرینگر کے علاقے پانتھہ چوک کے قریب دریائے جہلم سے ایک غیر کشمیری کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
23 جولائی 2024 ۔۔۔ ضلع ادھم پور میں ایک لاپتہ نوجوان بائیس سالہ لیاقت علی کو مردہ پایا گیا۔لیاقت علی 17 جولائی سے لاپتہ تھا ۔ ضلع پونچھ کے علاقے بٹل میں مجاہدین نے ایک کارروائی کے دوران بھارتی فوج کی پیٹرولنگ پارٹی پر فائرنک کی جس کے نتیجے میںایک بھارتی فوجی سبھاش ہلاک ہوگیا جبکہ متعدد فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔ضلع راجوری کے علاقے گندھا میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں بھارتی فوج نے ایک مجاہد کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
24 جولائی 2024۔۔۔ بھارتی انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر میں مزید چار سرکاری ملازمین امتیاز احمد لون، مشتاق احمد پیر، محکمہ اسکول ایجوکیشن میں جونیئر اسسٹنٹ بازل احمد میر اور محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج کے ملازم محمد زید شاہ کو ان کی ملازمتوںسے برطرف کردیا ہے ۔ضلع کپواڑہ کے علاقے ترمخان لولاب میں بھارتی فوج نے ایک محاصرے کے دوران ایک مجاہد کو شہید کرنے کا دعویٰ کردیاہے ۔جھڑپ کے دوران بھارتی فوج کا ایک آفیسر شدید زخمی ہوگیا۔
24 جولائی 2024 ۔۔۔ ضلع جموں میں بھارتی تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے دو نوجوانوں ارشد احمد علی اور فیاض احمد ڈار کو ایک مقدمے میں گرفتار کرلیا۔
25جولائی 2024 ء۔۔۔ضلع کٹھوعہ کے کنڈی علاقے میں بھارتی فوج نے دونوجوانوں کو مجاہدین کے ساتھ کام کرنے کے الزام میں گرفتارکرلیا۔
26 جولائی 2024۔۔۔پولیس نے ضلع شوپیاں کے علاقے تلیالاں نالہ لارسے اکتالیس سالہ شخص منظور احمد میر کی لاش برآمد کرلی ہے۔
27 جولائی 2024۔۔۔ سرینگر کی جھیل ڈل کے علاقے شالیمار گھاٹ سے تین خواتین کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ ضلع کپواڑہ کے کمکڑی مژھل علاقے میںحزب المجاہدین سے وابستہ مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک خونی معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میںحزب المجاہدین کے برہان برگیڈسے وابستہ مجاہدنعمان ضیا اللہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرلیا ،جھڑپ کے دوران بھارتی فوج کے ایک میجر سمیت پانچ فوجی ہلاک جبکہ متعدد فوجی زخمی ہوئے۔ حزب المجاہدین کے آپریشنل چیف ابو عبیدہ نے مجاہد نعمان ضیا اللہ کو ان کی شہادت پرشاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
29 جولائی 2024۔۔۔ ضلع بارہمولہ میں ایک پراسرار دھماکے میں 4 افرادجاں بحق ہو گئے ہیں۔ ضلع کے علاقے سوپور کی شیر کالونی میں ہونیوالے دھماکے میں 2بچوں سمیت 4افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
30 جولائی 2024 ۔۔۔ضلع لداخ کے پان دراس علاقے میںمویشیوں کو گھاس چرانے کے دوران ایک پُرانا شل پھٹنے سے ایک نوجوان لڑکا احمدرضاولد فاروق احمد ساکن راجوری شہید ہوگیا۔
31 جولائی 2024۔۔۔ ضلع پونچھ میں بھارتی فوجیوں نے ایک نوجوان عبدالخلیل ساکن سرنکوٹ کو گرفتار کر لیا۔بھارتی فوج نے دعویٰ کیا کہ عبدالخلیل جدوجہد آزادی کا متحرک کارکن ہے۔
ضلع کولگام کے دیوسر علاقے میں گاڑی الٹنے سے 4 بھارتی فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔
2 اگست 2024۔۔۔ بھارتی حکومت رواں ماہ دو بٹالینز جو پندرہ سو اہلکاروں پر مشتمل ہیںکومقبوضہ کشمیر میں تعینات کیاہے۔یاد رہے آسام رائفلز کے یہ 1500 اہلکار اس سے پہلے شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور میں تعینات تھے ۔ بھارتی حکومت نے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنما کفایت رضوی کی سری نگرمیں غیر منقولہ جائیداد ضبط کر لی ہے۔ تحقیقاتی ادارے سٹیٹ انویسٹی ایجنسی نے سری نگر کے علاقے شریف آباد ایچ ایم ٹی میں کفایت رضوی کی ایک کنال اور تین مرلوں پر مشتمل اراضی ضبط کی ہے۔
3 اگست 2024۔۔۔ضلع کپواڑہ کے ٹنگڈار علاقے سے ایک بھارتی فوجی جی ڈی رام کمار نے اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلا کر خودکشی کرلی۔بھارتی انتظامیہ نے مزید چھ کشمیری ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کر دیا ہے۔ملازمین میں پانچ مقامی پولیس اہلکار اور ایک استاد شامل ہیں ۔ ضلع کولگام کے قاضی گنڈ لوئر منڈا میں ایک 25 سالہ نوجوان یاسر حامد کی لاش بر آمد کرلی گئی ہے ۔
5 اگست 2024۔۔۔ ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے میں بھارتی فوج نے تلاشی مہم کے دوران دو نوجوانوں زبیر احمد اور حجاز نذیر کو گرفتارکرلیا۔
6 اگست 2024۔۔۔ ضلع اسلام آباد کے علاقے حسن پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران بھارتی فوج نے تین عام شہریوں کوگرفتار کرلیا ہے ۔ گرفتارنوجوانوں کی شناخت دائود احمد، امتیاز احمد اور شاہد کے ناموںسے ہوئی ہے۔ بھارتی فوجیوں نے نوجوانوں کی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لیے ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیاہے۔ ضلع کپواڑہ میں ایک دھماکے میں 2 خواتین زخمی ہو گئی ہیں۔ علاقے گجرپتی میں بھارتی فوجی کیمپ کے قریب دھماکے میں ناہیدہ اختر اور افروزہ بیگم نامی دو خواتین زخمی ہو گئی ہیں۔ یہ دھماکہ کیمپ کے گرد بچھائی گئی بارودی سرنگ کا تھا جو خواتین کا پیر آنے سے پھٹ گئی۔ بارہمولہ کے علاقے ٹنگمرگ سے تعلق رکھنے والے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنمامیر سراج الدین المعروف دائود صاحب حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے۔
10 اگست 2024۔۔۔ ضلع رام بن کے علاقے میں بھارتی فوج کا ایک افسرسب انسپکٹر جی ڈی یالا نرسنگھا راؤ دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہو گیا۔ ضلع اسلام آباد کوکرناگ علاقے میں مجاہدین نے ایک کارروائی کے دوران بھارتی فوج پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو بھارتی فوجی لانس نائیک پروین شرما اور حوالدار دیپک کمار یادیو موقعہ پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ اس حملے میں چار بھارتی فوجی زخمی بھی ہوگئے۔بھارتی فوج نے ظالمانہ کارروائی کرتے ہوئے عام شہریوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا جس میں ایک عام شہری گولیاں لگنے سے شہید ہوگیاجبکہ دوسرا عام شہری زخمی ہوگیا۔
12 اگست2024 ۔۔۔ ضلع کپواڑہ کے علاقے میں ایک سڑک حادثے میں بھارتی فوج کا ایک حوالداردیپندرا کنداری ہلاک ہوگیا۔ ضلع پونچھ میں بھارتی پولیس کا ایک اہلکارمحمد آصف اپنی سروس رائفل سے حادثاتی طورپر گولی چلنے سے ہلاک ہو گیاہے۔
13 اگست2024 ۔۔۔بھارتی پولیس نے ضلع کٹھوعہ کے علاقوں امبے نال، بھدو، جوتھانہ، سوفین اور کٹل میں محاصرے تلاشی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران 8کشمیریوں کو گرفتار کرلیا ہے۔یاد رہے بھارتی فوج علاقے میں پچاس سے زیادہ عام شہریوں کو مجاہدین کے ساتھ روابط رکھنے کے الزام میں پہلے ہی گرفتارکرچکی ہے ۔
14 اگست 2024۔۔ضلع ڈوڈہ کے علاقے شیو گڑھ عصر میںبھارتی فوج کی ایک ظالمانہ کارروائی کے دوران بھارتی فوج نے عوام پر فائرنگ کی جس میں ایک عام شہری زخمی ہوگیا۔اس سے قبل علاقہ اکار کے جنگلاتی علاقے میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان بھی فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں بھارتی فوج کا ایک کیپٹن دیپک سنگھ ہلاک ہوگیا۔ سرینگر کے علاقے میں ایک سڑک حادثے میں ایک فوجی گاڑی ایک ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دو بھارتی فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔
15 اگست 2024۔۔۔ ضلع پونچھ کے ساوجیاں کے قریب منڈی میں ٹیکری پوسٹ پر ایک بارودی سرنگ کے دھماکے میں بھارتی فوج کا ایک حوالدار اندرجیت سنگھ اور دو پورٹرشکیل حسین اور نیرج چودھری زخمی ہو گئے ہیں۔