مجاہدین اور بھارتی افواج کے مابین خونی معرکے

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی پولیس کی ظالمانہ کارروائیاں ۔۔۔تین عام شہری حراست کے دوران شہید

بھارتی فوج اور این آئی اے کے مختلف علاقوں میں چھاپے۔۔۔ایک حریت پسند سمیت درجن سے زائدکشمیریوں کی جائیدادیں ضبط،درجنوں عام شہری گرفتار

ہمایوں قیصر

16 فروری 2025 ۔۔۔ضلع کولگام کے علاقے اشموجی بھا ن میں ایک خانہ بدوش خاندان کے تین افراد لاپتہ ہوگئے۔لاپتہ افراد کی شناخت ریاض احمد، شوکت احمد اور مختار احمد کےٍ ناموں سے ہوئی ہے ۔
17 فروری 2025۔۔۔ضلع کٹھوعہ کے بلاور علاقے کے بتھیری گائوں میں ایک ندی کے کنارے دو شہریوںروشن لال اور شمشیر کی لاشیںپراسرارطوربرآمد کی گئی ہیں ۔
18 فروری 2025۔۔۔ضلع شوپیاں کے علاقے کشوا چتراگام اورضلع پلوامہ میں ترال کے علاقے پنگلش میں بھارتی افواج نے محاصرے کے دوران شہریوں کو حراساں کیا جبکہ متعدد شہریوں کو گرفتارکیاگیا۔لداخ خطے کے ضلع کرگل کے علاقے میں ایک حادثے میں دوبھارتی فوجی افسر ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے فوجی افسروں کی شناخت صوبیدار سنتوش کمار اور نائب صوبیدار سنیل کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ ضلع ادھم پور میں بھارتی فوجی اہلکار پروین پاٹل نے ڈیوٹی کے دوران اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔پولیس نے جموں کے علاقے ناروال میں ضلع بارہمولہ سےتعلق رکھنے والے ایک شخص مدثر احمدکی لاش پُر اسرار طورپربرآمد کرلی ہے۔
19 فروری 2025 ۔۔۔ضلع را م بن کے علاقے میں بھارتی پولیس نےماورائے عدالت تشددکرکے ایک نوجوان محمد عابد کو حراست کے دوران شہید کردیاہے ۔ذرائع کے مطابق 27سالہ عابد کو پولیس نے گرفتارکیا اور لاک اپ میں شدید تشدد کا نشانہ بنایا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔جبکہ چند دن پہلے بھارتی پولیس نے اسی طرح کی کارروائی کرتے ہوئے ضلع کٹھوعہ کے علاقے ایک شہری مکھن دین کو دوران حراست تشدد کا نشانہ بنایا ،مکھن دین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔بھارتی افواج نے تحریک آزادی کو دبانے کے لیے جدید ’’کامیکاز‘‘ڈرونزکشمیر کے سرحدی علاقوں میں تعینات کردیے ہیں۔یہ خود کار فضائی آلات خاص طور پر کنٹرول لائن سے متصل علاقوں میں تعینات کیے جا رہے ہیں۔ یہ ڈرونز ہائی ریزولوشن کیمروں اور دھماکہ خیز پے لوڈز سے لیس ہیں ۔
20 فروری 2025۔۔۔ضلع بارہمولہ کے سوپور وارپورہ علاقے میں (این آئی اے) نے افروز احمد وار اور مقصود احمد وار ساکن وارہ پورہ کی جائیدادیں ضبط کرلیں ہیں۔جموںکے علاقے میں بھارتی پولیس نے مختلف محکموں میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ایک درجن ملازمین کوگرفتارکر لیا۔یادرہے ملازمین اپنے مطالبات کے حق میں جموں میں احتجاج کر رہے تھے۔ملازمین مولانا آزاد سٹیڈیم کے باہر مرکزی سڑک پر جمع ہوئے اورانتظامیہ کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے سول سیکرٹریٹ کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے ان پر دھاوا بول کر انہیں حراست میں لے لیا اور باقیوں کومنتشر ہونے پر مجبور کیا۔
21 فروری 2025۔۔۔ضلع پونچھ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک بھارتی فوجی زخمی ہو گیاہے۔ فوجی اہلکار کنٹرول لائن کے قریب فارورڈ پوسٹ تارکنڈی پر بارودی سرنگ پر غلطی سے قدم رکھنے کی وجہ سے دھماکے میں زخمی ہوا۔ جموں خطے میں موٹر سائیکل اور ایک گاڑی کے درمیان ٹکر کے نتیجے میں ایک پولیس کانسٹیبل من پریت سنگھ ہلاک ہوگیا ۔
22 فروری 2025۔۔۔ضلع پونچھ کےمینڈھر کرشنا گھاٹی سیکٹر میں بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں بھارتی فوجی دیپک کمار زخمی ہوگیا۔بھارتی پولیس نے انتظامیہ کے حکم پر کریک ڈاؤن کر کےسرینگر کے معروف تجارتی مرکز لال چوک میں ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے لگائے گئے اپنی دکانوں کے سامنےسائن بورڑ اکھاڑ کراپنے قبضے میں لے لیے ہیں ۔ سائن بورڑوں کے ذریعے وادی کشمیر کی سیاحت پر آنے والےبھارتی شہریوں سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ سرعام شراب اور منشیات کے استعمال سے گریز کریں۔ ضلع اسلام آباد میں ایک بھارتی مزدور پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا۔ مزدور کی نعش ضلع کے علاقے بجبہاڑہ کے گاؤں کانجی گنڈ سے برآمد ہوئی۔

24 فروری 2025۔۔۔مقبوضہ کشمیر کے سوپور علاقے سے تعلق رکھنے والا 36سالہ شخص شبیر احمد شاہ دہلی میں لاپتہ ہوگیا، شبیر احمد ایک چھوٹے سے کاروبار کے لیے سامان خریدنے کی غرض سےدہلی گیا تھا۔
25 فروری 2025۔۔۔ بھارتی پولیس نےمقبوضہ کشمیر کےضلع سرینگر میں قرآن پاک تقسیم کرنے پر تین خواتین کو گرفتارکرلیا۔بھارتی انتظامیہ نے ضلع کپواڑہ میں مزید دو کشمیریوں طاہر احمد پیر اور محمد رمضان گنائی ساکن قاضی آباد کی تین کنال اور بارہ مرلہ اراضی پر مشتمل جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔
28 فروری 2025۔۔۔بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں پولیس نے ایک کشمیری تاجر کوجھوٹے مقدمے میں گرفتار کر لیاہے۔ بھارتی پولیس کی ایجنسی (کائونٹر انٹیلی جنس کشمیر )نے سی آئی ڈی اور دلی پولیس کے ہمراہ ایک کارروائی کے دوران سرینگر کے علاقے بمنہ کے ایک معروف کشمیری تاجر پرویز احمد خان کو دلی کے ایک ہوٹل میں جھوٹے الزامات کے تحت گرفتار کیا۔کشمیری تاجر پر جموں وکشمیر کی آزادی کی حمایت اور آزاد کشمیر اور پاکستان میں حریت تنظیموں کے ساتھ روابط کا الزام عائد کیاگیا ہے۔ گرفتار پرویز احمد خان کو نئی دلی سے سرینگر جیل میں منتقل کیاگیا ہے ۔ بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع رام بن میں مزید5کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔ بھارتی پولیس نے ضلع کے علاقے گول میں سراج الدین، محمد اشرف، ریاض احمد، مشتاق احمد اور فاروق احمد کی جائیدادوں کو ضبط کیاہے۔
3 مارچ 2025۔۔۔ بھارتی پولیس نے این آئی اے کے ہمراہ ایک چھاپے کے دوران ضلع پونچھ کے علاقوں کیرنی اور قصبہ میں نجب الدین ولد محمدساکن کیرنی، محمد لطیف ولد محمدساکن کیرنی اور محمد بشیر المعروف ٹکا خان ولد بہادر علی ساکن قصبہ کی جائیدادیں ضبط کرلیںہیں۔بھارتی پولیس نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون( یواے پی اے) کے تحت ضلع شوپیاں ملہورا کے رہائشی الیاس احمد ڈارولد محمد شفیع ڈار کا دو منزلہ رہائشی مکان بھی ضبط کیا ہے ۔
4 مارچ 2025۔۔۔مقبوضہ کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں بھارتی افواج کا ایک اہلکار جتندرا دیوی داس ایک چیک پوسٹ پر ڈیوٹی کے دوران حرکت قلب بند ہونے سے ہلاک ہو گیاہے ۔
5مارچ 2025۔۔۔ضلع بارہمولہ کے اوڑی علاقے کے رام پورآرمی کیمپ میں ایک بھارتی فوجی اہلکاررام پرساد حادثاتی طور پراپنی ہی سروس رائفل سے نکلی ہوئی گولی سے ہلاک ہوگیا۔جبکہ ایک اور واقعہ میں اوڑی کے سلی کوٹ سرحدی علاقے میں ایک بھارتی فوجی اہلکارارن کمارگشت کے دوران مائن پر پائوں پڑنے سے ہلاک ہوگیا ۔ضلع کپواڑہ کے ہندواڑہ علاقے میں ایک ٹرک ڈرائیور مشرف علی ولد شہاب الدین ساکن کٹھوعہ جموںکو اپنی ہی گاڑی میں پُراسرار طور پر مردہ حالت میں پایا گیا۔
7 مارچ 2025 ۔۔۔ ضلع بڈگام کے مختلف علاقوں میں  بھارتی افواج نےمحاصرے کے دوران چھ کشمیری نوجوانوں ہلال احمد ڈار، اویس احمد خان ، سہیل احمد شیخ، عمر شفیع صوفی ، محمد عامر خان اور شاہد میر کو سوشل میڈیا پر آزادی کے حق میں بیانیے کو فروغ دینے کی پاداش میں گرفتار کر لیا ہے۔بھارتی بدنام زمانہ تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے بھارتی افواج کے ہمراہ ضلع بانڈی پورہ کے آلوسہ علاقےمیں حریت رہنماء محمد عبداللہ ملک اور دیگر کشمیریوں فاروق احمد گنائی، عبدالرشید ، سرفراز احمد، محمد انور میر اور محمد یوسف ترک کی تقریبا 2کروڑ81لاکھ روپے مالیت کی8 کنال سے زائد جائیدادیں ضبط کر لیں ہیں۔ یہ جائیدادیں ایک کالے قانون( یو اے پی اے) کے تحت ضبط کی گئی ہیں ۔
8 مارچ 2025 ۔۔۔ضلع بارہمولہ کے سوپور علاقےمیں بھارتی پولیس نے ارشاد احمد ریشی ساکن یمبرزلواری کی دو کنال اور پانچ مرلے پر مشتمل سیب کا باغ ضبط کردیا ہے جبکہ بشیر احمد ساکن ہرون کی بھی دوکنال پانچ مرلے پر مشتمل اراضی ضبط کرلی گئی ہے ۔
9 مارچ 2025۔۔۔بھارتی ریاست اتر پردیش میں پولیس نے تحریک آزادی کشمیر کا حامی ہونے کے الزام پر ایک کشمیری شخص الطاف حسین ساکن پونچھ کو گرفتار کر لیاہے۔
ضلع کٹھوعہ کے علاقے میں ایک آبشار کے قریب تین لاپتہ افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں ۔تینوں افرادبلاور میں شادی کی تقریب سے واپسی کے دوران لاپتہ ہوئے تھے۔سری لنکا کے ایک سابق کرکٹر کو متنازعہ علاقے میں سینکڑوں کنال اراضی الاٹ کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق سری لنکا کے کرکٹر متھیا مرلی دھرن کے’’ سیلون بیوریجز لمیٹڈ‘‘ کو کٹھوعہ میں آٹھ لاکھ روپے فی کنال معاوضے کے عوض 206کنال اراضی الاٹ کی گئی ہے۔
11 مارچ 2025۔۔۔مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی حکومت نے میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم عوامی ایکشن کمیٹی اور مسرور عباس انصاری کی سربراہی میں جموں و کشمیر اتحاد المسلمین پر کالے قانون کے تحت پانچ سال کے لیے پابندی لگا دی ہے۔ بھارتی حکومت نے الزام عائد کردیا ہے کہ عوامی مجلس عمل کے ارکان عسکریت پسند سرگرمیوں کی حمایت، بھارت مخالف بیانیے کا پرچار کرتے رہے ہیں اور جموں و کشمیر میں علیحدگی پسند تحریکوں کے لیے فنڈز اکٹھا کرتے رہے ہیں۔
12 مارچ 2025۔۔۔ضلع راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں فارورڑ پوسٹ پر تعینات ایک بھارتی فوجی مان کمار بیگاہ گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیاہے۔ ضلع بانڈی پورہ کے حاجن علاقے میں بھارتی فوج نے ایک تلاشی مہم کے دوران دو نوجوانوں کو ہتھیار وںسمیت گرفتارکرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔کشمیری حریت پسند کارکن شوکت الاسلام ساکن راجوری کا سترہ سال کاجوان بیٹامہتاب آزاد کشمیر کے ضلع بھمبرکے برنالہ علاقے میں سڑ ک حادثہ میں جانبحق ہوگیا۔یاد رہے شوکت الاسلام دو دہائی قبل مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع راجوی سے ہجر ت کرکے آزاد کشمیر منتقل ہوئے تھے۔
13 مارچ 2025 ۔۔۔ضلع راجوری کےپھلیانہ کے قریب ٹائر پھٹنے سے ایک بھارتی فوجی گاڑی الٹ گئی جس کے نتیجے میں بھارتی فوج کے کم سے کم تین اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت کی مسلط کردہ ماتحت انتظامیہ نے ضلع بڈگام کی تحصیل بیرواہ میں 52 غیر مقامی لوگوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جاری کر دیے ہیں۔
14 مارچ 2025 ۔۔۔ضلع اسلام آباد کے کولگام علاقے میں تین نوجوان ریاض احمد بجاد، اس کا چھوٹا بھائی شوکت احمد بجاد اور تیسرا شخص مختار احمدجو گزشتہ مہینےکے دوران لاپتہ ہو گئے تھے، ان میں سے دو نوجوان ریاض احمداور شوکت احمد کی لاشیں پُراسرار طور پر کولگام کے ویشونالہ سے برآمد ہوئی ہیں۔یاد رہے تینوں نوجوانوں کا تعلق راجوری سے ہےاور وہ اس علاقے میں مزدوری کررہے تھے۔