ہمایوں قیصر
مقبوضہ کشمیر کےعلاقے کٹھوعہ ،کشتواڑ ، اکھنوراور کپواڑہ میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے مابین خونریز جھڑپیں
9 مجاہدین شہید، ایک JCOسمیت22 بھارتی فوجی اہلکار ہلاک ، دو آفیسروں سمیت درجن سے زیادہ فوجی اہلکار زخمی
جموں وکشمیر کے مختلف علاقوں میں قابض بھارتی ا فواج اور( این آئی اے) کے چھاپے،حریت راہنما ئوں سمیت درجنوں کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط،درجنوں شہری گرفتار
17 مارچ 2025 ۔۔۔ضلع ریاسی میں ایک معمر شخص عبدالکریم ساکن ٹانڈا کی گولیوں سے چھلنی لاش پُراسرار طور پر برآمدکرلی گئی ہے ۔ضلع کپواڑہ کے علاقے زچلڈارہ میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک مُڈبھیڑ ہوئی جس کے نتیجے میں ایک مجاہد سیف اللہ نے لڑتے ہوئےجام شہادت نوش کرلیا۔جھڑپ کے دوران ایک بھارتی فوجی ہلاک جبکہ متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔ بھارتی انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیرمیں کاروبار قائم کرنے کے نام پر 200سے زائد غیر ملکیوں کو زمین الاٹ کی گئی ہے۔ بھارت کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 28تاجروں کوضلع سانبہ اور کٹھوعہ میں اپنے یونٹس قائم کرنے کے لیے 500کنال سے زیادہ زمین الاٹ کی گئی ۔
18 مارچ 2025۔۔۔ضلع سرینگر کے پانتھہ چوک کے قریب بھارتی فوج کا ایک اہلکار نائیک بسواس ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔ضلع راجوری کے علاقے میں ایک بھارتی فوجی اہلکار اپنی ہی سروس رائفل سے نکلنے والی گولی سے زخمی ہوگیا۔
19 مارچ 2025 ۔۔۔ضلع سری نگر کے علاقے شالہ ٹینگ میں ایک لڑکی آصفہ بشیر دختربشیر احمد ساکن کوکرناگ کی لاش مردہ حالت میں برآمد کرلی گئی ۔
20 مارچ 2025۔۔۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور سابق ایم ایل اے فقیر محمد خان نے سرینگر کے علاقے تلسی باغ میں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔ بھارتی انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیرمیں صنعتوں کے قیام کی آڑ میں جموں میں 14,956 کنال اور 15مرلہ اراضی اور وادی کشمیر میں 6,745کنال اور 19مرلہ اراضی پر قبضہ کر لیا ہے۔
21مارچ2025۔۔۔ضلع راجوری کے علاقے میں ایک کارروائی کے دوران مجاہدین نے بھارتی پولیس کی ایک گشتی پارٹی پر دستی بم سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں پولیس کے سپیشل گروپ کے تین اہلکار زخمی ہوگئے۔
22 مارچ 2025۔۔۔مقبوضہ کشمیر کے خطے لداخ لیہہ میں دو بھارتی فوجی حوالدار کشور بارا اور سپاہی سورج کمارڈیوٹی کے دوران پراسرار طور پر مارے گئے۔تاہم بھارتی فوج کے بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ دونوں اہلکار کی ہلاکت کیوں اور کس طرح ہوئیں۔ضلع کٹھوعہ میںبھارتی پولیس نے محمد سلیم، فاروق احمد سمیت تین کشمیری نوجوانوں کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کر لیا ہے۔گرفتار نوجوانون کو ادھمپور اور جموں کی جیلوں میں منتقل کیا گیا۔ بھارتی پولیس نے ضلع بانڈی پورہ میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے اورتلاشی کی کارروائیاںکیں۔ذرائع کے مطابق بٹ محلہ سنبل کے رہائشی بشیر احمد بٹ اور نائدکھائی کے رہائشی سجاد احمد ناوو کے گھرپر چھاپے مارے گئے اور تلاشی لی گئی۔پولیس نے الزام عائد کردیا ہے کہ دونوں کا تعلق کالعدم تنظیموں جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اور جموں و کشمیر پیپلز لیگ سے ہونے کا شبہ ہے ۔جبکہ بھارتی پولیس نے ایک اور تلاشی کارروائی کے دوران بانڈی پورہ کے علاقے باغ میں غلام محمد شیخ اور وارڈ 04 بانڈی پورہ کے غلام محمد وازہ کے گھروں پر بھی کالے قانوں کے تحت چھاپے مارے۔ دونوں کو کالعدم تنظیموں کے کارکن ہونے کے الزام کے تحت گرفتارکیاگیا۔



24 مارچ 2025۔۔۔مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ کے سرحدی علاقے میں پٹرولنگ کے دوران بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میںبھارتی فوج کےایک میجر سمیت چاربھارتی فوجی اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔ ضلع کٹھوعہ کے علاقے سانیال ہیرا نگر میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے ایک سات سالہ بچی آنچل کماری زخمی ہوگئی ۔
23 مارچ 2025۔۔۔ بھارتی پولیس نے جموں و کشمیر (ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ) کے رکن فاروق احمد ڈار کے گھر پر ہندواڑہ میںچھاپہ مارا ۔چھاپے کے دوران اہم دستاویزات اور موبال فون ضبط کیے گئے ۔ یاد رہے کہ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ گزشتہ کئی برس سے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں جھوٹے مقدمات میں قید وبند کی زندگی گزاررہے ہیں۔ ضلع راجوری میں ایک نوجوان عبدالمجید کو پراسرار حالت میں مردہ پایا گیا ہے۔جبکہ اسی علاقے میں ایک اور نوجوان راجہ ابرار خان کی لاش بھی برآمدکرلی گئی۔
26 مارچ 2025۔۔۔بھارتی قابض انتظامیہ نے مزید پانچ سرکاری ملازمین کو برطرف کر دیا ہے۔ برطرف کیے گئے ملازمین میں مقبوضہ علاقے کے مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والے گلزار احمد ڈار، عبدالرشید بٹ، دلباغ سنگھ، گلزار احمد اور نور محمد شیخ شامل ہیں۔ضلع راجوری کے پیر پنجال کیری علاقے میں بھارتی فوج نے غلطی سے سرحد عبور کرنے والے ایک آزادکشمیر کے باشندے محمد یعقوب ولد صادق ساکن سوہانہ کوٹلی کو گرفتارکرنے کا دعویٰ کردیا۔
28 مارچ 2025۔۔۔بھارتی انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے سینئررہنما محمد فاروق رحمانی کی غیر منقولہ موروثی جائیدار ضبط کر لی ہے۔ پولیس نے ضلع بانڈی پورہ کے علاقے او نہ گام میں محمد فاروق رحمانی کی 33کنال پر مشتمل موروثی اراضی اور رہائشی مکان ضبط کر لیا ہے ۔ ضبط کی گئی جائیدار کی کل مالیت 6کروڑ 93لاکھ بتائی جا رہی ہے۔ جمعتہ الوداع کے موقعہ پر ضلع بڈگام کے علاقے ماگام میں ہزاروں کشمیری مسلمانوں نے فلسطین کے مظلوم لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی۔ ریلی میں خواتین بھی بڑی تعداد میں شریک تھیں۔ شرکاء نے مسجد الاقصیٰ کی آزادی اور فلسطینی علاقوں پر اسرائیل کے قبضے کے خاتمے کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے ۔یاد رہے اکتوبر2023 سے اب تک ہزاروں بچوں اور خواتین سمیت50 ہزار سے زائد افراد شہید کیے گئے ہیںاور لاکھوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض انتظامیہ نے جمعتہ الوداع کے موقع پر کشمیری مسلمانوں کو تاریخی جامع مسجد سرینگر نماز جمعہ اداکرنے کی اجازت نہیں دی اور نہ شب قدر کے دوران مسجد میںعبادت کرنےاجازت دی گئی ۔ بھارتی پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئررہنما میر واعظ عمر فاروق کو مسلسل گھر میں نظر بند رکھا۔
31 مارچ 2025۔۔۔بھارتی قابض انتظامیہ نے ضلع پونچھ میں ایک اور کشمیری کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔ضلع کے علاقے گگڑیاں منڈی میں منظور احمد کی اراضی ضبط کی گئی ہے ۔ضلع کٹھوعہ کے راجباغ گھاٹی جوتھانہ کے گائوں جاکھول علاقے میں مجاہدینِ اور بھارتی افواج کے درمیان ایک خونریز جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں پانچ مجاہدین نے جام شہادت نوش کرلیا ہے ۔جھڑپ کے دوران ایک آفیسر کانسٹیبل جگبیر سنگھ، طارق حسین، جسونت سنگھ، بلبیر سنگھ، بلوندر سنگھ سمیت ایک درجن سے زائد بھارتی فوجی اہلکار ہلاک اور ڈی ایس پی دھیرج سنگھ سمیت چار اہلکارزخمی ہوگئے۔
1 اپریل 2025۔۔۔ ضلع ڈوڈہ اور کشتواڑ کےمختلف علاقوں میں عیدالفطر کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے ، جن میں ہزاروں فرزندانِ اسلام نے بھرپور شرکت کی۔ نمازِ عید کے بعد غیور مسلمانوں نے ریلیاں نکالی اور سبز ہلالی پرچم اسلام کو سلامی پیش کی گئی۔ یاد رہے کہ یہ تقریبات ہر سال عیدین کے موقع پر دونوں اضلاع میں منعقد کی جاتی ہے۔
3 اپریل 2025۔۔۔ضلع بانڈی پورہ کے علاقے نائید کھائی میں ایک چھاپے کے دوران بھارتی پولیس نے ایک نوجوان کومحمد یاسین ملک اور دیگر آزادی پسند رہنماؤں کی تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے پر گرفتارکرلیا۔ ضلع کپواڑہ کے علاقے ترہگام میں ایک بھارتی فوجی اہلکار نے دوران ڈیوٹی اپنی سروس رائفل سے اپنے ہی سر میں گولی مار کر خودکشی کرلی۔اس واقعے سے جنوری 2007سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں خود کشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر623ہوگئی ہے۔
5 اپریل 2025 ۔۔۔ضلع ڈوڈہ اور بھدروہ میں ایک ہندوتوا کارکن کی جانب سے سوشل میڈیا پرقرآن کریم کے مطلق گستاخانہ مواد اپ لوڈ کیے جانے کے خلاف زبردست مظاہرے کئے گئے۔ مظاہرین نےاحتجاج کے دوران واقعہ میں ملوث مجرم کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔دونوں علاقوں میں مسلمانوں نے توہین آمیز کارروائی کے خلاف ہڑتال کی اور دکانیں بھی بند رکھیں۔بھارتی پولیس نے مظاہروںکو مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے ڈوڈہ شہر اور کشتواڑ میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی ہیں۔تحریک آزادی کشمیر کے معروف رہنما غلام محمد نائیکو مختصر علالت کے بعد سرینگر میں انتقال کر گئے ہیں۔غلام محمد نائیکو سوپور کے علاقے سیلو کے رہائشی تھے ۔ مرحوم آزادی پسند تنظیموں الفتح ، پیپلز لیگ اور مسلم کانفرنس کے ساتھ منسلک رہے ۔بھارتی پولیس اور( این آئی اے)نے ضلع رام بن کی تحصیل گول میں قابض بھارتی انتظامیہ نے حزب المجاھدین سے وابستہ دو مجاہدین کی دس کنال سے زائد زرعی اراضی ضبط کرلی ۔ ضلع کے گاؤں دلواہ کے رہائشی محمد شریف اور موہڑہ ہرا گائوں کے محمد یونس کی جائیدادیں کالے قانون ”یو اے پی اے“ کے تحت ضبط کی گئی۔محمد شرف کی 7کنال 3مرلے جبکہ محمد یونس کی 3کنال 15مرلے اراضی ضبط کی گئی۔ انتظامیہ نے انکی اراضی کی ضبطی کا جواز فراہم کرنے کیلئے ان پر بھارت مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ ضلع کے سانیال، جوتھانہ، رام کوٹ، بلاور، بھدو، گھٹی، کوگ منڈلی، دوگن اور دیگر علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی اور چھاپوںکا سلسلہ جاری ہے۔بھارتی افواج کے اہلکاروں نے تلاشی کی کارروائیوں اور چھاپوں کے دوران ایک خاتون اور دو کم عمر لڑکیوں سمیت دو درجن سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے۔
6 اپریل 2025 ۔۔۔بھارتی پولیس نےضلع کپواڑہ کے علاقے کرالہ پورہ میں ایک ناکے پر دو نوجوانوں کوگرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد کی شناخت امتیاز احمد نجار اور منیر احمد شیخ کے ناموںسے ہوئی ہے۔قابض حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے موبائل فونز سے تحریک آزادی کے حق میں موادبرآمد ہوا ہے ۔پولیس نے ان کے قبضے سےتین موبائل فون بھی ضبط کرلئے ہیں۔بھارتی قابض حکام نے میر واعظ عمر فاروق کو سعدہ کدل سرینگر میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت سے روکنے کے لئے ایک بار پھر گھر میں نظربند کردیا ہےانہیں تاریخی جامع مسجد سرینگر نماز جمعہ اداکرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔اس کے علاوہ بھارتی پولیس نے معروف اسکالر اورعالم دین آغا سید ہادی کوسرینگر میں اپنے گھر میں نظر بند کر دیاہے۔ ضلع کشتواڑ میں ایک بھارتی فوجی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیاہے تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ وہ غلطی سے گولی چلنے سے ہلاک ہواہے یا اس نے خودکشی کرلی ہے۔ فوجی اہلکار کی شناخت27سالہ وجے کمار کے طور پر کی گئی ہے۔
7 اپریل 2025۔۔۔ سرینگر کے پانتھہ چوک میں بھارتی فوج کاایک اہلکار بپلب سنگھ جوڈیوٹی پر معمورتھا بے ہوش ہونے کے بعد دم توڑ گیا۔ضلع کولگام میں جماعت اسلامی کے ارکان کے گھروں پر چھاپے، مولانا مودودی رحمہ اللہ علیہ ، سیّد قطب شہید ؒ ، سیّد علی شاہ گیلانی رحمتہ اللہ کی تصنیفات ضبط کیں ہیں۔
9 اپریل 2025 ۔۔۔ضلع بارہمولہ میں دو کشمیریوں کی اراضی ضبط کر لی ہے ۔بھارتی پولیس نے ضلع کے علاقے سوپور میں بلال احمد میر اور محمد عمر میر کے7مرلہ اراضی کو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت ضبط کیا ہے۔ مقبوضہ جموںو کشمیر میں گزشتہ دو سالوں میں 83ہزار سے زائد غیر مقامی افرادکو ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق غیر مقامی افراد کو جاری کیے گئے ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کی اصل تعداد لاکھوں میں ہے۔ ضلع کپواڑہ میں آتشزدگی کے ایک پراسرار واقعے میں ایک مسجد اور رہائشی مکان جل کر خاکستر ہو گیا۔
10 اپریل 2025۔۔۔ضلع سانبہ کے علاقے باری برہمنہ بلولے کھڈ میں ایک گھر پر چھاپے کے دوران نامعلوم افراد نے پولیس پارٹی پرحملہ کیاجس کے نتیجے میں ایک افسر ایس ایچ او بسپندرسنگھ اور سب انسپیکٹر ابرار مرزاسمیت بھارتی پولیس کے متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔
11 اپریل 2025۔۔۔ بھارتی فوج کا ایک ڈرون جموں کے ستواری علاقے میں بھارتی ائر فورس(آئی اے ایف) کے ٹاور سے ٹکرانے کے بعد ائر بیس پر گرکر تباہ ہو گیا۔ واقعے میں آئی اے ایف کا ایک اہلکار نائیک سریندر پال ہلاک ہو گیا۔ ڈرون نے لینڈنگ کے دوران اپنا کنٹرول کھو دیا اور ایئر فورس ٹاورسے ٹکرا گیا۔بھارتی پولیس نے ضلع گاندربل میں تین افراد کی 9 کنال اور 7 مرلہ زرعی اراضی کالے قانون ”یو اے پی اے “ کے تحت ضبط کی ہے جس کی مالیت 3 کروڑ47لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔جن افراد کی جائیدادیں ضبط کی گئی ہیں انکے نام فردوس احمد وانی ، محمد رمضان بٹ اور محمد ایوب گنائی ہیں۔فردوس احمد وانی ٹریسا صفاپورہ، محمد رمضان بٹہ پورہ صفاپورہ جبکہ محمد ایوب گنائی پہلو پورہ صفاپورہ کے رہائشی ہیں۔پولیس نے ضلع پونچھ کے علاقے بگیال درہ کے رہائشی محمد بشیر کی 6کنال پر مشتمل اراضی ضبط کر لی ہے ۔بھارتی انتظامیہ نے دو کشمیری ملازمین بشارت احمد میر اور اشتیاق احمد ملک کو نوکریوں سے برطرف کر دیا ہے۔ بشارت میر ساکن سرینگرمقامی پولیس میںاسٹنٹ وائر لیس آپریٹر تھے جبکہ اشتیاق احمدساکن اسلام آباد محکمہ تعمیرات عامہ میںبطور سینئراسسٹنٹ کام کرتے تھے۔بھارتی انتظامیہ نےان پر الزام عائد کردیا ہے کہ دونوں آزادی پسند سرگرمیوں میں ملوث ہیں ۔ضلع بانڈی پورہ میں کم از کم 8آزادی پسند کارکن گرفتار کر لیے ہیں۔ تحریک حریت جموں و کشمیر ، جموں کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اور جموں و کشمیر پیپلز لیگ سے وابستہ کارکنوں کو ضلع کے مختلف علاقوں میں گھروں پرچھاپوں کے دوران کالے قانون ”یو اے پی اے“ کے تحت گرفتار کیا گیا۔گرفتار کارکنوں کی شناخت نذیر احمد آہنگر، شیخ دانش مشتاق، طاہر احمد میر، خورشید احمد لون ، غلام دین وار، محمد شفیع ڈار، عبدالمجید گوجری اور عبدالمجید لون کے نام سے ہوئی ہے۔بھارتی فورسز اہلکاروں نے گھر گھر چھاپوں کے دوران گرفتار کارکنوں کے اہل خانہ کو سخت ہراساں کیا اور بنک دستاویزات ، کتب اور موبائل فون وغیرہ ضبط کر لیے۔
12 اپریل 2025۔۔۔ضلع جموں کے اکھنور سیکٹر میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں بھارتی فوج کا ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او)کلدیپ چاندہلاک ہو گیا ہے۔ ضلع کشتواڑ کے علاقے چھاترو جنگل میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے مابین ایک جھڑپ ہوئی جس کےنتیجے میں تین مجاہدین نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کردیا۔جموں خطے کے علاقے ستوار ی میں ایک ڈوران حادثے میں زخمی ہونے والا بھارتی ائر فورس کا اہلکارسریندر پال ہلاک ہوگیا۔
13 اپریل 2025۔۔۔ ضلع پونچھ کے علاقے دھرانہ مینڈھر میں گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھر کے 22سالہ طالب علم اسرار علی ولد محمد سلیم کونامعلوم افراد نے حملہ کر کے قتل کر دیا۔ ضلع کپواڑہ کے علاقے مژھل میں سڑک کے ایک حادثے میں بھارتی پولیس کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔ ضلع ڈوڈہ میں ایک شخص محمد رفیع شیخ ساکن پھگسو وادی چناب کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا۔ قابض حکام نے دعویٰ کیا کہ محمد رفیع شیخ بھارت مخالف اور آزادی پسند سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ بھارتی افواج نے ضلع کپواڑہ میں ہندواڑہ کے علاقے نیلی پورہ کے رہائشی 49سالہ علی محمد شیخ کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کر لیا۔
14 اپریل 2025۔۔۔ضلع پونچھ کے مینڈھر کے بالاکوٹ سیکٹر میں معمول کی گشت کے دوران ایک بھارتی فوجی اہلکارونود کمارنے غلطی سے بارودی سرنگ پر پائوں رکھا جس کے نتیجے وہ شدید زخمی ہوگیا۔
15 اپریل2025 ۔۔۔ ضلع پونچھ کی تحصیل سرنکوٹ کے علاقے لسانہ میں مجاہدین اور قابض بھارتی فوجیوں کے درمیان ایک خونی معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میںمتعدد فوجی ہلاک وزخمی ہوگئے۔مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں ایک وکیل ایڈوکیٹ غلام نبی زرگرنےبھارتی فوج کے دبائو سے تنگ آکراپنے لائسنس یافتہ پستول سے خود پر گولی مار کر خودکشی کرلی ہے ۔ مقبوضہ جموں وکشمیرکے علاقے بڑی برہمنہ میں ایک بھارتی فوجی اہلکاررام چندر چودھری ٹرین پر سفر کے دوران بجلی کا کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگیا۔مقبوضہ کشمیرمیں ایک عدالت نے 2002کے ایک جھوٹے کیس میں حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کو اشتہاری قراردیتے ہوئے انہیں عدالت میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق پرنسپل سیشن جج بڈگام اوم پرکاش بھگت کی طرف سے یہ ہدایت سی آر پی سی کی دفعہ 512 کے تحت جاری کی گئی ہے۔یاد رہےسید صلاح الدین احمد کشمیر کی سب سے بڑی جہادی تنظیم حزب المجاہدین کے امیر اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین ہیںجن کے دو بیٹے شاہد یوسف اور شکیل یوسف دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں گذشتہ آٹھ برس سےقید و بندکی زندگی گزار رہے ہیں۔
