مجاہدین اور بھارتی فوج کے مابین معرکے

ہمایوں قیصر

17نومبر2023 ۔مقبوضہ جموںو کشمیر میںبھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارےNIA نے ضلع پونچھ میں غیر قانونی طور پر نظر بند ایک کشمیری محمد یاسین کی جائیدادضبط کر لی ہے۔این آئی اے نے محمد یاسین کی جائیداد کی ضبطی کاجواز پیش کرنے کیلئے اسے ایک مجاہد تنظیم کا کارکن قرار دیا ہے۔محمد یاسین کو 27دسمبر 2020میں ایک جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔
21نومبر2023 ۔۔۔ضلع کٹھوعہ میں ایک اور بے گناہ کشمیری نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا۔ این آئی اے ہلکاروں نے ذاکر حسین نامی نوجوان کو 30جولائی 2022کو درج کیے گئے ایک جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا ہے۔این آئی اے اس کیس میں پہلے ہی سات دیگر افراد کو گرفتار کر چکی ہے جن میں سے ایک جیل میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا ہے۔
22نومبر2023 ۔۔ بھارتی افواج نے راجوری اور کشتواڑ اضلاع کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور نام نہاد تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔بھارتی فوج، پیراملٹری اور پولیس اہلکاروں نے ضلع راجوری کی پیر پنجال رینج کے علاوہ کالاکوٹ، دھرم شال، سیال سوئی اور ملحقہ علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کارروائیاں جاری رکھیں۔بھارتی فوجیوں نے پورے ضلع کشتواڑ میں مزید اہلکاروں کو تعینات کر کے کشتواڑ بٹوٹ ہائی وے پر تلاشی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جس سے مقامی لوگوں میں شدیدخوف و ہراس پھیل گیاہے۔ این آئی اے، ایس آئی اے، پولیس کے خصوصی تحقیقاتی یونٹ ، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور مقبوضہ جموں و کشمیر پولیس کی کرائم برانچ اب تک حریت رہنمائوں شہید سید علی گیلانیؒ ،غیر قانونی طورپر نظربند شبیر احمد شاہ اور آسیہ اندرابی کے علاوہ سید صلاح الدین اور مشتاق زرگر سمیت مظلوم کشمیریوں کی زمینیں اور مکانات سمیت 500 جائیدادیں ضبط کر چکی ہیں۔ قابض انتظامیہ نے چار سرکاری ملازمین کو تحریک آزادی سے وابستگی پر انتقامی کارروائی کا نشانہ بناتے ہوئے برطرف کر دیا ہے۔برطرف کیے جانے والے کشمیری سرکاری ملازمین میں ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کشمیرکے صدر ڈاکٹر نثار الحسن ، محکمہ ہائر ایجوکیشن میں لیبارٹری بیئررسلام راتھر،کانسٹیبل عبدالمجید بٹ اورایک ٹیچر فاروق احمد میرشامل ہیں۔ ان پر بھارت مخالف سرگرمیوں میں حصہ لینے کا الزام ہے۔

23 نومبر 2023 ۔۔۔ضلع راجوری کے کالاکوٹ دھرم شال بجی مال علاقے میں مجاہدین اوربھارتی فوجیوں کے درمیان ایک خونریز معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں بھارتی فوج کے کیپٹن ایم وی پرنجال،کیپٹن شبھم گپتا،دو جونئیرکمیشن آفیسر اور ایک میجر سمیت پانچ بھارتی فوجی آفیسر ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر سات فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔ جھڑپ کے دوران دو مجاہدین نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرلیا۔
24 نومبر 2023 ۔۔۔ ’’ ایس آئی اے ‘‘نے مولانا سرجان برکاتی کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا۔ایس آئی اے اہلکاروں نے مولانا سرجان برکاتی کی اہلیہ سبروزہ بانو کو ضلع شوپیاں کے ربن علاقے میں گھر پر چھاپہ مار کر ایک جھوٹے مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا۔ ضلع بڈگام میں تین بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ بھارتی فوج، پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے محمد یونس ڈار، سید جہانگیر شاہ اور عرفان احمد وگے نامی نوجوانوں کو ضلع کے علاقے بیروہ میں پٹھ کوٹ کے مقام پر گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران گرفتار کیا۔پولیس نے نوجوانوں کی غیر قانونی حراست کا جواز فراہم کرنے کے لیے انہیں ایک مجاہد تنظیم کے کارکن قرار دیا ہے۔
25نومبر2023 ۔۔۔ضلع بارہمولہ سے تین نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے کلگئی میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔ گرفتارنوجوانوں کی شناخت ضمیر احمد کھانڈے، محمد نسیم اور منظور احمد بھٹی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس نے نوجوانوں کی غیر قانونی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لئے انہیں مجاہد تنظیموں کے کارکن قراردیا اوردعویٰ کیاکہ ان سے اسلحہ اور گولہ بارودبرآمدکیاگیا ہے۔

27 نومبر 2023 ۔۔۔ ضلع شوپیاں میں ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا۔ بھارتی فوجیوں نے نوجوان کو ضلع کے علاقے کنڈلان میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔گرفتارنوجوان کی شناخت فرمان خورشید کے نام سے ہوئی ہے۔بھارتی فوجیوں نے نوجوان کی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لئے اسے مجاہدین کا معاون قراردیا۔اس کا موبائل فون بھی چھین لیا گیا۔اس دوران پونچھ اور راجوری اضلاع کے مختلف علاقوں میں بھی تلاشی کارروائیاں کی گئیں۔ حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیرکے ضلع اسلام آباد میں ایک اور مسلم کشمیری سرکاری افسر ریجنل ڈائریکٹر، سروے اینڈ لینڈ ریکارڈزکو معطل کر دیا ہے۔ عبدالحفیظ شاہ کو بی جے پی کی ہندوتوا حکومت نے فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔
27 نومبر2023۔۔۔ 19 نومبر کو عالمی کرکٹ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا سے بھارت کی شکست کا جشن منانے اور نعرے لگانے پربھارتی پولیس نے مقبوضہ جموںوکشمیر کے ضلع گاندربل میں زرعی سائنس اور ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے7 طلبا کو گرفتار کر لیاہے۔
30 نومبر 2023 ۔۔۔ ضلع پلوامہ کے آری بل علاقے میں مجاہدین اور بھارتی فوجیوں کے درمیان ایک معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک مجاہدکفایت ایوب نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ۔جھڑپ میں متعدد فوجی اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے۔
30 نومبر 2023 ۔۔۔ ضلع کپواڑہ میں دو بے گناہ کشمیری نوجوان گرفتار کر لیے گیے۔ بھارتی پولیس ، فوج اور پیراملٹری فورسز کی ایک مشترکہ ٹیم نے پرویز احمد ڈار اور شوکت احمد شیر گجری نامی نوجوانوں کو ضلع کے علاقے ہندواڑہ طوطی گنڈ میں تلاشی کارروائی کے دوران حراست میں لیا۔پولیس نے نوجوانوں کی غیر قانونی حراست کا جواز فراہم کرنے کے لیے انہیں ایک مجاہد تنظیم کے کارکن قرار دیا۔
1 دسمبر 2023 ۔۔۔ مقبوضہ کشمیر میں سرینگر کی تاریخی جامع مسجد کوپولیس نے مسلسل آٹھویں جمعہ بھی سیل کر کے کشمیری مسلمانوں کو نماز جمعہ ادا کرنے سے روک دیا۔میر واعظ عمر فاروق کو بھی پھر گھر میں نظر بند کر دیا گیا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سرینگرمیں زیر تعلیم بھارت کے ایک ہندو طالب علم کی طرف سے سوشل میڈیا پرگستاخانہ پوسٹ کے خلاف جمعہ کو کشمیر یونیورسٹی سرینگر کیمپس میں ایک پرامن احتجاجی مارچ کیاگیا۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سرینگر میں زیر تعلیم ہندو طالب علم کی طرف سے سوشل میڈیا پر حضور نبی کریم ﷺکے بارے میں گستاخانہ ویڈیو کلپ پوسٹ کیے جانے کے بعد سے مقبوضہ علاقہ میں شدیدغم وغصے کااظہارکیاجارہاہے۔ نمازجمعہ کے بعد سرینگرکے علاقے حضرت بل میں واقع یونیورسٹی کمپلیکس میں ہندو طالب علم کی گستاخانہ پوسٹ کے خلاف سینکڑوں طلبا نے احتجاجی مارچ کیا۔قابض حکام نے میڈیا کو بتایا ہے کہ مظاہرین نے نبی کریم ﷺکے حق میں نعرے لگائے۔ طلبہ و طالبات سمیت مظاہرین کو یونیورسٹی کے مین گیٹ سے باہر جانے نہیں دیا گیا۔ این آئی ٹی انسٹیٹیوٹ میں ہندو طالبعلم کے اس گھنائونے اقدام کے خلاف احتجاج کیا گیاتھا جس سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ مظاہرین نے ہندو طالب علم کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
2 دسمبر 2023 ۔۔ضلع بارہمولہ کے علاقے سوپور میں ایک شخص کی پراسرار حالت میں لاش برآمد ہوئی ہے۔بعدازاں لاش کی شناخت مقامی رہائشی ریاض احمد میر کے نام سے ہوئی۔ ضلع اسلام آبادمیں دو بے گناہ کشمیری نوجوان گرفتار کر لیے گیے ہیں۔بھارتی فوج ، پیرا ملٹری اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے منظور احمد نائیکو اور عادل حسین بٹ نامی نوجوانوں کو ضلع کے علاقے کوکرناگ میں ایک چیک پوسٹ سے گرفتار کیا۔ پولیس نے نوجوانوں کی غیر قانونی حراست کا جواز فراہم کرنے کے لیے انہیں ایک مجاہد تنظیم کے کا رکن قرار دیا۔
3 دسمبر 2023 ۔۔۔ ضلع راجوری سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے بتایاکہ لاش ایک ندی کے قریب ملی تھی اور پولیس نے اطلاع ملنے پر اسے اپنے قبضے میں لے لیا۔بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کے گرمائی دارلحکومت سرینگر میں ایم بی بی ایس کا ایک طالب علم لاپتہ ہو گیا ہے۔سرینگر کے علاقے بلبل با غ برزلہ کا رہائشی مجتبیٰ فاروق ڈار گزشتہ شام سے لاپتہ ہے۔
4 دسمبر 2023 ۔۔۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج، پولیس اور پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے ضلع راجوری کے علاقوں بدھل، تھنہ منڈی، سندر بنی اور کالاکوٹ اور ضلع پونچھ میں مینڈھر کے مختلف علاقوں میں مشترکہ کارروائیاں شروع کی ہیں۔بھارتی فوجیوںنے بدھل کے علاقے بیروٹ سے تین افراد کو پوچھ گچھ کے لیے گرفتارکیاگیا ہے۔

5 دسمبر 2023 ۔۔۔این آئی اے نے وادی کشمیر کے اسلام آباد، کولگام، بارہمولہ اور شوپیاں اضلاع اور جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع میں منگل کو علی الصبح چھاپے مارے۔چھاپوں کے دوران این آئی اے اہلکاروں کے ہمراہ بھارتی پولیس اور پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکار بھی موجود تھے۔
6 دسمبر, 2023 ۔۔۔ سرینگرکے علاقے ڈلگیٹ میں ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے ضلع گاندربل میں 4 کشمیری کارکنوں کی جائیدادیں ضبط کی ہیں۔جن آزادی پسند کارکنوں کی جائیدادیں ضبط کی گئی ہیں ان میں لطیف خان کی 13 مرلہ، محمد حسین شاہ کی 3 کنال14مرلہ اور ولی اللہ کی13کنال اراضی شامل ہے۔ بھارتی حکومت نے کولگام اور پلوامہ اضلاع میں مزید دو نوجوانوں کے مکان ضبط کرلیے۔( این آئی اے ) نے ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں خورشید احمد بٹ اور ان کے پانچ بھائیوں کا ایک مشترکہ دو منزلہ اور ایک منزلہ مکان ضبط کر لیے۔ بدنام زمانہ بھارتی این آئی اے نے ضلع کولگام کے علاقے کھڈونی میں فیاض احمد ایتو نامی نوجوان کا ایک منزلہ گھر اورتیزہ مرلوں پر مشتمل اراضی ضبط کرلی۔
8 دسمبر 2023 ۔۔۔ بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی ایک گاڑی نے ضلع گاندربل میں ایک شہری کو ٹکر مار کر شہید کردیا۔ سی آر پی ایف گاڑی نے گاندربل قصبے میں موٹر سائیکل پر سوار غلام حسن ماگرے کو دانستہ طورپر ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں انکی جان چلی گئی۔ سرینگر کے علاقے عیدگاہ میں 29اکتوبر کو ایک حملے میں زخمی ہونے والا بھارتی پولیس سب انسپکٹر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا ہے۔
9 دسمبر 2023 ۔۔۔مقبوضہ جموںو کشمیر میں بھارتی پولیس نے سوشل میڈیا پوسٹ کرنے پر اسلام آباد اور بڈگام اضلاع میں پانچ کشمیری نوجوانوں کے خلاف مقدمات درج کرلئے۔سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز مواد پوسٹ کرنے پر ضلع اسلام آباد میںتین افراد سلمان مشتاق ، رمیز اشرف ہادی اور عمر فاروق گنائی کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔پولیس نے بتایاکہ سوشل میڈیا پر جاری سرگرمیوں کے حوالے سے تحقیقات کے دوران ضلع بڈگام میں دو افراد کو گرفتار کر کے مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا۔ بھارتی فوج نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کیلئے مذموم مقصد کے تحت جاری کریک ڈائون میں ضلع ریاسی میں تین بے گناہ نوجوانوں کو گرفتار کر لیاہے۔ بھارتی فوجیوں نے نوجوانوں کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ ضلع کے علاقے مہور میں ایک گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔ بھارتی فوجیوں نے گرفتار نوجوانو ں سے 50ہزار روپے بھی چھین لیے۔
11 دسمبر 2023 ۔۔۔ضلع کولگام میں بھارتی پیرا ملٹری فورس کی گاڑی کی ٹکر سے ایک معمر شہری شہید ہوگیا۔ضلع کے علاقے کھنڈی پھڑی ہرناگ میں موٹر سائیکل پر سوار بزرگ شہری محمد یوسف کو بھارتی پیراملٹری فورس کی گاڑی نے دانستہ طورپر ٹکر مار کر شہید کر دیا۔ بھارتی ریاست راجستھان کی میواڑ یونیورسٹی میں زیر تعلیم 9 کشمیری طلباء کو گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
12 دسمبر 2023 ۔۔ ضلع بانڈی پورہ سے ایک خاتون سمیت چار بے گناہ کشمیریوں کو گرفتار کر لیا گیا۔بھارتی پولیس ، فوج اور پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں نے ان افراد کو ایک مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتارکیا۔گرفتارنوجوانوں کی شناخت عادل طارق واصل، شفقت نبی اور مصعب خورشید کے ناموں سے ہوئی ہے اوریہ تمام لاڈورہ بارہمولہ کے رہائشی ہیں۔ تاہم پولیس نے گرفتار خاتون کا نام ظاہر نہیں کیا۔پولیس نے نوجوانوں کی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لئے انہیں مجاہد تنظیموں کے کارکن قراردیاہے۔ سرینگر میں بھارتی فوج کے ایک کیپٹن نے خودکشی کر لی ہے۔ فوجی کیپٹن نے شہر کے نواح میں واقع بھارتی فوج کے شریف آباد کیمپ میں پھندہ لگاکر خودکشی کی۔ جنوری 2007سے مقبوضہ کشمیرمیں خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر 589ہوگئی ہے ۔
14 دسمبر 2023 ۔۔۔ ضلع جموں میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار پراسرار طورپرگولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔فوجی اہلکار ضلع کے اکھنور قصبے کے قریب ٹانڈہ کے مقام پر ڈیوٹی پر معمورتھاکہ گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔

15 دسمبر 2023 ۔۔۔مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے مسلسل 10ویں ہفتے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد کو مقفل کر کے لوگوں کو وہاں نماز جمعہ ادا کرنے نہیں دی۔ قابض حکام نے سرینگر کے علاقے بمنہ میں امام بارگاہ میں بھی لوگوں کو نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی اور معروف عالم دین آغا سید محمد ہادی الموسوی کو گھر میں نظر بند کر دیا۔