معرکے۔۔۔

ہمایوں قیصر

17 نومبر 2022 ء۔۔ بھارتی ریاست اتر پردیش کی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میںایک کشمیری طالب علم کو ایک میچ کے دوران بھارتی شہری نے سر پر بلا مار کر زخمی کردیا۔بھارتی پولیس نے پیرا ملٹری اہلکاروں کے ہمراہ وادی کشمیر میں متعددمقامات سری نگر، اسلام آباد اور کولگام اضلاع میں چھاپے مارے اور گھروں کی تلاشی لی ۔ پولیس کی ٹیم نے صحافی وسیم راجہ، حکیم راشد مقبول اور مختار احمد بابا کے علاوہ ایڈووکیٹ ابو عادل پنڈت اور عام شہریوں، سجاد احمد شیخ، نذیر احمد شاہ اور سجاد احمد کرالیاری کے گھروں کی تلاشی لی۔ضلع اسلام آباد میں بھارتی پولیس کی طرف سے حریت رہنما قاضی یاسر اور صحافی قاضی شبلی کی مشترکہ رہائش گاہ پربھی چھاپے مارے اورگھر میں موجود قیمتی سامان کی توڑ پھوڑ کی۔

18نومبر 2022 ء۔۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے جھوٹے الزامات کے تحت نظر بند پانچ کشمیری آزادی پسند کارکنوں کے خلاف فردجرم عائد کی ہے۔جموں میں این آئی اے کی خصوصی عدالت میں کشمیری آزادی پسند کارکنوں عامر مشتاق گنائی، عدنان احسن وانی ، عاشق حسین ، غلام محی الدین اور فیصل منیر کے خلاف تعزیرت ہند ، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے اور ہتھیاروں کی روک تھام کے ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت فردم جرم عائد کی گئی ۔ ضلع کپواڑہ کے مژھل علاقے میں برفانی تودہ گرنے سے بھارتی فوج کے تین اہلکار ہلاک ہو گئے ۔مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ ہفتے نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ میں زخمی ہونیوالا غیرکشمیری شخص سرینگر کے ایک ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ضلع راجوری کے علاقے نوشہرہ میں ایک بائیس سالہ نوجوان کی لاش پراسرار طورپر برآمد کر لی گئی ۔

20 نومبر 2022 ء ۔۔ضلع پلوامہ کے ایک 46سالہ کاروباری شخص منظور وانی کی لاش جموں شہر کے مضافاتی علاقے باغ بہو میںپُراسرارطور پر ایک درخت سے لٹکی ہوئی پائی گئی ۔ ضلع اسلام آباد میں کے علاقے بجبہاڑہ میں بھارتی فوج نے ایک جعلی مقابلے کا ڈرامہ رچا کر سجاد احمد تانترے ولد محمد مقبول تانترے ساکنہ شرپورہ کولگام کو گرفتار کرنے کے بعدفائرنگ کرکے شہید کردیا۔علاقے کے عوام نے بھارتی فوج کی اس ظالمانہ کارروائی کے خلاف احتجاج کیا ۔بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز بھی ضلع راجوری کے علاقے نوشہرہ میں فوجی آپریشن کے دوران ایک نوجوان کو شہیدکردیاتھا۔بھارتی فورسز نے سرینگر کے علاقے لاوے پورہ میں تین نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ضلع بارہمولہ کے علاقے پٹن کے رہائشی تینوں نوجوانوں کی شناخت محمد اقبال دھوبی، رئوف احمد ڈار اور جاوید احمد کھانڈے کے ناموں سے ہوئی ہے۔

21 نومبر2022 ء۔۔ ضلع بارہمولہ میں ایک عدم شناخت شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے ۔

22 نومبر2022 ء۔۔ ضلع بانڈی پورہ کے گنڈبل علاقے میں تلاشی مہم کے دوران ایک خاتون سمیت چار کشمیریوںکوگرفتار کرلیا جن کی شناخت رکھ حاجن کے مصعب میر اور عرفات فاروق وگے، عمران مجید میر اور ثریا راشد کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے نوجوانوں اورخاتون کی گرفتاری کا جواز فراہم کرنے کے لئے انہیںمجاہدین اوران کے معاون قراردیاہے۔ضلع جموں کے علاقے ارنیا میںبھارتی فوج نے ایک مجاہد کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

23 نومبر2022 ء۔۔ ضلع ادھمپور کے علاقے کلدی میں ایک شخص کی پُراسرار حالت میں لاش برآمد کرلی گئی۔

24 نومبر2022 ء۔۔ ضلع اسلام آباد کے علاقے لہنوان کے جنگل میںایک شخص غلام لون کی لاشبرآمد کر لی گئی ۔

25 نومبر2022ء۔۔ ریاستی تحقیقاتی ادارے ’’ایس آئی اے ‘‘نے سرینگر اور جموں وکشمیر کے دیگر علاقوں میں چھاپوں کے دوران روزنامہ کشمیر ریڈر کے چیف ایڈیٹر حاجی حیات سمیت متعدد صحافیوں کوگرفتارکرلیا ۔ کشمیر ریڈر کے چیف ایڈیٹر حاجی حیات کو ضلع پلوامہ کے علاقے پامپور میں ان کے گھر پر چھاپہ مارکر گرفتار کرلیا گیا۔ انہیں سرینگر کے شیر گڑھی پولیس اسٹیشن لایا گیا جہاں ان سے تفتیش کی گئی۔ ایس آئی اے نے دیگر صحافیوں بشمول سرینگر میں شوکت احمداور ثاقب مگلواور بڈگام میں اشفاق ریشی کو بھی گرفتار کیااور ان کے موبائل فون، کمپیوٹر، لیپ ٹاپ اوردیگر دستاویزات قبضے میں لئے گئے۔

26 نومبر 2022 ء۔۔ بھارتی پولیس نے سرینگر شہر سے ایک شہری 55سالہ مشتاق احمد بٹ کوگرفتارکرکے لاپتہ کردیا ۔

27 نومبر2022 ء۔۔ ضلع شوپیاںکے کانی پورہ علاقے میں ایک سڑک حادثے میں بھارتی پولیس کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے۔

28نومبر2022 ء۔۔بھارتی پولیس نے ضلع بارہمولہ میں چار بے گناہ نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے مشتاق احمد بٹ ، اشفاق احمد شاہ، عبدالمجید کمار اور عبدالرشید کمار نامی نوجوانوں کوضلع کے علاقے سوپور میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔پولیس نے گرفتار نوجوانوں کی غیر قانونی گرفتاری کا جوز پیش کرنے کیلئے انہیں ایک مجاہد تنظیم کا کارکن قرار دیدیاہے۔

29 نومبر2022 ء۔۔ ضلع سانبہ میں تربیت کے دوران بھارتی فوج کا ایک کپتان ندیش سنگھ یادو پُراسرار طورپر ہلاک ہو گیا۔

30 نومبر 2022 ء۔۔ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی خصوصی عدالت کی طرف سے بیگناہ کشمیر ی نوجوانوں کو عمر قید کی سزا کے خلاف سرینگر کے پریس انکلیو میں احتجاج مظاہرہ کیا گیا۔ این آئی اے کی خصوصی عدالت نے پلوامہ اور اسلام آباد اضلاع کے رہائشی نوجوانوں سجاد احمد خان، بلال احمد میر، مظفر احمدبٹ، اشفاق احمد بٹ، معراج الدین چوہان کو عمر قید جبکہ تنویر احمد کو پانچ برس قید کی سزا سنائی ہے۔ضلع پلوامہ کے علاقے ترال کے رہائشی نوجوان معراج الدین چوپان کے اہلخانہ نے سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ انکا بیٹا بے قصور ہے لہذا وہ اسکی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ معراج الدین گزشتہ چار برس سے تہاڑ جیل میں بند ہے ، وہ محنت مشقت کر کے اپنی چھ بہنوں اور معمر والدہ کی دیکھ بال کر رہا تھا اور این آئی اے نے اسے جھوٹے مقدمات میں گرفتار کیا ہے۔

یکم دسمبر2022 ء۔۔ضلع رام بن کے بانہال علاقے میں ایک نوجوان رئیس احمد کو کرایہ کے گھر میں مردہ پایا گیا۔ بھارتی پولیس نے جموں وکشمیر مسلم لیگ کے قائمقام چیئرمین عبدالاحد پرہ کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے عبدالاحد پرہ کو ایک جھوٹے مقدمے میںبارہمولہ کی عدالت میں پیشی کے موقع پر گرفتار کیا۔

4 دسمبر2022 ء۔۔ضلع بارہمولہ کے گلمرگ علاقے میں بی ایس ایف اہلکاردھرمیندرشکوال اپنی ہی رائفل کی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا ۔

5 دسمبر2022 ء۔۔ بھارتی پولیس نے ضلع اسلام آباد میںایک سینئر صحافی خالد گل کو گرفتار کر لیا ہے۔ انہیں 2017میں درج ایک پرانے مقدمے کے سلسلے میں گرفتار کیا گیاہے۔ خالد گل کئی سال تک مقبوضہ جموں و کشمیر کے سب بڑے انگریزی روزنامے’’ گریٹر کشمیر‘‘کے ساتھ وابستہ رہے ۔

7 دسمبر 2022 ء۔۔ این آئی اے نے ضلع پلوامہ کے علاقے پامپورمیں ایک عام شہری غلام محمد نجار ساکنہ ڈنک محلہ کھریو کا ایک مکان جھوٹے الزامات کے تحت ضبط کرلیا ۔

9 دسمبر2022 ء۔۔ سینٹرل جیل سری نگرمیں بھارتی فوج کی حمایت یافتہ ’’اخوان تنظیم‘‘ کا رکن مشتاق احمد ڈارساکنہ پامپور پلوامہ دل دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا ۔یاد رہے یہ بھارتی فوج کی حمایت یافتہ اخوان تنظیم بھارتی فوج نے 1990 کی دہائی میں تحریک آزادی سے وابستہ کشمیریوں کی ٹارگٹ کلنگ کے لیے قائم کی تھی۔ بھارتی ریاست اتر پردیش کی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایک کشمیری طالب علم لاپتہ ہو گیا ہے۔لاپتہ طالب علم کی شناخت مسرور عباس میر کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق جموں و کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے علاقے سوپور بوہری پورہ سے ہے۔

11 دسمبر2022ء۔۔جنوبی ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور کے یشونت پور ریلوے اسٹیشن سے ایک کشمیری طالب علم لاپتہ ہوگیا ہے۔ ضلع بارہمولہ کے علاقے بجہامہ کاانجینئرنگ کالج کا طالب علم عاقب جاوید 30نومبر سے لاپتہ ہے۔

12 دسمبر2022 ء۔۔ ضلع پلوامہ میں ایک سڑک حادثے میں بھارتی پولیس کا کانسٹیبل ہلاک ہوگیاہے۔

13 دسمبر, 2022 مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے 8بے گناہ کشمیریوں کے خلاف درج جھوٹے مقدمے میں چارج شیٹ دائر کر دی ہے۔پولیس نے اپنی چارج شیٹ میں ان نوجوانوں کو رواں سال کے شروع میں ایک بارودی سرنگ کی برآمدگی سے متعلق ایک جھوٹے کیس میں پھنسایا ہے۔ ضلع پلوامہ کے بنڈزو میں ایک بے گناہ کشمیری نوجوان کو گرفتار کر لیا۔نوجوان کو جس کی شناخت یاور بشیر ڈار کے طورپر ہوئی ہے،پولیس نے نوجوان کی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لئے اس کو ایک مجاہد تنظیم کا رکن قرار دیا ہے۔

14 دسمبر2022 ء۔۔بھارتی پولیس کے خصوصی تحقیقاتی یونٹ (ایس آئی یو) نے ضلع اسلام آباد کے علاقے بجبہاڑہ میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔ایس آئی یو کے اہلکاروں نے حریت کارکنوں شہباز احمد اور سبزار احمد گنائی کے گھروں پر چھاپے مارے۔ شہباز احمد کے گھر پر بیج بہاڑہ کے علاقے واگہامہ جبکہ مرہامہ حلیم پورہ میں سبزار احمد گنائی کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔ ایس آئی یو اہلکاروں نے چھاپوں کے دوران خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو سخت ہراساں کیا۔

٭٭٭