معرکے۔۔۔

ہمایوں قیصر

16 دسمبر2022 ء۔۔بھارتی فوج نے پونچھ راجوری شاہراہ کے قریب اپنے ہی کیمپ کے باہر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ان کے ساتھ بطور پورٹرکام کرنے والے دو ہندوشہری کمل کمار اور سریندر کمارہلاک ہوگئے۔علاقے کے لوگ شہریوں کی ہلاکت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔ انہوںنے پونچھ راجوری شاہراہ کو بند کر دیا، مشتعل افراد نے بھارتی فوج کے کیمپ پر پتھرائوبھی کیا۔

17 دسمبر 2022 ء۔۔ نئی دہلی کے زیر کنٹرول’’ سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی‘‘نے ضلع ڈوڈہ کے ٹھٹھری خان پورہ میں ایک آزادی پسند کارکن عبدالرشید کی چارکنال جائیداد ضبط کر لی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتظامیہ نے جماعت اسلامی کی مزیدجائیدادوں کو کشمیر کے گاندربل، کپواڑہ، بانڈی پورہ اور بارہمولہ اضلاع میں ضبط کرلیا۔’’ایس آئی اے‘‘ نے پورے مقبوضہ علاقے میں جماعت اسلامی کی 188 جائیدادوں کی نشاندہی کی ہے جنہیں ضبط کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

19 دسمبر2022 ء۔۔ ضلع شوپیاں کے علاقے مونجھ مارگ میںبھارتی ظالم فوج نے ایک جعلی مقابلے کا ڈرامہ رچا کرلطیف احمد لون ساکنہ شوپیاں اور عمر نذیر ساکنہ اسلام آباد اور دانش حسین ککرو ساکنہ اولڈ ٹائون بارہمولہ کو گرفتارکرنے کے بعد شہید کردیا۔ ضلع بارہمولہ کے علاقے چکلو میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران بھارتی فوج نے ایک نوجوان کوگرفتار کیا۔

20 دسمبر2022 ء ۔۔ضلع کپواڑہ کے علاقے کنن پوش پورہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان عبدالرشید کوبھارتی فوج نے گرفتارکرنے کے بعد لاپتہ کردیا ہے۔لاپتہ ہونے والے نوجوان کے خاندان نے پریس انکلیو سرینگرعلاقے میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ عبدالرشید کو بازیاب کیا جائے ۔ ضلع راجوری کے علاقے گندھا میں ایک خاتون 28سالہ شمینہ کو ثرکی لاش پُر اسرر طور پربرآمد کرلی گئی ۔

22 دسمبر2022 ء۔۔ ضلع کپواڑہ کے علاقے کرالپورہ میں تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بھارتی فوج و پولیس نے نوجوانوں عبدالرئوف ملک ، الطاف احمد ،ریاض احمد لون اور عبدالمجید بیگ سمیت پانچ نوجوانوں کو گرفتارکرلیا، پولیس نے گرفتاری کا جواز پیش کرنے کیلئے انہیں عسکری تنظیم حزب المجاہدین کے ساتھ وابستہ مجاہدقراردیا ہے۔

23 دسمبر2022 ء۔۔ضلع بانڈی پورہ کے علاقے میں پولیس نے عماد امین چوپان اور طاہر احمد بٹ نامی نوجوانوں کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ بانڈی پورہ سے سری نگر جارہے تھے۔ پولیس نے گرفتار نوجوانوں کو غیر قانونی طور پرحراست میں لینے کا جواز فراہم کرنے کے لیے انہیں عسکریت پسند قرار دیا۔

24 دسمبر2022 ء۔۔ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے تین نوجوانوںتنویر احمد وانی، پیر ارشد اور بشیر احمد صوفی کو کالے قانون ’’یو اے پی اے ‘‘کی مختلف دفعات کے تحت فرد جرم دائر کی۔

25 دسمبر2022ء۔۔ ضلع پونچھ کے علاقے مینڈھیرمیں تلاشی آپریشن کے دوران بھارتی پولیس نے ایک نوجوان طیب احمد خان کوعسکریت پسند قراردے کرگرفتار کرلیا۔ جموں و کشمیر میںبھارتی انتظامیہ نے جماعت اسلامی کی کم از کم 20 مزید جائیدادیں ضبط کر لیں۔یہ جائیدادیں نئی دہلی کے زیر کنٹرول’’سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے ) کی سفارشات پر وادی کشمیر کے مختلف اضلاع میں ضبط کی گئیں۔ضلع مجسٹریٹ سری نگر نے پہلے ہی جماعت اسلامی کی تین جائیدادوں اور تحریک آزادی کشمیر کے عظیم قائد سید علی گیلانی شہید کے دو منزلہ مکان کو سیل کرنے کا حکم دیا تھا ۔

26 دسمبر 2022 ء۔۔ ضلع کپواڑہ کے کرناہ علاقے میں بھارتی فوج نے ایک نوجوان کو اسلحہ سمیت گرفتارکرنے کا دعویٰ کیاہے۔بھارتی ریاست اتر پردیش کی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ایک کشمیری اسکالر پرہندو شرپسند عناصر نے تشدد کیاجس کے خلاف جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے طلبا نے احتجاجی مارچ کیا۔

27 دسمبر2022 ء۔۔۔ ضلع اسلام آباد کے کاڑپورہ اچھہ بل علاقے میں ایک نوجوان شبنم نذیر لاپتہ ہوگیا۔ بھارتی پولیس نے ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ میں رات کی تاریکی میں ایک گھر میں گھس کر ایک خاتون سمیت تین افراد کو گرفتارکرلیا۔

28دسمبر2022 ء۔۔ ضلع جموں کے سدرہ علاقے میںبھارتی فوج نے ایک جعلی مقابلے میں چار کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔فوجیوں نے نوجوانوں کو محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کی آڑ میں ایک جعلی مقابلے میں اس وقت شہید کردیاجب وہ ضلع کے علاقے سدرہ میں ایک ٹرک میں سفر کر رہے تھے۔

30 دسمبر2022 ء۔۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی عدالت نے ایک کشمیری نوجوان عامر نبی وگے کو 15 برس قید کی سزا سنائی ہے۔عامر نبی وگے نامی نوجوان کیخلاف نئی دہلی کے زیر کنٹرول ’’سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون ’’یو اے پی اے‘‘ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ عامرنبی وگے ایک عسکری تنظیم کا ضلعی کمانڈر رہا ہے۔ ضلع پلوامہ کے علاقے چیک راج پورہ میں محمد شفیع لون کے بیٹوں جہانگیر احمد لون اور عمر شفیع لون کے گھر میں مجاہدین کے ایک گروپ کی موجودگی کی غلط اطلاع پر بھارتی انتظامیہ نے گھر کے مالک کے خلاف ایف آئی آر درج کی اور گھر کو سیل کر دیاگیا۔ مقبوضہ کشمیر کے بانہال میں سرینگر جموں ہائی وے پر ہندوتوابلوائیوں نے ایک کشمیری ڈرائیور عاقب احمد ڈارساکنہ بجبہاڑہ کو وحشیانہ تشددکرکے لہولہان کردیا۔

31 دسمبر2022ء ۔۔مقبوضہ کشمیر میں فسطائی مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے ضلع اسلام آباد کے لیور پہلگام علاقے میں حزب المجاہدین کے نائب امیر محمد سیف اللہ خالد کے گھر کے ایک حصے کو مسمار کر دیا ۔قبل ازیں ضلع پلوامہ کے علاقے راج پورہ میںسابق مجاہد عاشق احمد نینگروکے گھر کو بھی مسمار کیا گیا تھا۔ سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی‘‘نے چار بے گناہ کشمیریوں کے خلاف فرد جرم دائر کر دی ہے۔ایس آئی اے نے جموں کی ایک خصوصی عدالت میں طالب حسین شاہ، فیصل احمد ڈار، محمد قاسم اور ضیاء الرحمان کے خلاف جاری تحریک آزادی سے وابستگی کے الزام میں فرد جرم دائر کی۔

یکم جنوری2023 ء۔۔ضلع راجوری میںنامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے کم از کم7 عام ہندوشہریوںکو ہلاک جبکہ 7 شہریوں کو زخمی کردیا۔ فائرنگ کا واقعہ ضلع کے گائوں اپر ڈنگری گائوں کے قریب پیش آیا۔سرینگر شہر کے حول چوک میں ایک دھماکہ ہواجس کے نتیجے میں سمیر احمدنامی نوجوان زخمی ہوگیا۔ضلع پلوامہ کے علاقے بیلو میں مجاہدین نے ایک کارروائی کے دوران بھارتی فوج کے ایک اہلکار سے ڈیوٹی کے دوران اس کی بندوق چھین لی اور بعد میں جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔ سرینگر میں لل دیدہسپتال کے احاطے سے ایک نامعلوم خاتون کی لاش برآمد کرلی گئی۔

2جنوری2023 ء۔۔ضلع ریاسی میں سڑک کے ایک حادثے میں بھارتی پیراملٹری کے دو اہلکار زخمی ہوگئے۔سرینگرکے امیراکدل علاقے میں دریائے جہلم سے سترسال کے معمر شخص غلام محمدبٹ کی لاش برآمد کی گئی۔

7 جنوری 2023 ء۔۔ مقبوضہکشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنماء فریدہ بہن جی نے تحریک آزادی کشمیر کے کارکن سجاد احمد کینوکو ان کے 27ویںیوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کا عظیم مشن ہر قیمت پر پایہ ء تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی میں ضلع پونچھ میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے بالاکوٹ کے قریب رات بھر جاری رہنے والی ایک فوجی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میںنئی دہلی کے زیر کنٹرول ’’سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی ایس آئی اے نے مختلف مقامات پر جماعت اسلامی کی مزید جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔ایک افسرنے صحافیوں کو بتایا کہ ایس آئی اے نے ضلع اسلام آباد کے علاقوں سرہامہ، ودی سری گفوارہ اور آرونی کے علاوہ کولگام قصبے میں جماعت اسلامی کی جائیدادیں ضبط کیں۔

8 جنوری 2022 ء۔۔ بھارتی پولیس نے جموں خطے کے ضلع راجوری میں کم از کم 18 بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے نوجوان کو ضلع کے علاقے ڈھانگری میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔پولیس نے نوجوانوں کی غیر قانونی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لیے انہیں عسکریت پسند قرار دیاہے۔

9جنوری2023 ء۔۔حریت رہنماپروفیسر مشتاق احمد سالرو اپنے آبائی علاقے بجبہاڑہ میں انتقال کرگئے۔ بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سرینگر ہوائی اڈے سے ملحقہ علاقوں کے لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ اور ہوائی اڈے کے حکام سے ان کی زمینیں خالی کرنے کا مطالبہ کیاہے۔سرینگر کے علاقوںنارو، اچھگام اور گڈسوتھ سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں لوگ پریس انکلیو سرینگرمیں جمع ہوئے اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔

10 جنوری2022 ء۔۔ شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے ہاین علاقے میںبھارتی فوج کی گاڑی نے ایک کار کو جان بوجھ کر ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں دو شہری شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ضلع کپواڑہ کے مژھل سیکٹر میں ایک سڑک حادثے میں بھارتی فوج کے ایک افسر سمیت تین اہلکار ہلاک ہو گئے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ضلع راجوری میں تفتیش کے بہانے 50سے زائد بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیاہے۔ بھارتی حکومت نے ضلع شوپیاں میں جیل میں غیر قانونی طورپر نظربند آزادی پسند کشمیری نوجوان کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔مودی حکومت نے ضلع کے علاقے ناگ بل میں عثمان گلزار وانی کی جائیداد ضبط کی ہے۔عثمان کو بھارتی فوجیوں نے اگست 2022میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران گرفتار کیا تھا اور بعدازاں اسے جموں کی کوٹ بھلوال جیل منتقل کردیاتھا۔

13 جنوری 2023 ء۔۔ ضلع راجوری کے علاقے سرنکوٹ میں عوام نے ایک 9 سالہ بچے عفرین احمدکے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔عفرین احمد کو سرنکوٹ کے علاقے شانگلہ میں اپنی رہائش گاہ کے قریب بھارتی فوج کے حمایت یافتہ ویلج ڈیفنس گارڈز کے ارکان نے فائرنگ کرکے شہید کیا۔بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے غیر قانونی طورپر نظربند کشمیری نوجوانوں فیصل منیر، حبیب، میاں سہیل، راشد، سجاد گل اور منی محمدکے خلاف چارج شیٹ دائر کی ہے۔

14 جنوری2023ء۔۔ضلع بارہمولہ کے ایک تربیتی مرکز میں پولیس کا ایک اہلکار دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔

15 جنوری 2023 ء۔۔ ضلع اسلام آباد کے علا قے سنگم میں ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہو ئی ہے۔ ضلع راجوری میں لوگوں نے مودی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔راجوری کے علاقوں منکوٹے، سدھیال، ٹھنڈیکسی اورنینگا ناڑ کے لوگوں نے مودی حکومت کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ضلع راجوری کے نوشہرہ علاقے میں کنٹرول لائن کے قریب لام گرائونڈ میں ویلج ڈیفنس گارڈز کے نام پر بھارتی فوج نے نئے پچاس افراد پر مشتمل مسلح دہشت گرد گروپ کے لیے ایک خصوصی تربیتی کیمپ شروع کردیاہے۔

٭٭٭