معرکے۔۔۔

ہمایوں قیصر

16 جنوری2023 ء۔۔ضلع بڈگام کے مرکزی چوک کے قریب بھارتی فوج نے ظالمانہ کارروائی کے دوران دو نوجوانوں ارباز احمد میرساکنہ راجپورہ پلوامہ اور شاہد احمد شیخ ساکنہ کاکہ پورہ پلوامہ کوفرضی جھڑپ کا ڈرامہ رچاکر تلاشی کے بہانے گاڑی سے اتار کر بلاجوازگولیوں کا نشانہ بنا یا جس کے نتیجے میں دونوں نوجوان موقع پر ہی شہید ہوگئے۔

20 جنوری2023 ء ۔۔ ضلع کپواڑہ کے علاقے بگاٹورا ہندواڑہ میںایک بھارتی فوجی شیو کمار نے اپنے کیمپ میں اپنی سروس رائفل سے خودکو گولی مار خود کشی کرلی۔اس تازہ واقعے سے جنوری 2007 سے اب تک مقبوضہ علاقے میں خود کشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر 561 ہو گئی ۔

21جنوری2022 ء ۔۔ضلع اسلام آباد میںانسدادتجاوزات کے نام پر لوگوں سے مجموعی طورپر40ہزارکنال سے زائد اراضی چھین لی ہے جبکہ صرف گزشتہ تین دن میں لوگوں سے4200کنال سے زیادہ اراضی چھینی گئی ہے۔ جموں شہر میں دو پراسرار دھماکوں میں کم از کم نو افراد زخمی ہو گئے۔ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی پولیس نے حریت رہنما ظہور احمد بٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس نے تحریک آزاد ی کے معروف شہیدرہنما محمد مقبول بٹ کے چھوٹے بھائی ظہور احمد بٹ کو ضلع کپواڑہ میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا۔

22 جنوری2023 ء۔ضلع شوپیاں کے ناگہ بل علاقے میں بھارتی فوج نے تلاشی کی کارروائی کے دوران حزب المجاہدین سے وابستہ دیرینہ مجاہد ناصر احمد شیرگجری عر ف قاسم بھائی کو گرفتارکرنے کا دعویٰ کیاہے۔ سرینگر کے عیدگاہ علاقے میں ایک کارروائی کے دوران حزب المجاہدین سے وابستہ مجاہدین نے بھارتی فوج کی ایک پارٹی پر گرینیڈپھینکا جس کے نتیجے میں کئی اہلکار زخمی ہوگئے۔ضلع پونچھ کے منڈی علاقے میں بھارتی فوج کا ایک حوالدارڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔

25 جنوری2023ء۔۔ ضلع پونچھ کے علاقے سرنکوٹ میں تلاشی اور گھروں پر چھاپوں کے دوران بھارتی پولیس نے چارنوجوانوں کوگرفتار کیا۔ نوجوانوں کو جموں کے علاقے ناروال میں حالیہ دھماکے کے سلسلے میں درج ایک جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔

26جنوری 2023 ء۔۔مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کے حمایت یافتہ ولیج ڈیفنس گارڈز کے اہلکارنے ضلع پونچھ میں اپنی بیوی روبینہ کوثر کو گولی مار کر قتل کردیا۔بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کا ایک سب انسپکٹرپیارے لال ضلع کولگام کے علاقے کے پی کالونی میں دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔

27 جنوری2023 ء۔۔۔ ضلع کپواڑہ کے علاقے میں ایک نامعلوم مسلح شخص نے ساحر احمد خان نامی لڑکے کو 12بور رائفل سے گولی مار کر زخمی کردیا۔

28جنوری2023 ء۔۔ ضلع بڈگام کے علاقے ہمہامہ میں بھارتی فوجی گاڑی نے جان بوجھ کر ایک موٹر سائیکل سوارکوٹکر ماردی جس کے نتیجے میں وہ موقعہ پر ہی جانبحق ہوگیا۔

29جنوری2023ء ۔۔ضلع بانڈی پورہ کے علاقے سنبل میں دریائے جہلم سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

30 جنوری2023 ء۔۔ ضلع بارہمولہ کے سوپور قصبے میں ایک 29سالہ شخص شہزاد احمد ملک کی لاش برآمد کرلی گئی۔ ضلع کولگام میں ایک عالم دین پولیس سٹیشن سے لاپتہ ہوگئے ہیں۔عالم دین مفتی نذیر احمد ڈار 28جنوری 2023کو ضلع کے علاقے بہی باغ میں واقع پولیس سٹیشن سے لاپتہ ہوگئے ہیں۔28جنوری کو نذیر احمد ڈاردوبارہ تھانے پر گئے جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہیں۔ بھارتی پولیس نے ضلع پلوامہ سے چار نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے اونتی پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران گرفتار کیا۔ ضلع کپواڑہ میں ایک فوجی کیمپ پرڈیوٹی کے دوران بھارتی فوج کا ایک اہلکار اچانک بے ہوش ہو کر ہلاک ہوگیا۔

یکم فروری2023ء ۔۔ ضلع راجوری میں چھاپوں کے دوران تین نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ نوجوان علاقے میں حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ کشمیری تاجر مرزا محمد حنیف بیگ ساکنہ سرینگر کے حول ، نئی دہلی میں اپنی رہائش گاہ سے لاپتہ ہوگیا۔ بھارتی ریاست گجرات میں پولیس نے چار کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے نوجوانوں کو ریاست کے شہر احمد آباد کے علاقے موتیرا میں ایک سٹیڈیم کے قریب سے گرفتار کیا۔ گرفتارشدگان بڈگام کے رہائشی ہیں۔وسطی کشمیرمیں ضلع بڈگام کے علاقے ماگام میں لوگوں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو ان کے حقوق کے ساتھ ساتھ اور ان کی زمینوں سے بھی محروم کیا جا رہا ہے۔ضلع شوپیاں میں ایک نوجوان فیضان یاسین ڈار ساکنہ بارہمولہ دوران حراست پُراسرار طور پر موت واقعہ ہوئی۔ بھارتی پولیس نے ضلع بارہمولہ کے رہائشی نوجوان فیضان یاسین ڈار کو حال ہی میں شوپیاں سے گرفتار کیا تھا۔

2 فروری2023 ء۔۔بھارتی قابض انتظامیہ نے جنوبی کشمیر کے قصبے اسلام آباد میں حریت رہنما قاضی یاسر کے ایک شاپنگ کمپلیکس کو گرادیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ہیڈ آفس کی عمارت کوبھی ضبط کیاگیا۔ جماعت اسلامی اور اس کے رہنمائوں کی متعدد جائیدادیں ضبط کی گئی ہیں جبکہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران بہت سے حریت رہنمائوں اور کارکنوں کے درجنوں مکانات کو گرادیاگیاہے۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی پولیس نے ضلع راجوری سے تین افراد گرفتار کر لیے۔گرفتار کیے گئے افراد کی شناخت ماجد ڈار، زوہیب خان اور محمد جبار کے طورپر ہوئی ہے۔بھارتی پولیس نے انکی گرفتاری کا جواز فراہم کرنے انہیں ایک مجاہد تنظیم کارندہ قرار دیا ہے۔

3 فروری2023 ء۔۔ جموں و کشمیر میں مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی کشمیردشمن پالیسیوں کے خلاف ضلع شوپیاں میں دکانداروں نے احتجاج کیا۔ناگ بل کے سینکڑوں دکانداروں نے اپنی دکانیں بند کر کے انسداد تجاوزات کی نام نہادمہم کی منسوخی کیلئے احتجاج کیا۔ناگ بل، شوپیاں میں احتجاجی ہڑتال کی گئی جبکہ کیلر شوپیاں کے مرکزی بازار میں گزشتہ روز مہم کے خلاف ہڑتال کی گئی تھی۔ دکانداروں نے قابض انتظامیہ سے عوام دشمن اس مہم کی منسوخی کا مطالبہ کیا جس کا مقصد کشمیریوں کو ان کے گھروں اور زمینوں سے جبری بے دخل کرناہے ۔بھارتی پولیس نے ضلع کولگام کے میر ہامہ علاقے میں ایک تلاشی مہم کے دوران دو بچوں سمیت چھ بے گناہ کشمیریوں کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے کشمیریوں کی غیر قانونی گرفتاری کا جوازپیش کرنے کیلئے انہیں مجاہد تنظیم کا کارکن قرار دیاہے۔ضلع پونچھ میں کنٹرول لائن کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں بھارتی فوج کا ایک اہلکارشدید زخمی ہوگیا۔ بھارتی تحقیقاتی ادارے ’’نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی‘‘کی ایک عدالت نے ایک کشمیری نوجوان کو چار برس سے زائد کی قید کی سزا سنادی ہے۔ ضلع اسلام آباد کی این آئی اے عدالت کے خصوصی جج نے نوجوان داؤد احمد ڈار کو تحریک آزادی سے وابستگی کے جرم میں 4 سال 8 ماہ قید کی سزا سنائی۔یاد رہیبھارتی پولیس نے ضلع کولگام کے علاقے اشموجی کے رہائشی داؤد احمد ڈار کو یکم اگست 2018 کو گرفتار کیا تھا۔ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف سرینگر میں لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے نماز جمعہ کے بعد پریس انکلیو سرینگرمیں اکھٹے ہو کر ڈنمارک کے اسلام دشمن راسموس پالوڈان کے خلاف نعرے لگائے جس نے سٹاک ہوم میں ترک سفارتخانے کے باہر قرآن پاک کے نسخے کو نذرآتش کیا تھا۔

6 فروری2023 ء۔۔ جموں خطے کے ضلع سانبہ کمالہ رام گڑھ سے ایک چوبیس سال کے نوجوان امان بھٹی کی لاش برآمد ہوئی ہے۔جموں کے علاقے میں انسداد تجاوزات مہم کے خلاف عوام نے مظاہرہ کیا ،مظاہرین نے عملے پر پتھرائو کیا اور نعرے لگائے ،اس دوران پولیس نے ایک درجن کے قریب نوجوانوں کو گرفتارکرلیا۔

7 فروری 2023 ء۔۔ ضلع پونچھ کے علاقے میں ایک 15سالہ لڑکا محمد شعیب بھارتی فوج کی جانب سے نصب کی گئی بارودی سرنگ پھٹنے سے زخمی ہوگیا۔مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما بلال صدیقی سمیت تین بے گناہ کشمیریوں کو سرینگر میں گرفتار کر لیا۔پولیس نے حریت رہنما بلال صدیقی، سماجی کارکن عمر عادل ڈار اور ایک دکاندار سالک معراج کو سرینگر کے علاقے نوگام میں ان کی دکان اور گھروں سے گرفتار کیا۔پولیس نے ان پر مجاہدین کے ساتھ کام کرنے کا الزام عائدکردیا۔

8 فروری 2022 ء۔۔ضلع پلوامہ کے علاقے میں بھارتی پولیس نے ایک درجن کے قریب نوجوانوں کو تلاشی مہم کے دوران گرفتار کرلیا۔گرفتارکئیگئے افراد کی شناخت منظور گنائی، بشیر گنائی، عزیز بخشی، الزار شیخ، مشتاق لون، جاوید احمد شاہ، عبدالحمید پرے، مشتاق احمد بٹ، عبدالحمید بٹ اورمحمد افضل ملک کے طور پر کی گئی ہے ۔بھارتی حکومت نے فوج کی حمایت یافتہ ویلج ڈیفنس گارڈز کے 900سے زائد افراد کو ضلع راجوری میں تربیتدی اور انہیں ہتھیار بھی فراہم کئے ۔بھارتی فوج نے جموں خطے میں تقریبا 28ہزار ویلج ڈیفنس گارڈزتعینات کئے ہیں ۔

9 فروری2023 ء۔۔ ضلع راجوری میں قابض بھارتی انتظامیہ نے انسداد تجاوزات کے نام پر شروع کی گئی نام نہاد مہم کے دوران راجوری ضلع کی تمام تحصیلوں میں اب تک2لاکھ 86ہزار8سو 75 کنال اور 14 مرلہ اراضی پر قبضہ کیا ہے۔

10 فروری2022 ء۔۔ معروف کشمیری سپوت محمد افضل گورو کی 9ویں برسی پر سرینگر ، سوپور اور دیگر علاقوں میں مکمل ہڑتال کی گئی۔بھارتی فوج اور پولیس نے کشمیریوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ ہرگز ہڑتال نہ کریں لیکن اسکے باوجود دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے۔ بھارت نے تحریک آزادی میں نمایاں کردار کی پاداش میں محمد افضل گورو کو 9 فروری 2013 کو جبکہ محمد مقبول بٹ کو 11فروری 1984 کونئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں تختہ دار پر لٹکایا تھا۔

13 فروری 2023 ء۔۔ ضلع ادھمپور کے علاقے بدر کے رہائشی شمس الدین کو بھارتی فوج نے حراست کے دوران شہید کردیا۔ شمس الدین کے ایک بھائی انس جواد نے بھارتی فوجیوں کے مظالم کی وجہ سے مقبوضہ علاقے سے آزاد جموںوکشمیر ہجرت کی تھی۔مقبوضہ کشمیر میں لوگوں نے قابض بھارتی انتظامیہ کی طرف سے انسداد تجاوزات مہم کے نام پر جاری بے دخلی مہم کے خلاف سرینگر، جموں اور دیگر علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے۔ اس مذموم مہم کا مقصد کشمیری مسلمانوں کی زمینوں، گھروں پر قبضہ کرانہیں بھارتی ہندئوں تصرف میں دینا ہے۔لوگوں کی بڑی تعداد نے بے دخلی مہم کے خلاف سرینگر پریس انکلیو میں احتجاجی دھرنا دیا۔

14 فروری2023ء۔۔ضلع پلوامہ کے لیتر علاقے میں بھارتی فوج نے دو نوجوانوں کو مجاہدین کے ساتھ کام کرنے کے ایک جھوٹے الزام میں گرفتارکرلیاہے۔

15 فروری 2023 ء۔۔ ضلع پونچھ میں ایک 60سالہ شہری مشتاق احمد کوپراسرار حالت میں مردہ پایا گیاجبکہ بارہمولہ کا رہائشی نصیر احمد لون بٹ مالو کے علاقے ٹینگ پورہ کے قریب اپنی گاڑی میں مردہ حالت میں پایا گیا۔ مقبوضہ کشمیر کے لداخ ریجن میں نگرانی پر معمور بھارتی فوج کا ایک ڈرون گر کر تباہ ہوگیاہے۔ضلع کپواڑہ کیسدپورہ میں بھارتی فوج نے ایک مجاہدکو فائرنگ کرکے سرحد کے قریب شہید کرنے کا دعویٰ کیاہے۔

٭٭٭