ہمایوں قیصر
16 مارچ 2023 ء۔۔ ضلع پونچھ میں کالج کے قریب تعینات سی آر پی ایف کے اہلکاروں کے درمیان آپس میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں بھارتی فوج کا سب انسپکٹر اور کانسٹیبل زخمی ہوگیا۔ سرینگر کے علاقے تینگن نوگام میں ایک نوجوان سہیل رحمان پراسرار طورپر مردہ پایا گیاہے۔ ضلع اسلام آباد میں ایک بھارتی پولیس کانسٹیبل عمرفاروق نے اپنی سروس رائفل سے خود پر فائرکرکے خودکشی کر لی ۔
17مارچ2023 ۔۔ضلع کپواڑہ میں کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کی حمایت کرنے پربھارتی قابض انتظامیہ نے ایکشہری محمد عبداللہ میر کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔قابض انتظامیہ کی طر ف سے اس سلسلے میں جاری احکامات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ محمد عبداللہ مجاہدین کو مدد اور پناہ فراہم کر تاتھا۔
18 مارچ 2023 ء ۔۔ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی ایک خصوصی عدالت نے دو کشمیری صحافیوں فہد شاہ اور اعلیٰ فاضلی کے خلاف بغاوت کے ایک جعلی مقدمے میں فرد جرم عائد کردی ہے۔ جموں و کشمیر میںنئی دہلی کے زیر کنٹرول ’’سٹیٹ انویسٹی گیش ایجنسی‘‘ کے اہلکاروں نے بھارتی پیر املٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ شوپیاں، کولگام، اسلام آباد، سری نگر اور دیگر علاقوںمیں مولانا سرجان برکاتی، محمد شفیع وگے، محمد حنیف بٹ اور عبدالحمید لون کی رہائش گاہوں سمیت متعدد گھروں پر چھاپے مارے اور تلاشی عمل میں لائی۔ تلاشی کے دوران رہائشیوں کی جائیداد کے کاغذات اور موبائل فون قبضے میں لیے گئے۔
19 مارچ 2023 ء ۔۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کی حراست میں ایک پولیس اہلکار پوچھ گچھ کے دوران پراسرارطور پر ہلاک ہوگیا۔ضلع پلوامہ کے کاکہ پورہ علاقے میں سپیشل انوسٹگیشن ایجنسی نے ایک شہری عبدالعزیز ڈار کے گھر پر چھاپہ مارا اور گھر کی تلاشی لی ۔پولیس نے عبدالعزیز پر الزام عائد کردیا کہ وہ مجاہدین کے ساتھ بطور سہولت کار کام کرتا تھا۔ ضلع بانڈی پورہ سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمدہوئی ہے۔لاش ضلع کے علاقے اندرکوٹ میں ایک نالے سے ملی۔
20مارچ 2023 ء۔۔ نئی دہلی کے زیر کنٹرول خصوصی تحقیقاتی ادارے ایس آئی یو نے ضلع پلوامہ کے کاکہ پورہ علاقے میں ایک ممتاز مزاحمتی کمانڈرریاض ڈار کے گھر پر چھاپہ مارااور ان کے گھر والوں کو حراساں کیا۔
20مارچ 2023 ء۔۔ این آئی اے کے ہمراہ بھارتی فوج نے ضلع بانڈی پورہ کے علاقوں گنڈ پورہ ،رامپورہ اور چٹی بانڈے میں دو رہائشی مکانات کو ضبط کر لیا۔ عبدالمجید ریشی اور محمد جمال ملک پر یہ الزام لگاکر ان کے مکانات کوضبط کرلیاگیا ہے کہ یہ حریت پسند کارکنوں کے زیر استعمال تھے۔
21مارچ2023 ء ۔۔ ضلع کٹھوعہ میں ایک سکھ نوجوان پر پولیس کے تشدد کے خلاف لوگوں نے زبردست احتجاج کیا۔مظاہرین نے ضلع کے علاقے مارہین سنگی موڑ میں پولیس کی طرف سے کبڈی کے کھلاڑی جیون سنگھ کو ہراساں کرنے کے خلاف احتجاج کیا اور سڑک بلاک کردی ۔ ضلع بارہمولہ کے میر گنڈ علاقے میں ایک نامعلوم شخص کی لاش ایک کھیت سے برآمد ہوئی ہے۔
21 مارچ 2023 ء۔۔جموں و کشمیر میں بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے کشمیری صحافی عرفان معراج کو نئی دلی میں انکے خلاف درج ایک جھوٹے مقدمات میں تفتیش کیلئے گرفتار کر لیا ہے۔فری لانس صحافی عرفان کو نئی دلی سے سرینگر آنے والی این آئی اے کی ایک خصوصی ٹیم نے گرفتار کیا ۔ این آئی اے نے ضلع بارہمولہ کے علاقے سوپور کے نوجوان محمد رفیع نجار کے خلاف جھوٹے مقدمے میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔ این آئی اے نے پہلے انہیں ایک مجاہد تنظیم کا اوور گرائونڈ ورکر بتایا تھا تاکہ اس کی غیر قانونی نظربندی کا جوازپیش کیاجا ئے۔محمد رفیع نجار دستکاری کے ڈیلر ہیں اور نیپال کے شہر پوکھرا میں مقیم تھے۔
23مارچ2023 ء۔۔ بھارتی فوجیوں نے ضلع بارہمولہ میں ایک نوجوان کو گرفتار کر لیاہے۔ نوجوان کو ضلع کے علاقے سوپورمیں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔کشمیری نوجوان کی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لیے بھارتی فوجیوں نے اس کے پاس سے ہتھیار اور گولہ بارود، ایک موبائل فون اورسم کارڈ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
24 مارچ2023 ء۔۔ضلع کپواڑہ کے علاقے ٹنگڈار میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک جھڑپ کے دوران بھارتی فوج نے ایک مجاہد کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ضلع کٹھوعہ میں بھارتی فوجی اسسٹنٹ سب انسپکٹر 55 سالہ گیان چندکواپنے کیمپ میں پُراسرار طور پر مردہ پایا گیا۔
25 مارچ2023ء۔۔ بھارتی پولیس نے جموں ضلع میں ایک سکھ خاتون اور اس کے شوہر کو گرفتار کر لیا ہے۔بھارتی پولیس نے سکھ خاتون پرمجیت کور اور اس کے شوہر امرک سنگھ کو ضلع کے علاقے آر ایس پورہ میں گھر پر چھاپے کے دوران گرفتار کیا۔پولیس نے دعویٰ کیا کہ دونو ں خالصتان حامی سکھ سربراہ امرت پال سنگھ کے قریبی ساتھی ہیں۔
26مارچ 2023 ء۔۔ ضلع سانبہ میں فیکٹری کے اندر ایک پراسرار دھماکے میں ایک شخص کی موت ہو گئی اور چھ دیگر زخمی ہو گئے۔ سری نگر کے علاقے رام باغ میں ایک شہری سلمان ارشاد وانی کی لاش پراسرار حالت برآمد ہوئی ہے۔
27 مارچ 2023 ء۔۔۔ ضلع بارہمولہ میں بھارتی پولیس کا ایک سب انسپکٹر دل کا دورہ پڑنے ہلاک ہوگیا۔
28مارچ 2023 ء ۔۔ ضلع کٹھوعہ میںایک پُراسرار دھماکے میں ایک بھارتی پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔ دھماکہ ضلع کے علاقے ہیرا نگرمیں بارڈر پولیس پوسٹ سانیال کے قریب ہوا۔ بھارتی فوج کی سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے پولیس اہلکار وں کے ہمراہ جموں خطے میں مودی حکومت کی طرف سے ولیج ڈیفنس گارڈز کے نام پرقائم کئے گئے دہشت گرد گروپ کو ہتھیاروں کی خصوصی تربیت فراہم کی ہے۔بھارتی پیرا ملٹری فورس نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ضلع راجوری کے ایک چھوٹے سے قصبے کالاکوٹ میں 300 سے زائد ویلج ڈیفنس گارڈز کو ہتھیاروں کی تربیت دی ہے۔
29 مارچ2023 ء۔۔ ضلع کپواڑہ سے ایک لاپتہ شہری کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ گزشتہ ہفتے لاپتہ ہونے والے 65سالہ محمد شعبان کی لاش ضلع کے نواحی علاقے براری پورہ ہندواڑہ سے برآمد ہوئی ہے۔ ضلع اسلام آباد کے علاقے مہند میں ایک پوسٹ پر تعینات سی آر پی ایف ہیڈکانسٹیبل سنیل سورین دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔
29 مارچ 2023 ۔۔مقبوضہ کشمیرمیں’’ سٹیٹ انویسٹی گیشن یونٹ‘‘ نے ضلع کولگام کی ایک خصوصی عدالت میں پانچ کشمیری نوجوانوں کے خلاف فرد جرم دائر کر دی۔نوجوانوں کے خلاف فرد جرم کیلر تھانے میں گزشتہ برس درج کی گئی ایک فرضی ایف آئی آر کے سلسلے میں دائر کی گئی۔جن نوجوانو ں کے خلاف فرد جرم دائر کی گئی ان کے نام عاقب حسین نندہ ، گوہر منظور بٹ ، آصف لطیف ، افلوک یوسف ڈیگو اور عمر حسین ڈار بتائے جاتے ہیں۔
30 مارچ ۔۔۔ ضلع ادھمپور کے بم دھماکوں کے سلسلے میں بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی یشن ایجنسی نے دو بے گناہ کشمیریوں اسلم شیخ اور محمد امین بٹ کے خلاف درج ایک جھوٹے مقدمے میں فرد جرم دائر کر دی ہے۔
31مارچ۔۔۔بھارتی فوج نے ضلع شوپیاںکے سعدپورہ علاقے میں دو کشمیری نوجوانوںشعیب ریاض اور عنایت اللہ اقبال کومجاہدین کے ساتھ بطورسہولت کارکام کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
یکم اپریل2023ء ۔۔ ضلع بڈگام کے چاڈورہ علاقے میں بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک افسر اسسٹنٹ سب انسپکٹر اجے کمارنے خودکشی کرلی۔ اس واقعے سے جنوری 2007 سے مقبوضہ جموںوکشمیر میں خود کشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھ 564 ہو گئی۔
2 اپریل2023 ء۔۔ جموں و کشمیر کے خطے لداخ میں بھارتی فوج کا ایک افسرصوبیدار میجر تسیوانگ مروپ سڑک حادثے میں ہلاک ہو گیا۔ ضلع کٹھوعہ میں بھارتی پیراملٹری بارڈر سیکورٹی فورس کا ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر اے ایس آئی سکھ نندن پرساداپنی ہی سروس رائفل کی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔
جموں و کشمیر میں نئی دہلی کے زیر کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ادارے ایس آئی اے نے غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری صحافی پیرزادہ فہد شاہ کے خلاف ایک جھوٹے مقدمے میں چارج شیٹ داخل کردی ہے۔
3 اپریل2023 ۔۔ ایس آئی اے نے عسکریت پسندی کی فنڈنگ کے نام نہاد مقدمے کی تحقیقات کے سلسلے میں وسطیٰ اور شمالی کشمیر میں6 مقامات پر چھاپے مار ے ہیں۔ایس آئی اے کے اہلکاروں نے انڈین سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ سرینگر، بارہمولہ اور کپواڑہ اضلاع میں مختلف مقامات پر لوگوں کے گھروں میں چھاپے مارے اور تلاشی لی۔این آئی اے نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند رہنمائوں بلال صدیقی اور مولوی بشیر احمد کی سرینگر میں واقع رہائشگاہوں پر بھی چھاپے مارے ۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت نے اپنی پیراملٹری فورسز کو حکم دیا ہے کہ وہ وادی کشمیر، جموں اور لداخ خطے میں رہنے والے تمام کشمیریوں کے کوائف جمع کرنے کا عمل تیز کریں۔ بھارت کی بارڈر سیکیورٹی فورس، انڈو تبتین بارڈر پولیس فورس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس سے کہا گیا ہے کہ وہ تینوں خطوں جموں، وادی اور لداخ میں معلومات فراہم کرنے والے نیٹ ورک کو بڑھا دیں۔
04 اپریل2023 ۔۔ضلع رام بن میں بھارتی فضائیہ کا ایک اہلکار سڑک کے ایک حادثے میں ہلاک ہوگیا ہے۔
5 اپریل2023ء۔مقبوضہ کشمیر کے لداخ خطے میں بھارتی فوج کا ایک افسر لائن آف ایکچوئل کنٹرول اسسٹنٹ کمانڈنٹ تکم سنگھ نیگی مشرقی لداخ کے سب سیکٹر میں گشت کے دوران ہلاک ہو گیا۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے بارہمولہ میں تھانے سے فرار ہونے والے دو نوجوانوں کو دوبارہ گرفتار کر لیاہے۔معروف نذیر صالح اور شاہد شوکت بالا کو پولیس نے ضلع بارہمولہ کے علاقے چکلو سے دوبارہ گرفتار کیا۔دونوں تھانے سے سحری کے وقت فرارہوئے تھے۔ دونوں نوجوان مئی 2022سے پولیس کی حراست میںتھے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے جماعت اسلامی سے منسلک الھداء ایجوکیشنل ٹرسٹ کے خلاف ایک کیس میں چارج شیٹ داخل کردی ہے۔بھارتی حکومت نے جماعت اسلامی کو 2019میں ایک غیر قانونی تنظیم قرار دیا تھا۔
6 اپریل2023 ء۔۔ ضلع گاندر بل کے علاقے سونمرگ میں ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
7 اپریل 2023 ء۔۔ ضلع کپواڑہ میں بھارتی پولیس کا ایک اہلکار اپنی سروس رائفل سے حادثاتی طورپر گولی نکلنے کی وجہ سے ہلاک ہو گیا۔ہلاک ہونے والے پولیس اہلکار کی شناخت بکرم شرما کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع کپواڑہ کے صدر عبدالرحمان لون کی رہائش گاہ پر بطور سیکورٹی گارڈ تعینات تھا۔ سرینگر میں ایک احتجاج کے دوران لاپتہ نوجوان کے اہلخانہ نے قابض انتظامیہ سے اپنے بیٹے کے بارے معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کیاہے۔کپواڑہ کا رہائشی فردوس احمد رواں سال 17فروری کو بھارتی ریاست پنجاب کے شہر لدھیانہ سے لاپتہ ہو گیا تھا جس کے بعد سے اس کے بارے میں کوئی معلومات نہیں مل سکی ہیں۔لاپتہ نوجوان کی والدہ اور بہن سمیت اہلخانہ نے پریس انکلیو سرینگر میں اس بارے میں معلومات کی فراہمی کیلئے احتجاج کیا۔
8 اپریل3 202 ء۔۔ضلع جموں کے سانبہ علاقے میں ایک بھارتی فوجی گاڑی گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں ایک بھارتی فوجی رام پرساد ہلاک ہوگیا۔
9اپریل2023 ء۔۔ضلع پونچھ کے شاہپور علاقے میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک جھڑپ کے دوران بھارتی فوج نے ایک مجاہد محمدشریف کوہلی ساکنہ سنجل آزاد کشمیر کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔بھارتی فوج نے دعویٰ کیا کہ انہوں اس دوران دو مجاہدین محمد شکیل کوہلی اور طارق کوہلی کو گرفتارکرلیا ۔ ضلع بڈگام کے کرالہ پورہ چاڈورہ علاقے میںپولیس نے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمدکرلی۔
10اپریل2023 ء۔۔بھارتی قابض حکام نے تین درجن سے زائد کشمیری سیاسی نظربندوں کو بھارت کی مختلف جیلوں میں منتقل کر دیا ہے۔بھارتی جیل انتظامیہ نے کوٹ بھلوال جیل سے دو درجن سے زائد اور بارہمولہ سب جیل سے نصف درجن قیدیوں کو بھارتی ریاستوں ہریانہ اور اتر پردیش کی جیلوں میں منتقل کیا گیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں سمیت سینکڑوں بے گناہ کشمیری نئی دہلی کی تہاڑ جیل، آگرہ سینٹرل جیل، یوپی کی نینی جیل، ہریانہ کی روہتک جیل، کرنال جیل، ممبیا، بنگلورو اور راجستھان کی سنٹرل جیل جودھ پور میںنظر بند ہیں۔بھارتی پولیس نے تلاشی مہم کے دوران سوپور اور پٹن علاقے میں ایک خاتون سمیت دو افراد کو مجاہدین کے ساتھ کام کرنے کے الزام میں گرفتارکرلیاہے۔جموں ریلوے سٹیشن کے قریب ایک بھارتی فوجی سدھیرکماررائے ڈیوٹی کے دوران اپنی ہی رائفل سے نکلی گولی سے زخمی ہوگیاہے ۔ضلع راجوری کے بائی نمبل علاقے میں ایک وی ڈی سی ممبر سریش کمار شرما نے اپنی ہی رائفل سے خود پر گولی چلا کر خودکشی کرلی ۔
12 اپریل2023۔۔بھارتی این آئی اے کی خصوصی عدالت نے چار کشمیری نوجوانوں عمر مشتاق خان، علی کاشف مرتضی رشید ڈار اور سجاد احمد ڈار کے خلاف فرد جرم عائدکردی ہے۔ان کشمیری نوجوانوں پر الزام عائد کردیا گیا ہے کہ وہ مجاہد تنظیم کے ساتھ بطور بالائی ورکر کام کررہے تھے۔ ضلع شوپیاں کے چکورہ علاقے میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں کئی بھارتی فوجی اہلکار زخمی ہوگئے ۔مجاہدین بھارتی فوج کامحاصرہ توڑکر نکلنے میں کامیاب ہوئے۔
15 اپریل2023ء۔۔ لداخ خطے کے ضلع کرگل میںگل ہوائی اڈے کے قریب بھارتی فوج کا چھوڑا ہوا ایک آوراہ شیل پھٹنے سے ایک لڑکا باقر احمدجانبحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت نے تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کے لئے پیراملٹری بارڈر سیکورٹی فورس کے اضافی دستے تعینات کر دئیے ہیں۔بارڈر سیکورٹی فورس کے اضافی دستے وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں تعینات کئے گئے ہیں۔ جامع مسجد سرینگر نے جمعتہ الوداع کے عظیم موقعے پر کشمیری مسلمانوں کو تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے سے ایک بار پھر بھارتی انتظامیہ نے روک دیا۔ جمتہ الوداع کے اہم موقع پر وادی بھر کے تمام اضلاع سے لاکھوں لوگ نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے جامع مسجدکا رخ کرتے ہیںلیکن انتظامیہ نے جامع مسجد میں نماز ادا کرنے سے روک دیا۔
٭٭٭