ہمایوں قیصر
16 مئی 2023 ء ۔۔بھارتی پولیس نے (این آئی اے )کے ہمراہ ایک چھاپے کے دوران سرینگر سے تعلق رکھنے والے دو بے گناہ کشمیریوںجاوید احمد بٹ اور ظہور احمد بٹ کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے ان دونوں پرالزام عائد کردیاکہ وہ ممتاز حریت رہنما میر واعظ مولوی محمد فاروق کے قتل میں ملوث ہیں۔یاد رہے بھارتی ایجنٹوں نے میرواعظ مولوی محمد فاروق کو 21مئی 1990کو سرینگر کے علاقے نگین میں ان کے گھر میں گھس کر شہید کر دیا تھا۔ سعودی عرب میں ایک بھارتی شہری نے 24 سالہ کشمیری نوجوان ذاکر نبی بٹ ساکنہ قاضی گنڈکو قتل کردیا۔ ذاکر نبی بھارتی ڈرائیور کی جانب سے دانستہ طورپرگاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہو گیا ہے۔ذاکر کے اہل خانہ کے مطابق آسام کے بھارتی ڈرائیور کا کچھ دن پہلے ذاکر کے ساتھ جھگڑا ہوگیا تھا اور وہ اسے مسلسل ہراساں کر رہا تھا۔

17 مئی2023 ء۔۔ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میںبھارتی پولیس فورس کے ایک اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔
18مئی2023 ء۔۔بھارتی پولیس نے ضلع بارہمولہ میں دو نوجوانوں بشیر احمد میر اور سید خاکی شاہ نامی نوجوانوں کو پی ایس اے کے تحت حراست میں لیا اور بعد ازاں انہیں جموںکی کوٹ بھلوال جیل منتقل کردیا۔پولیس نے دعویٰ کیا کہ یہ دونوں بھارت مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ بھارتی پولیس نے اور دو نوجوان محمد افسر خان اور طارق احمد شیخ کو بھی گرفتار کیا ہے۔ ان پر ایک جھو ٹا الزام عائد کرکے انہیں بھی کوٹ بھلوال جیل منتقل کیا گیا۔سوپور میں بھارتی فوج کے ایک یونٹ میں کرنٹ لگنے سے شدید زخمی ہونے والا نوجوان ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔26سالہ دانش بجلی کا کرنٹ لگنے سے اس وقت شدید زخمی ہو اتھا جب بھارتی فوج کی ایک یونٹ نے اسے گزشتہ ہفتے سوپور قصبے میں اپنے کیمپ کے قریب بجلی کی ترسیل منقطع کئے بغیرسی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے پر مجبور کیا۔
19مئی 2023ء۔۔ ضلع اسلام آباد ککر ناگ میں صباء بیگم نامی خاتون کی لاش نالہ برینگی سے برآمد ہوئی۔ بھارتی پولیس نے گرفتار حریت رہنماشبیر احمد شاہ کے گھر پر چھاپہ مار کرگھر کے سامان کی توڑ پھوڑ کی اور اہلخانہ کو ہراساں کرنے کے علاوہ مکان کی دستاویزات قبضے میں لے لئے ۔ بھارتی پولیس نے دو حریت رہنمائوں یاسمین راجہ اور زمرودہ حبیب کوسرینگر سے گرفتار کر کے وویمن پولیس اسٹیشن رام باغ میں نظربند کردیا ۔
20مئی 2023 ء۔۔ بھارتی پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے ضلع ڈوڈہ میں پاکستان میں مقیم پانچ کشمیری حریت پسندوںکے گھروں پر چھاپے مارے۔ایس آئی یو نے یہ چھاپے ضلع کے علاقے گندوہ میں ان کے خلاف درج جھوٹے مقدمات کے سلسلے میں مارے۔جن کشمیری حریت پسندوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے ہیں ان کی شناخت تانتہ کہارہ کے عطا محمد عرف عادل مبشر،کنتھل تانتہ کے محمد یاسر عرف شاہد، ترنکل کہارہ کے محمد شفیع عرف ندیم اور امجد علی عرف راشداور مانوئی چلی پنگل کے ماجد حسین عرف ابو زاہد ثاقب کے طور پر ہوئی ہے۔ بھارتی تحقیقاتی ادارے ’نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی‘‘ کی ایک عدالت نے غیر قانونی طور پر نظر بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما مولوی بشیر احمد عرفانی پر ایک جھوٹے مقدمے میںفرد جرم عائد کر دی ہے۔این آئی اے کے اہلکاروں نے بھارتی پیراملٹری اور پولیس دستوں کے ہمراہ وادی کشمیر کے سری نگر، کپواڑہ، پلوامہ اور اسلام آباد اضلاع کے علاوہ جموں خطے کے ضلع پونچھ میں گھروں پر چھاپوں اور تلاشی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا۔بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع پونچھ میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔فوجیوں نے نوجوان کو ضلع کے علاقے مینڈھر میں تلاشی آپریشن کے دوران شہید کیا۔
21 مئی 2023 ء۔۔ بھارتی فوج نے جموں خطے کے علاقے اکھنور سے چار بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔محمد شفیق، ظفر اقبال، جاوید اقبال اور عامر ملک نامی نوجوانوں کو مٹھی فلائی اوور کے علاقے سے فوجی قافلے کی ویڈیو بنانے پر گرفتار کیا گیا۔
22 مئی 2023۔۔ سرینگر میں جی 20کے ناکام اجلاس کے خلاف مقبوضہ جموں و کشمیر اورآزادجموں وکشمیرمیں مکمل ہڑتال کی گئی جبکہ مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں سخت پابندیاں عائد کردی تھیں۔چین ، سعودی عرب، ترکیہ ، انڈونیشیا، مصر اورمیکسکونے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔سرینگر میں جھیل ڈل کے کنارے تقریب کے اردگرد بھارتی فوجیوں،پیراملٹری فورسز، ایلیٹ نیشنل سیکورٹی گارڈز اور میرین کمانڈوز کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ دکانداروں بالخصوص لال چوک، ریذیڈنسی روڈ، بڈشا چوک ، مائسمہ اورسرینگرکے دیگر علاقوں کے دکانداروں کو بھارتی فوج اور پولیس نے اپنے کیمپوں اور تھانوں میں طلب کیا اور انہیں اپنی دکانیں کھولنے کی ہدایت کی تھی۔
24 مئی2023 ء۔۔کشمیر میں بھارتی پولیس کے سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے ضلع کشتواڑ کے علاقوں پڈر، کیشوان اور ٹھکرائی میں چار افراد کے گھروں پر مارے گئے جن کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون’’یو اے پی اے‘‘ تحت جعلی مقدمات درج ہیں۔
25 مئی2023ء۔۔ ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے میں ایک تیز رفتارٹرک نے ہائی وے پر کھڑی بھارتی فوجی گاڑی کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں تین بھارتی پیراملٹر اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
26مئی 2023 ء۔۔ کشمیر کے ضلع پونچھ میں بھارتی فوج کی بچھائی گئی بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک شہری جاوید اقبال زخمی ہوگیا۔ بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادار این آئی اے نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو سزائے موت دینے کے لیے دلی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ضلع بارہمولہ میں بھارتی انتظامیہ نے چار نوجوانوں جاوید حسین یتوساکنہ گوشہ بگ پٹن،نثار احمدگنائی ساکنہ چندرہامہ پٹن ، عابد پرویز حجام اندرگام پٹن اور نثار احمد وانی ساکنہ سلطان پورہ پٹن کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کر کے کوٹ بھلوال جیل منتقل کیا ہے۔
27 مئی 2023 ء۔۔ ضلع کشتواڑ کے علاقے چرگی میں بھارتی فوج نے ایک بے گناہ کشمیری نوجوان محمد یوسف چوہان کومجاہد تنظیم کا رکن قراردے کر گرفتار کر لیا۔
29 مئی2023 ء۔۔ ضلع بڈگام کے علاقے بن پورہ سوئیہ بگ میں موٹر سائیکل پر سوار ایک بھارتی پولیس اہلکارٹرک کی ٹکر سے ہلاک ہوگیا۔ضلع اسلام آباد کے علاقے جنگلات منڈی کے قریب نامعلوم افراد نے ایک ہندو شہری دیپو ساکنہ ادھمپورکو گولی مارکر ہلاک کر دیا ۔ نئی دلی کے زیر کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ادارے ایس آئی اے نے ضلع کپواڑہ میں تقریبا 20 دکانوں کو سیل کر دیا۔ایس آئی اے نے جماعت اسلامی کی زیر ملکیت ایک شاپنگ کمپلیکس کی دکانوں کو کالے قانون کے تحت سیل کر دیا۔
30 مئی 2023 ۔۔ سرینگر کے علاقے بٹہ مالو بائی پاس پر نامعلوم افراد نے چاقو سے وارکرکے ایک شخص اعجاز احمد ساکنہ مومن آباد کو ہلاک کر دیا۔ضلع پونچھ کے سرحدی علاقے گلپور میںمجاہدین اور بھارتی فوج کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا ۔اس دوران بھارتی فوج نے تین مجاہدین کو اسلحہ سمیت گرفتارکرنے کا دعویٰ کیاہے ،گرفتارشدگان میں ایک مجاہد کو فائرنگ کے دوران زخمی حالت میں گرفتارکیاگیا۔ضلع بڈگام کے آری پتھن علاقے میں بھارتی پولیس اور این آئی اے نے فاروق احمد بٹ،علی محمد ڈار اور زبیر احمد ڈار کے گھروں پر چھاپے مارے ،گھروں کی تلاشی لی اور مکینوں کو حراساں کیا۔
31مئی2023۔۔بھارتی فوجیوں نے ضلع پونچھ میں کنٹرول لائن کے قریب کرمارہ گائوں میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائی کے دوران محمد فاروق نامی شخص کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔بھارتی فوج نے تین افراد کو گرفتارکرنے کادعویٰ کیاہے۔اس سے قبل اسی علاقے میں ایک حملے میں ایک بھارتی فوجی زخمی ہوا تھا۔ ضلع گاندربل میں قائم پولیس کے ایک تربیتی کیمپ میں زیر تربیت ایک پولیس اہلکار کو پرسرار حالت میں مردہ پایا گیا۔
یکم جون 2023ء ۔۔ ضلع سانبہ کے منگو چک چوکی علاقے میںبھارتی فوج نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو شہید کردیا۔ نئی دلی کے زیر کنڑول ’’سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی ‘‘ نے تین اضلاع پلوامہ، شوپیاں اور اسلام آبادمیں کم از کم 9مقامات پر چھاپے مارے۔ سرینگر شہر میں دو بی جے پی رہنما اعجاز حسین اور اس کے ذاتی محافظوں نے سرینگر کے علاقے پانتہ چوک کے قریب بغیر کسی وجہ کے دو افراد پر حملہ کیا اور انہیں ہراساں کیا۔

2 جون 2023 ء۔۔ضلع راجوری میں بھارتی فوجی گاڑی کی ٹکر سے کشمیری نوجوان کی موت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ضلع کے علاقے کلر گالہ میں بی ایس ایف کی ایک گاڑی نے دانستہ طور پر ایک موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں اس پر سوار ثاقب ملک شہید ہوگیا۔بعد ازاں اہلخانہ، رشتہ دار اور گائوں کے لوگ نوجوان کی لاش لیے کلر چوک میں جمع ہوئے اور جموں راجوری پونچھ شاہراہ کئی گھنٹوں تک بلاک کر دی۔
03 جون 2023۔۔ بھارتی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کلکتہ میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والا ایک طالب علم مردہ پایا گیا۔ضلع بڈگام کے علاقے یاریخواہ خانصاحب کا رہائشی طالب علم محمد عمر گنائی کالج کے ہاسٹل میں مردہ پایا گیا۔ وہ ’’بی بی آئی ٹی‘‘ کالج میں انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رہا تھا۔ بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع راجوری میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔فوجیوں نے نوجوان کو ضلع کے علاقے ڈسال مہاری میں محاصرے اور تلاشی کی پر تشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں ایک ٹرک ڈرائیور کو پراسرار حالت میں مردہ پایا گیا۔
4 جون 2023۔۔۔ضلع اسلام آباد کے علاقے بجبہاڑہ گڑھ سیر کا رہائشی باقر بشیر وانی 25مئی سے جولاپتہ تھا کی لاش بجبہاڑہ میں دریائے جہلم سے برآمد ہوئی۔
5 جون 2023ء۔۔ بھارتی پولیس کی خصوصی تحقیقاتی یونٹ ایس آئی یو نے اسرائیلی طرز پر کام کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آزادی پسند اور بھارت مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں 58افراد کو گرفتار کیا ہے۔
6 جون 2023 ء۔۔ سرینگر کے علاقے سمبر بگ نوگام سے ایک عدم شناخت شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔سری نگر کے علاقے میں بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے ممتاز کشمیری عالم دین اور مدرسہ دارالعلوم رحیمیہ کے مہتمم مولانا رحمت اللہ قاسمی کو پوچھ گچھ کیلئے طلب کر لیا ہے۔ یاد رہے کہ این آئی اے نے گزشتہ برس اکتوبر میں بانڈی پورہ میں مولانا قاسمی کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ اس چھاپے سے قریباً ایک ہفتہ قبل انہوںنے مقبوضہ کشمیر کے اسکولوں میں طلباء کو ہندو بھجن گانے پر مجبور کرنے کے حکومتی حکم کے خلاف پریس کانفرنس کی تھی۔
7 جون 2023 ء۔۔ مقبوضہ کشمیر میںمودی حکومت نے آزادی پسندوں کی مزید ملکیتی اراضی اور عمارتوں سمیت کروڑوں مالیت کی 124 جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔ ان جائیدادوں میں سے 77 کا تعلق سماجی و مذہبی تنظیم جماعت اسلامی سے ہے۔ضلع راجوری کے منجکوٹ علاقے میں دو بھارتی فوجی رائفل حادثاتی طور پر چل جانے کیوجہ سے زخمی ہو گئے۔ بھارتی فوجی کی چھائونیوں اور کیمپوں میںاس قسم کے واقعات کے دوران اب تک بیسیوں بھارتی فوجی ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں۔
8 جون2022 ء۔۔مقبوضہ کشمیر میں فرقہ پرست بھارتی پولیس نے جموں خطے کے ضلع کشتواڑ میں دو مسلمان تاجروں اشتیاق احمد اور عطامحمدکو گرفتار کر لیا۔ سرینگر ضلع کے علاقے مہجور نگر میں بھارتی فوجی اہلکارشجاع علی بٹ کواپنے کرائے کی رہائش گاہ پر پُراسرار طورمردہ پایا گیا۔پولیس نے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے میںایک عدم شناخت بوسیدہ لاش برآمدکرلی۔
9جون 2023 ء۔۔ بھرتی کے عمل میں بدعنوانی کے خلاف پریس انکلیو سرینگر میں احتجاج کرنے والے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے امیدواروں پر بھارتی پولیس نے طاقت کے وحشیانہ استعمال کیااس دوران کئی لوگ زخمی ہوگئے۔
10جون 2023 ء۔۔ پونچھ، راجوری، کشتواڑ، ڈوڈہ، رام بن، جموں ،ریاسی اور کٹھوعہ اضلاع کے مختلف قصبوں اور دیہاتوں میں بھارتی فوجی اورپیراملٹری فورسز کے اہلکاروں نے بدنام زمانہ ملیشیا ویلج ڈیفنس گارڈز کے ارکان کے ساتھ ملکرمسلمانوں کے گھروں میں گھس گئے ۔اس دوران انہوں نے مکینوں کو ماراپیٹا اور گھر کا سامان تہس نہس کردیا۔
11 جون2023 ۔۔ بھارتی پولیس نے ضلع کشتواڑ کے علاقے ٹنڈر میں حریت کارکن مدثر احمد کے گھر پر چھاپہ مارا،گھر کی تلاشی لی گئی اور گھر والوں کو ہراساں کیاگیا۔
12 جون 2023۔۔ اسرائیلی ماڈل پر عمل کرتے ہوئے بھارتی ادارے این آئی نے کشمیری تاجر ظہور احمد وٹالی کی تین غیر منقولہ جائیدادیں ضلع کپواڑہ کے علاقے باغات پورہ میں ضبط کر لی ہیں۔یاد رہے ظہوروٹالی کو این آئی اے نے 2017 میں گرفتار کیا تھا۔ ضلع جموں کے ریلوے اسٹیشن پر معذورافراد کے لئے مختص کوچ سے ایک 50سالہ نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
13 جون 2023 ء۔۔جموں خطے کے ضلع ریاسی میں ایک اور شخص کوکالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتارکرلیا۔ ضلع کے علاقے گران موڑ کے رہائشی مقبول احمد کو کالے قانون کے تحت گرفتارکرکے اسے جموں کی امپھالہ جیل منتقل کر دیا۔قبل ازیں قابض انتظامیہ نے آزادی پسند سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام پر تین دیگر افراد محمد اشرف میر، محمد یاسین بٹ اور محمد اشرف صوفی پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرکے انہیں جموں خطے کی مختلف جیلوں میں نظر بند کردیا۔بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع کپواڑہ میںدو اور کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے ڈوبنارمژھل میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔بھارتی فوج نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن میں ایک کشمیری نوجوان کو گرفتار کیا۔فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار کئے گئے نوجوان کے قبضے سے دو دستی بم برآمد کیے گئے ہیں۔بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے سرینگر میں غیر قانونی طور پر نظر بندکل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان اور تحریک حریت جموں و کشمیر کے رہنما ایازمحمد اکبر کی جائیداد ضبط کر لی۔ایاز اکبر گزشتہ سات سال سے نئی دلی کی تہاڑ جیل میں غیر قانونی طورپر نظربند ہیں۔ ان کی اہلیہ جو کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھیں کا اپریل 2021 میں انتقال ہوگیاتھا۔
14 جون 2023ء۔۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت مزید 60ہزارسے زائد بھارتی پیراملٹری فورسز کے اہلکاروں کو امرناتھ یاتریوں کی سیکورٹی کیلئے تعینات کرے گی۔یاد رہے مقبوضہ جموں و کشمیر میں پہلے ہی نو لاکھ بھارتی فوج موجود ہے جو کشمیری قوم پر پچھلے پچھتر سالوں سے ظلم و جبرڈھا رہی ہے۔
15 جون 2023ء۔۔ ضلع بانڈی پورہ کے علاقے بونیار کا رہائشی 15سالہ شاکر جو سری نگر میں ایک فلاحی مدرسے کا طالب علم تھا جمعہ کی صبح ضلع بارہمولہ کے علاقے کنزر میں پراسرار حالت میں مردہ پایا گیا ۔لڑکے کے اہلخانہ اور رشتہ داروں نے سری نگر کے پریس انکلیو میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ واقعہ کی تحقیقات کی جائے۔بھارتی پولیس کے سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے ضلع کپواڑہ میں مزاحمتی کمانڈر
الماس رضوان خان کی 3.25 ایکڑ اراضی ضبط کرلی ہے۔ ضلع کپواڑہ کے جمگنڈ علاقے میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک خونریز معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں پانچ مجاہدین نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کردیا۔جھڑپ کے دوران متعدد فوجی ہلاک و زخمی ہوگئے۔بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے مجاہدین سے کافی تعداد میں گولہ بارود اور ہتھیار برآمد کیا گیا ہے۔