مقبوضہ کشمیر میں خونین معرکے جاری۔۔۔حزب کے 2جوانوں سمیت 9مجاہدین شہید
بھارتی پولیس کے ہاتھوںزیر حراست قیدیوں پرسنگین تشدد۔۔تین کشمیری نوجوان شہید
بھارتی فوج کے جعلی مقابلے عروج پر۔۔۔پانچ شہری شہید
ہمایوں قیصر
16 اگست 2022 ء ۔۔ضلع راجوری کے علاقے منکوٹ میں بھارتی فوج کے ایک اہلکار نائیک ریڈی نے کیمپ کے اندر پھندہ لگا کرخود کشی کر لی۔
17 اگست 2022 ء۔۔ مظفر آباد میں آزادی پسند کارکن فیاض احمد وانی ساکنہ راولپورہ قاضی آبادحرکت قلب بند ہونے سے وفات پاگئے۔ بھارتی فوج نے ضلع کپواڑہ کے علاقے ہندواڑہ میں ارشاد احمد ،اعجاز احمد بٹ اور نصیر احمد میرسمیت درجنوں کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
19 اگست2022 ء۔۔ بھارتی پولیس نے محمد علی حسین کو منگل کو کوٹ بھلوال جیل سے جموں کے علاقے ارنیا میں لے جا کر ایک جعلی مقابلے میں شہیدکر دیا جبکہ بھارتی پولیس نے جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں ایک اور سیاسی قیدی کو شہید کردیا۔قیدی منی محمد کی موت بھارتی پولیس، بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے ’’ این آئی اے ‘‘اور جیل حکام کی طرف سے جیل میں تفتیش کے دوران انہیں شدید ہراساں کرنے اور ڈرانے دھمکانے کے بعد ہوئی۔ اسی جیل میں بند سیاسی قیدی ضیا مصطفی کو ضلع پونچھ میں جعلی مقابلے میں شہید کیا تھا۔ ضلع شوپیاں کے علاقے پڑسو میں ایک ریٹائرڈ ٹیچر عبدالغنی راتھرکی لاش برآمد ہوئی ہے۔ ضلع کشتواڑ میں بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے سکولوں پر بھارتی جھنڈا نہ لہرانے پر 9سرکاری اساتذہ کو معطل کر دیاہے۔ معطل کئے جانے والے اساتذہ میں رفیق احمد ، پیارے لال ، ایاز احمد ، سجاد احمد، غلام محی الدین اور محمد سکندر شامل ہیں ۔
20 اگست 2022 ء ۔۔ سرینگر کے علاقے نشاط میں معمولی نوعیت کے دھماکے میں ایک رکشہ ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ ضلع راجوری میں بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں بھارتی فوج کا ایک اہلکارزخمی ہوگیا۔ ضلع بانڈی پورہ سے ایک نوجوان امتیاز احمد بیگ کوگرفتارکرلیا۔پولیس گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لیے اسے ایک مجاہد تنظیم کا کارکن قرار دیاہے۔ ضلع اسلام آباد کے پہلگام میں سڑک کے ایک حادثے میں کم سے کم 8 بھارتی فوجی ہلاک اور33 زخمی ہو گئے ہیں۔ ضلع شوپیاں کے علاقے چھوٹی گام میں نامعلوم مسلح افرادنے 2 بھائیوں سنیل کمار اور پنتو کمار پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سنیل کمار موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ضلع راجوری میںایک معرکے کے دوران بھارتی فوج نے دو مجاہدین کو شہید کرنے کا دعویٰ کردیاہے۔ جبکہ ایک نوجوانوں کو گولی مار کر زخمی کرنے کے بعد گرفتار کرلیا جو کنٹرول لائن کے قریب اپنے مویشی چرا رہا تھا۔ ضلع اسلام آباد کے علاقے سنگم میں مجاہدین نے ایک کارروائی کے دوران سی آر پی ایف کیمپ پر دستی بم سے حملہ کیاجسے کئی اہلکار زخمی ہوگئے۔اس دوران بھارتی فوج کی فائرنگ سے کئی راہ گیر بھی زخمی ہوئے۔
23 اگست2022 ء۔۔ ضلع پونچھ سے ایک کشمیری طالب علم کی لاش پراسرار طورپر برآمدہوئی ہے۔ ضلع کٹھوعہ میں ایک بھارتی فوجی ایس پی او موہن لال نے اپنی بیوی آشا دیوی کو خاندانی جھگڑے کے دوران قتل کردیا۔ ضلع پونچھ کے علاقے مینڈھرکے قریب ایک کھیت میں 24سالہ طالبعلم عبدالجبارمردہ پایا گیا۔
24 اگست 2022 ء۔۔ بھارتی پولیس نے کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر ایڈووکیٹ میاں قیوم، ایڈووکیٹ منظور ڈار اور ایڈووکیٹ مظفر محمد کوایڈوکیٹ بابر قادری کے قتل کی تحقیقات کے لئے ان کے گھروں پر چھاپے مارے ۔بھارتی فوجیوں نے گزشتہ برس ثاقب منظور نامی ایک نوجوان کو شہید کرنے کے بعد دعویٰ کیا تھا کہ وہ قادری کے قتل میں ملوث تھا۔ بھارتی پولیس نے سوپور قصبے میںتین نوجوانوں شارق اشرف،ثقلین مشتاق اورتوفیق حسین کو مجاہدین کے ساتھ کام کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
25 اگست2022 ء۔۔ضلع بانڈی پورہ میںبھارتی فوجیوں نے محمد یوسف اور منظور احمد نامی نوجوانوںکو ضلع کے علاقے پیتھ کوٹ میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔ بھارتی فوج نے ضلع بارہمولہ میں کنٹرول لائن کے قریب ایک جعلی مقابلے میں ماورائے عدلات تین بیگناہ کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے۔
26 اگست 2022 ء۔۔بھارتی تحقیقاتی ایجنسی ’’ ایس آئی اے ‘‘نے نئی دلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے ایک کشمیری تاجرفاروق احمد نائیکو کو گرفتار کرلیاہے۔ سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) نے فاروق احمد نائیکو کو متحدہ عرب امارات سے نئی دلی ایئرپورٹ پہنچنے پر گرفتار کیا۔ بھارتی فوجیوں نے انکے والد کو 80 کی دہائی میں بارہمولہ میں دوران حراست شہید کر دیا تھا۔’’ ایس آئی اے‘‘ نے عبدالرشید اور شہید سرتاج احمد کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون ’’یو اے پی اے ‘‘ کے تحت جموںکی ایک عدالت میں فرد جرم دائر کر دی ہے۔ سرتاج احمد کو بھارتی فوجیوں نے 2009 میں شہید کیا تھا۔ سرینگر کیعلاقے کاغذ گڑی محلہ کے رہائشی حماد فاروق کے خلاف بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نے ایک جھوٹے مقدمے میںچارج شیٹ دائر کردی۔ ضلع شوپیاں کے علاقے میلہورا علاقے میں ایک بھارتی پولیس ہیدکانسٹیبل دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔
27 اگست2022 ء۔۔ جموں وکشمیر میں پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموں وکشمیرمسلم لیگ کے کارکن پیر عطا اللہ شاہ کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کر لیا۔ ہندواڑہ کے علاقے میں پیر عطااللہ کے گھر پر چھاپے کے دوران گھریلو اشیا ء کی توڑ پھوڑ بھی کی۔
29 اگست2022 ء۔۔ ضلع اسلام آباد کے ڈورو کے علاقے میں ایک پل کے قریب 37 سالہ شخص محمد سلیم کلی کوپُراسرار حالت میں مردہ پایا گیا۔
30 اگست 2022 ء۔۔ ضلع شوپیاں کے علاقے ناگہ بل میں بھارتی فوج نے ایک جھڑپ کے دوران تین مجاہدین کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔شہداء کی شناخت خورشید بٹ،تنویر وانی اور توصیف بٹ کے طور پر ہو ئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ان تین جوانوں کو گرفتارکرنے کے بعدمعرکے کی جگہ پہنچا کرجعلی مقابلے میں شہیدکیاگیاہے۔
31 اگست 2022 ء۔۔ضلع بارہمولہ کے سوپور کے علاقے بمئی میں مجاہدین اور بھارتی فوج میں جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں دو مجاہدین محمدرفیع لون ساکنہ نتھی پورہ بمئی سوپور اور قیصر اشرف ڈار ساکنہ تجان پلوامہ نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔بھارتی فوج نے ظالمانہ کارروائی کرتے ہوئے ایک عام شہری کو فائرنگ کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کردیا۔ بھارتی ریاست راجستھان میں پولیس نے ضلع جیسلمیر سے دو بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیاہے۔ پولیس کی ایک ٹیم نے کشمیری نوجوانوں23سالہ محمد عباس اور 25سالہ ممتاز احمدکو بلاوجہ گرفتار کیا جوجموں وکشمیرکے ضلع پونچھ سے تعلق رکھتے ہیں۔
یکم ستمبر 2022ء۔۔ضلع پلوامہ کے نیوا علاقے میںنامعلوم بندوق برداروں نے ایک غیر ریاستی باشندے کو گولی مار کرزخمی کردیا۔ بھارتی پولیس نے ضلع اسلام آبادکے علاقے ہٹمارا سینڈوز کراسنگ میں بھارتی فوج اور پولیس کے ایک مشترکہ ناکے پر ایک عام شہری فاضل احمد وگے کو مجاہد لیبل چسپاں کرکے گرفتارکرلیا۔ضلع جموں کے نگروٹہ علاقے میں ایک بھارتی فوجی انیل کمار پراسرار طورپر ہلاک ہو گیاہے۔ جموں خطے کے ضلع ریاسی میں بھارتی پولیس کے ایک افسر نے تاوان کیلئے پورے خاندان کو اغوا کر کے حبس بے جا میں رکھ لیا۔
3 ستمبر 2022 ء۔۔ بھارتی فوج نے ضلع بارہمولہ کے علاقے سوپور میں ایک بے گناہ نوجوان ثاقب شکیل کو مجاہدین کے ساتھ کام کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ضلع راجوری کے علاقے درہال کے پولیس سٹیشن میں ایک قیدی عبدالمجید کو لاک اپ میں پُراسرار طور پر مردہ پایاگیا۔ذرائع کے مطابق پولیس نے عبدالمجید کو حراست کے دوران قتل کردیاہے۔ ضلع کپواڑہ کے علاقے ٹنگڈار میں بھارتی فوج کاپھینکاہوا ایک بارودی گولہ پھٹنے سے میاں بیوی شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمی ہونے والے میاں بیوی کی شناخت غلام یحییٰ اوران کی اہلیہ زلیخا بیگم کے طور پر ہوئی ہے جو کرناہ کے علاقے پنگلہ ہاریدل کے رہائشی ہیں۔ ضلع کشتواڑ کے علاقے چرگی دو علاقے میں بھارتی فوج نے ایک عام شہری عبدالواحدکو ایک مجاہد تنظیم کا رکن قرار دے کرگرفتارکرلیا۔
4 ستمبر2022 ء۔۔ ضلع راجوری کے علاقے نوشہرہ میں نادانستہ طور پر کنٹرول لائن عبور کرنے والے شہری تبارک حسین ساکنہ سبزکوٹ کوٹلی آزاد کشمیرکو دوران حراست شہید کردیاگیا۔ ضلع کپوارہ کے علاقے کرناہ میں بھارتی فوج کے ایک اہلکارکی مبینہ طورپر دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہوگئی ہے۔
5 ستمبر 2022 ء۔۔ ضلع شوپیاں کے علاقے نارپورہ میں بھارتی فوج نے ایک جعلی مقابلے میں ایک عام شہری منظور احمد نینگرو کو گرفتارکرنے کے بعدبے دردی سے شہیدکردیا۔منظور احمد کا ایک بھائی محمد عباس 2014 ء میں بھارتی فوج کے ساتھ ایک جھڑپ کے دوران جام شہادت نوش کرچکا ہے جبکہ ان کے ایک بھائی کو بھارتی پولیس نے بلاوجہ گرفتارکرکے جیل بھیج دیا ہے جہاں وہ اسیری کی زندگی گزار رہاہے۔
6 ستمبر 2022 ء۔۔ ضلع اسلام آباد کے علاقے پوشکریری علاقے میں حزب المجاہدین سے وابستہ مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں بہادری سے لڑتے ہوئے دو مجاہدین دانش احمد بٹ عرف ابوبکرکوکب دوری ولد گلزار احمد بٹ ساکنہ جبلی پورہ بجھبہارہ اور بشارت نبی لون عرف ابن قاسم ولد غلام نبی لون ساکنہ فتح پورہ اسلام آباد نے جام شہادت نوش کیا۔ دونوں مجاہدین گذشتہ چار سال سے بھارتی فوج کے خلاف برسر پیکار تھے۔حزب المجاہدین کے نائب امیرمحمدسیف اللہ خالد نے اپنے ایک بیان میں شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیاگیا۔
7 ستمبر 2022 ء۔۔ضلع اسلام آباد کے بجبہاڑہ کے علاقے تھجواری میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں دو مجاہدین فیاض احمد کمار ولدمحمد رمضان اوراویس احمد خان ولد غلام محمد نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرلیا۔ ضلع شوپیاں میںبھارتی پولیس نے دو کشمیری نوجوانوںفیضان فیاض بٹ اور یاور نظام میر کو گرفتار کر لیا۔بھارتی پولیس نے نوجوانوں کی غیر قانونی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لئے ان پرمجاہدین کے لئے کام کرنے کا الزام لگایا ہے۔
8 ستمبر2022 ء۔۔بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے ایک جھوٹے مقدمے میں آٹھبے گناہ کشمیریوں کے خلاف چارج شیٹ دائرکر دی ہے۔ چارج شیٹ ضلع پلوامہ کے رہائشی کشمیریوں نصیر احمد ملک، امتیاز احمد راتھر، رئیس احمد شیخ، یاور رشید گنائی، سہیل احمد خان، شاہد احمد شیرگوجری، عنایت گلزار بٹ اور جہانگیر احمد ڈارکے خلاف دائر کی۔چارج شیٹ میں مجاہدین کو لاجسٹک سپورٹ اور ٹرانسپورٹ فراہم کرنے جیسے پرانے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
9 ستمبر2022 ء۔۔ ضلع بڈگام کے علاقے ناگام میں فوجی کیمپ میںایک بھارتی فوجی بھوپندر سنگھ نے اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مارکر خودکشی کی۔
10 ستمبر2022 ء۔۔ ضلع بارہمولہ کے قصبے سوپورکے چنکی پورہ میں بھارتی فوج نے میںچار بے گناہ نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار نوجوانوں کی شناخت شاکر اکبر گوجری، محسن وانی، ہمایوں شارق اور فیضان اشرف کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے نوجوانوں پر الزام عائد کیا کہ وہ مجاہدین کی تنظیم سے وابستہ تھے۔
11 ستمبر 2022 ء ۔۔ تحقیقاتی ادارے ’’این آئی اے‘‘ نے چھ کشمیری نوجوانوں کے خلاف ایک جھوٹے مقدمے میں جموں کی خصوصی عدالت میں فرد جرم دائر کر دی ہے۔این آئی اے نے کولگام کے گاؤں اڈورہ کے سرپنچ شبیر احمد میر کے قتل کے مقدمے میں چھ نوجوانوں کے خلاف جموں کی اپنی خصوصی عدالت میں فرد جرم دائر کی ہے۔ نوجوانوں میں دانش ایاز، فیصل حمید وگے، نثار رشید بٹ، زبیر احمد صوفی، مشتاق احمد یتو اور فاروق احمد بٹ شامل ہیں۔
12 ستمبر2022 ء۔۔ ضلع شوپیاں کے علاقے ہیف شرمال زینہ پورہ علاقے میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک مجاہد عاقب احمد پال ولدمحمد اکرم پال ساکنہ امام صاحب شوپیاںنے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرلیا۔جھڑپ میں بھارتی فوج کے کئی اہلکار زخمی ہوگئے۔
13ستمبر 2022 ء۔۔ ضلع شوپیاں کے علاقے ہیف شرمال علاقے میں جہاںایک روزقبل مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک معرکہ پیش آیا جس میں ایک مجاہد شہید اورکئی بھارتی فوجی اہلکار زخمی ہوئے،معرکے کی جگہ بھارتی فوج نے ایک آوارہ شل چھوڑدیا تھا جو بعد میں پھٹ گیا جس کے نتیجے میں تین معصوم بچے زخمی ہوگئے۔
14 ستمبر 2022 ء۔۔ سرینگر کے علاقے نوگام کے علاقے میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں دو مجاہدین شاہد احمد ساکنہ ملپورہ بڈگام اور اعجاز رسول نجار ساکنہ کریم آباد پلوامہ نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ حزب المجاہدین کے جانبازوں نے ترال پلوامہ کے بٹہ ناگ علاقے میں ایک کارروائی کے دوران بھارتی فوج کے ایک بنکر پر گرینیڈ حملہ کیا جس کے نتیجے میں کئی سی آر پی ایف اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے۔مجاہدین کارروائی کے بعد محفوظ مقام پر پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔
15 ستمبر 2022 ء۔۔جموں کے ضلع ریاسی علاقے میں بھارتی پولیس نے ایک نوجوان ظفراقبال کو مجاہدین کے ساتھ کام کرنے کے الزام میں گرفتارکرلیا۔ تین معروف مذہبی رہنماؤں مولانا عبدالرشید داؤدی، مشتاق احمد ویری،غازی معین الاسلام، فہیم احمد رمضان اور عبدالمجید ڈار المدنی کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیاگیا۔ ضلع پونچھ میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کونسل کے رکن کے گھر کے باہر ایک پراسرار دھماکہ ہواہے۔ ضلع کے علاقے سرنکوٹ میں ڈی ڈی سی ممبر سہیل ملک کے گھر کے باہر ہوا۔ دھماکے سے ان کی گاڑی کو نقصان پہنچاہے ۔
٭٭٭