بھارتی فوج کے ہمراہ بھارتی ایجنسیوں( این آئی اے) اور (ایس آئی اے )کے کشمیر کے کئی اضلاع میں چھاپے ۔۔۔درجنوں عام شہری گرفتار
ہمایوں قیصر
17 ستمبر 2022 ء۔۔ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے سینئر حریت رہنما اور معروف مبلغ مولانا سرجان برکتی کو ضلع شوپیاں سے گرفتار کر لیا۔ ضلع بانڈی پورہ کے حاجن علاقے میں بھارتی فوج نے تلاشی مہم کے دوران تین نوجوانوں وسیم اکرم، یاور ریاض اور مزمل شیخ کو مجاہدین کا کارکن قراد دے کر گرفتارکرلیا۔ضلع ڈوڈہ کے علاقے میں ایک پولیس اہلکارحادثے کے دوران گاڑی کھائی میں گرنے کے دوران ہلاک ہوگیا۔
19ستمبر2022 ء۔۔ ترال کے علاقے وگہامہ اوزن روڑ کے نزدیک بھارتی پولیس نے دو کشمیری نوجوانوں تنویر احمد بٹ اور طفیل احمد ڈار کومجاہدکارکن قرار دے گرفتارکرلیا۔
20 اگست 2022 ء ۔۔ آزاد کشمیر کے اٹھمقام علاقے میں بھارتی فوج کے پھینکے گئے شل کے پھٹنے سے دو نوجوان قدیر مغل اور امجد مغل جاں بحق ہوگئے ۔ ضلع اسلام آباد کے پہلگام علاقے میں ایک مظاہرے کے دوران بھارتی فوج نے ایک نوجوان کو گرفتارکرلیا۔ضلع کولگام علاقے میں مذہبی شناخت ختم کرنے کے لئے ایک سکول میں مسلمان بچوں کوانتظامیہ نے ہندو بھجن گانے پر مجبور کردیاگیا۔

21 ستمبر2022 ء۔۔ ضلع بڈگام کے علاقے ناربل میں ایک خاتون عائشہ اختر پراسرارطور پر لاپتہ ہوگئیں۔ سرینگرکے علاقے پانڈریٹھن میں ایک بھارتی فوج انوج کمار عمارت سے گر کر ہلاک ہو گیا۔ ضلع اسلام آباد کے پہلگام علاقے میں ایک نوجوان کو بھارتی فلم ’’گرائونڈ زیرو‘‘کے خلاف احتجاج کے دوران گرفتارکیاگیا۔بھارتی پولیس نے اس وقت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جب لوگوں نے ضلع کے علاقے پہلگام میں بھارتی فلم کی شوٹنگ عملے کے خلاف احتجاج کیا۔ضلع بارہمولہ کے سوپور علاقے میں تلاشی مہم کے دوران بھارتی پولیس نے دونوجوانوں امتیاز احمد گنائی وسیم احمد لون ساکنہ بٹنگوسوپور کو مجاہدین کے ساتھ کام کرنے کے الزام میں گرفتارکرلیا۔
22 ستمبر2022 ء۔۔ ضلع اسلام آباد کے ہائی گرائونڈ میں ایک بھارتی فوجی نے اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلا کر خودکشی کر لی۔
24 ستمبر 2022 ء۔۔ ضلع پلوامہ میںنامعلوم افراد نے دو غیر کشمیری مزدوروں شمشاد احمد اور فیضان قادری کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔بھارتی ایجنسی’’ ایس آئی اے‘‘ نے بھارتی پولیس اور پیراملٹری سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروںکے ہمراہ سرینگر، بڈگام اور کپواڑہ اضلاع میں کئی مقاما ت پر چھاپے مارے۔سرینگر میں ایک ہوٹل پرچھاپے کے دوران گلزار احمد میر نامی شخص کو ہراساں کیا گیا اور پوچھ گچھ کی گئی۔ ایس آئی اے نے ضلع بڈگام کے علاقے بٹہ پورہ کچواری میں بشیر احمد ڈار نامی ایک شہری کے گھر پر چھاپہ مارا۔ ایس آئی اے نے مقبوضہ علاقے میں آزادی پسند کارکنوں ، جماعت اسلامی کے رہنمائوں ، کارکنوں کے گھروں اور تنظیم کے تعلیمی اداروں ’’فلاح عام ٹرسٹ‘ ‘ کے خلاف بڑے پیمانے پر چھاپوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔
25 ستمبر2022 ء ضلع بانڈی پورہ کے وانپورہ گریز علاقے میںبھارتی ایجنسی( این آئی اے )نے بشیر احمد میرنامی ایک نوجوان کا رہائشی مکان ضبط کر لیا ہے۔بھارتی فوج نے ضلع کپواڑہ کے مژھل سیکٹر ٹیکری نارمیں دو نوجوانوں کو شہید کرنے کا دعویٰ کردیا ہے۔بھارتی ریاست راجستھان کے جیسلمیرمیں پولیس نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ سے تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں جمیل اقبال اور معروف حسین کو مدرسے کے لئے چندہ جمع کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیاہے۔

26 ستمبر 2022 ء۔۔ضلع کولگام کے علاقے بٹ پورہ میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک مجاہد کمانڈر ابو ھریرہ نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرلیا۔ جھڑپ میں کئی بھارتی فوج کے اہلکار بھی زخمی ہوئے ۔بھارتی فوج نے ظالمانہ کارروائی کرکے عام شہریوں پر فائرنگ کی جس میں دو عام شہری شدید زخمی ہوگئے۔
27 ستمبر2022 ء۔۔ ضلع کولگام آہوتوعلاقے میںمجاہدین اور بھارتی فوج کے مابین ایک معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو مجاہدین محمد شفیع گنائی ساکنہ بٹہ پورہ کولگام اور محمد آصف وانی ساکنہ گوپال پورہ کولگام نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کردیا۔بھارتی فوج کی فائرنگ اور ماٹر شیلنگ کی وجہ سے گیس کے گودام میں آگ لگنے کے بعد علاقہ دھماکوں سے لرز اٹھا۔جموں و کشمیر میں مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کے زیر اثر ایک عدالت نے ایک کشمیری نوجوان فاروق احمدساکنہ بھدروہ کو جھوٹے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ضلع اسلام کے بجھبہارہ علاقے میں ایک نوجوان اویس گلزار لاپتہ ہوگیا۔
28 ستمبر2022 ء۔۔ ضلع ادھمپور کے دومیل چوک کے نزدیک ایک پُر اسراردھماکہ کے دوران دو عام شہری زخمی ہوگئے جبکہ ادھمپور کے علاقے میں ہی ایک اور دھماکہ ایک کھڑی گاڑی کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں گاڑی تباہ ہوگئی۔بھارتی پولیس نے اس دوران ایک خاتون کو بارودی مواد سمیت گرفتارکرنے کا دعویٰ کیاہے۔
30 ستمبر 2022 ء۔۔ سرینگر کے علاقے پالپورہ میں بھارتی پولیس نے تلاشی مہم کے دوران ایک بے گناہ کشمیری نوجوان جنید احمد پرے کو گرفتار کرلیا ہے۔پولیس نے نوجوان کی غیر قانونی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کیلئے اسے عسکریت پسند قراردیدیا ہے۔
2 اکتوبر2022 ء۔۔ ضلع پلوامہ کے علاقے پنگلنہ میں حزب المجاہدین سے وابستہ مجاہدین نے ایک کارروائی کے دوران قابض بھارتی فوج کی سی آر پی ایف اور پولیس کی مشترکہ چوکی پرفائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اورتین سی آرپی ایف اہلکار زخمی ہوگئے۔ ضلع شوپیاں کے بسکوچن علاقے میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں ایک مجاہد نصیر احمد بٹ نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرلیا۔ ضلع ادھمپور کے علاقے میں گزشتہ دو دنوں کے دوران بھارتی فوج نے کم از کم پندرہ بے گناہ نوجوانوں کو علاقے میںپے درپے دودھماکوں کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ضلع کٹھوعہ کے علاقے میں بھارتی فوج نے ایک نوجوان ذاکر حسین بٹ کو ہتھیار سمیت گرفتارکرنے کا دعویٰ کیاہے۔

3 اکتوبر 2022 ء۔۔ ضلع بارہمولہ میں ایک بھارتی فوجی نے خودکشی کر لی۔انجینئرنگ رینک کے اہلکار راہول بھگت نے ضلع کے علاقے بونیار میں اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔اس واقعے سے جنوری 2007 سے اب تک مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی ہلاکتوں کی تعداد 555 ہو گئی ہے۔ ضلع جموں میںکے علاقے میں مجاہدین نے ایک کارروائی کے دوران ڈائریکٹر جنرل جیل خانہ جات ایچ کے لوہیا کو ان کے گھر میںگھس کر ہلاک کردیا۔ہندواڑہ کے گائوں بدبگ کے رہائشی 25سالہ کشمیری نوجوان توصیف احمد کی لاش سیاحتی مقام سونہ مرگ کے ایک ہوٹل میں پراسرار طورپر ملی ہے۔ پلوامہ کے علاقے سے ایک نوجوان عادل احمد وانی اور شوپیاںکے علاقے سے ایک اور نوجوان دانش محی الدین لاپتہ ہوگیا۔
4 اکتوبر2022 ء۔۔ ضلع شوپیاں کے علاقے کیگام میںمجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں مجاہد زیبر مقبول وانی ساکنہ کیگام ،جمشید احمد ماگرے ساکنہ راجپورہ اور حنان بن یعقوب ساکنہ کریم آباد پلوامہ نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرلیا۔ جبکہ اسی ضلع کے علاقے مولو علاقے میںبھارتی فوج کے ساتھ ایک اور جھڑپ میں ایک مجاہد نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت پائی۔ ضلع پلوامہ کے علاقے حال میں ایک چیک پوسٹ پربھارتی فوج نے ظالمانہ کارروائی کرتے ہوئے ایک نوجوان محمد آصف پڈرو ولد محمد ایوب ساکنہ پوٹروال شوپیاںپر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقعہ پر ہی شہید ہوگیا ۔ ضلع بارہمولہ کے سوپور علاقے میں دریائے جہلم سے ایک عدم شناخت شخص کی لاش برآمدکرلی گئی۔
5 اکتوبر 2022 ء۔۔ ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد علاقے میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار چندر موہن سروس رائفل حادثاتی طور پر چلنے کے باعث ہلاک ہو گیا۔
6 اکتوبر 2022 ء۔۔ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ علاقے میں بھارتی فوج نے ایک نوجوان دانش محی الدین ساکنہ چندرگام کو گرفتارکرلیا۔
7 اکتوبر 2022 ء۔۔ ضلع کپواڑہ میں ایک بھارتی پولیس اہلکار تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ ضلع پونچھ میں بھارتی پولیس نے کالے قانون کے تحت محمد آزاد، قمر الدین، وجاہت، کمال الدین اور سجاد احمد کو گرفتارکرلیا۔ ضلع پلوامہ کے لدر ماد علاقے میں ایک نوجوان شاکر احمد لاپتہ ہو گیا ہے۔ ضلع لداخ میں مٹی کا تودا گرنے سے چھ بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے۔ضلع شوپیاں کے علاقے میںبھارتی فوج نے ایک نوجوان یاور احمد پڈر ساکنہ زینہ پورہ کو مجاہدین کے ساتھ کام کرنے کے الزام میں گرفتارکرلیاجبکہ ضلع کٹھوعہ کے علاقے بلاور سے بھی ایک نوجوان ذاکر حسین بٹ کو گرفتارکیاہے۔
8 اکتوبر2022 ء۔۔ ضلع کپواڑہ کے علاقے درگمولہ میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے بھارتی پولیس کے سپیشل پولیس افسر زخمی ہوگیا بعد میں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔
9 اکتوبر2022 ء۔۔ ضلع اسلام آباد کے علاقے ٹینگ پووا علاقے میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں دو مجاہدین آصف احمد ریشی ولد محمد یاسین ریشی ساکنہ شیخپورہ مرہامہ بجھبہارہ اور وکیل احمد بٹ ولد عبدالاحد بٹ ساکنہ نئی بستی مرحامہ نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرلیا۔جھڑپ کے دوران کئی بھارتی فوجی اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ اس دوران ایک تربیت یافتہ سراغرساںکتا بھی کئی گولیاں لگنے سے ہلاک ہوگیا۔ سری نگر ایئرپورٹ پرایک بھارتی فوجی سکندر کمار ڈیوٹی کو دوران پُراسرار طور پر مردہ حالت میں پایا گیا ۔ضلع بانڈی پورہ میںبھارتی پولیس نے دونوجوانوں اشفاق مجید ڈار اور وسیم احمد ملک کو گرفتارکرلیا۔قابض حکام نے ان پر مجاہدین کے لئے کام کرنے کا الزام لگایا اوران کے خلاف کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیاہے۔ بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار مہرہ احمدساکنہ بانڈی پورہ گریزنے اپنے ہتھیار سے خود پر گولی چلا کرخودکشی کر لی ۔
10 اکتوبر2022 ء۔۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر حریت رہنما الطاف احمد شاہ نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں دوران حراست شہید ہوگئے۔ راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے غنڈوں نے جموں خطے کے مسلم اکثریتی قصبے ڈوڈہ میں لوہے کی سلاخیں اور لاٹھیاں ہاتھوں لئے ہوئے مارچ کیا۔بھارتی فوج کی حمایت سے یہ مارچ سٹی مڈل سکول سے نکالا گیا اور پورے قصبے کا چکر لگانے کے بعد اسی مقام پر ختم ہوا۔
11اکتوبر2022ء۔۔ بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے چھاپے کے دوران حریت رہنما اور الھدا ایجوکیشنل ٹرسٹ کے چیئرپرسن محمد امیر شمسی کو گرفتار کرلیا۔
14 اکتوبر2022 ء۔۔سری نگر کے علاقے میں بھارتی فوج کاایک اہلکار کلدیپ دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہو گیا۔جموں کے اضلاع سانبہ اور اودھمپور میں سڑک کے دو حادثات میں دو بھارتی پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔جموں ضلع کے علاقے سوجیاں ڈنہ سے گھروں پر چھاپے کے دوران ایک جھوٹے مقدمے میں معروف کشمیری صحافی فہد شاہ اور ایک پی ایچ ڈی اسکالرعبدالاعلیٰ فاضلی کے خلاف چارج شیٹ دائر کی ہے۔ بھارتی پولیس نے ممتاز کشمیری صحافی اورنیوز پورٹل کشمیر والاکے ایڈیٹرفہد شاہ کو 04فروری کو بھارت مخالف مواد شائع کرنے کے الزام میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت گرفتار کیا تھا۔ ریاستی تحقیقاتی ایجنسی نے 17 اپریل کو پی ایچ ڈی اسکالر عبدالاعلیٰ فاضلی جو ایک صحافی بھی ہیں کو نیوز پورٹل کشمیر والا میں ایک مضمون لکھنے پر گرفتار کیا۔
15 اکتوبر 2022 ء۔۔ضلع گاندربل کے لار علاقے میں ایک نوجوان محمد اقبال سلیم کی لاش برآمد ہوئی ہے۔سرینگر شہرکے الٰہی باغ میں محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کے ایک جونیئر انجینئرمحمد حنیف قاضی کی لاش پراسرار حالت میںبرآمد ہوئی۔جموں و کشمیر میں نریندر مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت نے سیاسی انتقام کی پالیسی کو جاری رکھتے ہوئے آج مزید پانچ کشمیری سرکاری ملازمین کو جاری تحریک آزادی سے وابستگی کی پاداش میں برطرف کر دیا۔برطرف کیے گئے ملازمین کی شناخت پولیس کانسٹیبل تنویر سلیم ڈار ، بارہمولہ سنٹرل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ کے منیجرآفاق احمد وانی، پلانٹیشن سپروائزر افتخار اندرابی، ارشاد احمد خان،اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے اسسٹنٹ لائن مین عبدالمومن پیر کے طور پر ہوئی ہے۔ ضلع شوپیاں کے چودھری گنڈمیں نامعلوم افراد نے ایک شہری پورن کرشن کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔
٭٭٭
شہزاد منیر احمد(گروپ کیپٹن ریٹائرڈ)راولپنڈی / اسلام آباد کے معروف ادیب، شاعر،مصنف اور کالم نگار ہیں،کشمیر الیوم کے لیے مستقل بنیادوں پر بلا معاوضہ لکھتے ہیں