وادی میں بدنام زمانہ ایجنسی این آئی اے اور فوج کی طرف سے گرفتاریوں کا سلسلہ جاری۔۔۔سینکڑوں عام شہری گرفتار
اکتوبر 16، 2021 ء۔۔ضلع پلومہ کے درنگہ بل پامپور میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں مجاہد عمر مشتاق کھانڈے اور مجاہد شاہد خورشید نے آخری گولی تک لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔جھڑپ کے دوران بھارتی فوج نے ایک تین منزلہ عمارت کو بارودلگا کرخاکسترکردیا۔
اکتوبر 17، 2021 ء۔۔ ضلع کولگام کے علاقے وان پوہ میں غیر مقامی مزدوروں پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں راجہ ریشی اور جوگندر رشی ہلاک ہوئے جبکہ کا چن ریشی اس حملے میں زخمی ہوگئے۔بھارتی پولیس نے جموں خطے میں ضلع پونچھ کے علاقے مینڈھرمیں تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پونچھ میں گزشتہ چھ دن سے جاری محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران بھارتی فوج کے ایک افسر سمیت مزید دو فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ مینڈھر میں ایک اور حملے میں دو فوجی ہلاک ہوگئے جن کی شناخت صوبیدار اجے سنگھ اورنایک ہریندر سنگھ کے نام سے ہوئی۔
19اکتوبر 19، 2021 ء۔۔ بھارتی پولیس کے ایک اہلکار بلال احمد نے سرینگر کے علاقے شالیمار میں خود کو پھانسی لگاکرخودکشی کر لی۔ ضلع ادھم پورکی پولیس لائنز میں ایک اور پولیس اہلکار مول راج کی رہائش گاہ سے پراسرار حالت میں اس کی لاش ملی۔ ضلع رام بن کے علاقے بوم چندرکوٹ میں بھارت کے پیراملٹری سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے کیمپ سے ایک اہلکارکی لاش برآمد ہوئی جس کے جسم پر گولی کا نشان تھا۔ان واقعات سے جنوری 2007 سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد 519 ہوگئی ہے۔انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن اونتو کو بارہمولہ رفیع آباد میں بھارتی فوج نے تشدد کرکے لہولہان کردیا۔
اکتوبر 20، 2021 ء۔۔ جموں خطے کے اضلاع پونچھ اور راجوری میں شروع کیا جانے والاتلاشی آپریشن گیارھویں روز میں داخل ہو گیاہے۔ قابض بھارتی فورسز اہلکاروں نے نام نہاد آپریشن کے دوران اب تک ایک خاتون سمیت بیسیوں افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔بھارتی فوجیوں نے ضلع کشتواڑ کے علاقے ٹھاٹھری سے سہیل احمد نامی ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے۔ جموں و کشمیرمیں بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے بھارتی فوجیوں اورپیرا ملٹری فورسز کے اہلکاروں کے ہمراہ وادی کشمیر کے متعدد علاقوں پر چھاپے مارے ہیں۔این آئی اے کے حکام نے بھارتی فوج، پیراملٹری فورس، پولیس، ملٹری انٹیلی جنس، انٹیلی جنس بیوروکے اہلکاروں کے ہمراہ سرینگر، بارہمولہ، سوپور، کولگام، پلوامہ اور اونتی پورہ کے علاقوں میں چھاپے مارے۔ چھاپوں کے دوران فہد علی وانی، فرقان عمران خان اور راشد احمد بٹ سمیت کئی کشمیریوں کے گھروں کی تلاشی لی گئی اور اہلخانہ کو ہراساں کیاگیا۔این آئی اے نے سرینگر میں چھاپوں کے دوران وسیم احمد، طارق احمد اور بلال احمد سمیت 4 کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ضلع شوپیاں کے دراگد علاقے میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک خونی معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو مجاہدین کمانڈرعادل حسین وانی ولد غلام حسن وانی ساکن شرمال اور شاکر احمد وانی ولد غلام قادر وانی ساکن لتر پلوامہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کردیا۔جھڑپ کے دوران بھارتی فوج کا ایک اہلکار کرن ویر سنگھ موقعہ پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ کئی دیگر اہلکار زخمی ہوگئے۔ جموں وکشمیر میں بھارتی قابض انتظامیہ نے ضلع شوپیان میں کم سے کم نو کشمیریوں پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے انہیں جموں کی پونچھ، راجوری اور کٹھوعہ جیلوں میں منتقل کردیا ہے۔
اکتوبر 22، 2021 ء۔۔کالے قانون ”پی ایس اے“ کے تحت نظر بند26کشمیریوں کو آگرہ جیل منتقل کیا گیا۔ جموں وکشمیر میں وادی کشمیر کے مختلف علاقوں سے رواں ماہ گرفتار کیے گئے۔ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں پیرا ملٹری فورسز کی مزید50 کمپنیاں تعینات کر دیں۔
اکتوبر 23, 2021۔۔ ضلع شوپیاں میں ایک جعلی مقابلے میں بھارتی فوج نے ایک نوجوان شاکر احمد وانی کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔ بھارتی فوجیوں نے شاکر احمد کو بدھ کے روز شوپیاں کے علاقے دراگڑ میں نام نہاد محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران جعلی مقابلے میں شہید کیا۔ضلع اسلام آباد سے ایک غیر کشمیری کی لاش ملی ہے۔ضلع کے علاقے جنگلات منڈی میں پراسرار حالات میں ایک غیر کشمیری شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
اکتوبر 23، 2021 ء۔۔ ضلع بارہمولہ کے علاقے کچہامہ میں فاروق احمد ملک نامی نوجوان کے گھر پر چھاپہ مارا اور اسے گرفتارکیا۔ پولیس نے دعویٰ کیاہے کہ نوجوان عسکریت پسندوں کے لئے کام کرتا تھا۔
اکتوبر 24، 2021 ء۔۔ پنجاب کے علاقے سنگرور میں ”بھائی گرو داس انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی“میں بھارتی ریاست اترپردیش اور بہار سے تعلق رکھنے والے ہندوتوا دہشت گردوں نے ہوسٹل میں گھس کر کشمیری طلبا ء کو بے رحمی سے مارا پیٹا۔ بھارتی فوجیوں نے 13جنوری2003سے جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں نظر بند نوجوان ضیا مصطفی کو جیل سے نکال کر ضلع پونچھ کے علاقے مینڈھر میں کے مقام پر ایک جعلی مقابلے میں شہید کر دیا۔بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکارں نے ضلع کے علاقے باباپورہ زینہ پورہ میں اپنے کیمپ کے قریب ایک نہتے شہری کو گولیوں کا نشانہ بناکر شہید کردیا۔ شہید ہونے والے شہری کی شناخت ضلع اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے شاہد اعجاز کے نام سے ہوئی ہے۔پونچھ میں ایک حملے کے دوران ایک بھارتی فوجی اور پولیس کے دو اہلکارشدید زخمی ہوگئے۔ بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا کہ پونچھ کے علاقے بھاٹا دھوریان میں ایک جھڑپ کے دوران بھارتی فوج کا ایک اور پولیس کے دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔واضح رہے ضیاء گزشتہ 18سال سے جیل میں نظربند ہے جس کوشہید کرنے کے لئے جیل سے نکال کر جائے وقوعہ پر لے جایاگیاتھا۔پونچھ سے تعلق رکھنے والے تین نوجوانوں کو بھارتی فوج نے بھارت سے فرار ہونے کے الزام میں جموں وکشمیر سے باہر گرفتار کرلیا۔
اکتوبر 25، 2021 ء۔۔ قابض انتظامیہ نے اتوار کو دبئی میں آئی سی سی ٹی ٹونٹی عالمی کپ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی شاندار فتح کاجشن منانے والے کشمیریوں کے خلاف دو الگ الگ مقدمات درج کر لئے ہیں۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے حکم پر پولیس حکام نے خاص طور پرسکمز ہسپتال سرینگر کے ہاسٹل اور گورنمنٹ میڈیکل کالج کیرن نگر سرینگر کے ہاسٹل میں پاکستان کی جیت کا جشن منانے کے دو واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے مقدمات درج کر لئے ہیں۔۔ضلع بانڈی پورہ میں دستی بم کے ایک دھماکے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔دھماکہ ضلع کے علاقے سنبل میں بھارتی فوجی بنکر کے قریب ہوا جس سے پانچ افراد زخمی ہو گئے۔
اکتوبر 26، 2021 ء۔۔نیپال اور بھارت میں چار کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیاہے۔ضلع پونچھ کے رہائشی تین کشمیری نوجوانوں محمد نور، محمد راشد اور یاسر عرفات کو نیپال کے دارلحکومت کھٹمنڈو سے گرفتار کیا گیاہے وہ سعودی عرب جانے کے لیے نیپال میں تھے۔بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے بھارت میں گجرات کے علاقے میں ایک اور کشمیری نوجوان محمد سجاد کو گرفتار کر لیاہے۔ بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی ایک عدالت نے جھوٹے الزامات میں چار نوجوانوں کو 10 سے 12 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ محمد شفیع شاہ اور مظفر احمد ڈار کو 12سال جبکہ طالب لالی اور مشتاق احمد لون کو 10سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر آگرہ کے ایک کالج سے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے انجینئرنگ کے تین طلباء کو سوشل میڈیا پرپاکستانی کرکٹ کھلاڑیوں کی تعریف کرنے پر معطل کر دیا گیاہے۔
اکتوبر 27، 2021 ء۔۔بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے آٹھ مقامات پر چھاپے مارے ہیں اور دو افراد کو حراست میں لے لیا۔ چھاپوں کے دوران عامر احمد گوجری کو سرینگر جبکہ سعادت امین کو سوپور سے گرفتار کیا گیا۔
اکتوبر 28، 2021ء۔۔ضلع بارہمولہ کے اوڑی کے سرحدی علاقے میں ڈیوٹی کے دوران ایک بھارتی فوجی پہاڑی سے گر کر زخمی ہوگیا۔
اکتوبر 29، 2021 ء۔۔46 سالہ عبدالمجید ڈار ساکنہ شوپیاں جو طویل عرصے سے ذیابیطس کے مرض میں مبتلا تھے مظفرآباد کے ایک ہسپتال میں انتقا ل کر گئے۔ این آئی اے کے اہلکاروں نے آج سرینگر کے علاقے لاسن میں عامر احمد نامی کے گھر پر چھاپہ مارا۔جبکہ جموں خطے کے علاقوں مینڈھر اور کشتواڑ میں محمدسلیم سمیت چار نوجوانوں کوچھاپوں کے دوران گرفتار کیا۔ ضلع بارہمولہ کے علاقے میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں نے جاوید احمدوانی ساکنہ کولگام نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرلیا۔
اکتوبر 30، 2021 ء۔۔ ضلع راجوری میں کنٹرول لائن کے نزدیک ایک دھماکے میں ایک افسر سمیت دو بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ضلع میں نوشہرہ کے علاقے کلال میں ہوا۔
اکتوبر 31، 2021 ء۔۔قبضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے سرینگر اور سوپور سے مزید دو کشمیریوں کو گرفتار کرلیا۔سرینگر کے رہائشی اشفاق احمد وانی اور سوپور کے عمر بٹ شامل ہیں جنہیں 10 اکتوبر 2021 کو درج کیے گئے ایک جھوٹے مقدمے کے سلسلے میں گرفتارکیاگیاہے۔
یکم نومبر2021 ء۔۔ضلع کپواڑہ کے کرالہ پورہ علاقے میں ایک بزرگ شخص کی لاش برآمدکرلی گئی،جبکہ سری نگر کے ایئرپورٹ علاقے سے پولیس نے ایک نوجوان سید صداقت حسین کو تلاشی کے دوران ایک پستول سمیت گرفتارکرنے کا دعویٰ کیا۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج کا ایک لیفٹیننٹ کرنل ضلع ادھمپور میں سڑک حادثے میں ہلاک ہو گیا ہے۔ بھارتی فوج کا لیفٹیننٹ کرنل کے سدھارتھ نارائن جو چندی گڑھ سے ادھمپور جاتے ہوئے لاپتہ ہو ا تھاکی جیپ ادھم پور کے قریب دھار روڈ پر درسو کے قریب گہری کھائی میں گرنے سے ہلاک ہو گیا۔بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے ضلع کپوارہ میں ایک کشمیری نوجوان کو گرفتارکرلیا۔ بھارتی فورسز نے ضلع کے علاقے تکیہ بدرہ کوٹ سے عادل حسین نامی نوجوان کو گرفتارکرکے اس پر عسکریت پسندوں کے لئے کام کرنے کا الزام لگایا۔ پولیس کا کہنا ہے۔ جنوبی کشمیر میں جیل خانہ جات کے ایک ڈپٹی سپرانٹنڈنٹ اور ایک سرکاری اسکول کے پرنسپل کو حریت پسندوں کے ساتھ روابط رکھنے کے الزام میں برطرف کیاگیا ہے۔ حکام نے محکمہ جیل خانہ جات کے سپرانٹنڈنٹ فیروز احمد لون اور بجبہاڑہ کے گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول کے پرنسپل جاوید احمد شاہ کو حریت پسند تنظیموں کے ساتھ کام کرنے کے الزام پر ملازمت سے برطرف کر دیا۔ نریندر مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے پیراملٹری فورسز کے مزید5ہزاراہلکار تعینات کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
نومبر 3، 2021 ء۔۔ پونچھ کے کرنی سیکٹر میں حوالدار رینک کا ایک فوجی گشت کے دوران بارودی سرنگ کے دھماکے سے شدید زخمی ہوگیا۔
نومبر 4، 2021۔۔ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے میں ایک تیس سال کے نوجوان علی محمد بٹ نامی شخص کی لاش کھیت سے برآمد کرلی گئی۔
نومبر 5، 2021 ء۔۔ ضلع کشتواڑ میں بھارتی پولیس کا ایک اہلکار اپنی سروس رائفل سے گولی چلنے سے ہلاک ہوگیا۔ کانسٹیبل اجیت سنگھ جو ضلع کے علاقے مالی پتھ میں ایک ناکے پر تعینات تھا سروس رائفل سے حادثاتی طور پر گولی نکلنے سے شدید زخمی ہواجسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔بھارتی فوجیوں نے آج سری نگر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران اندھا دھند فائرنگ کر کے ایک شہری کو زخمی کر دیا۔ فوجیوں نے آپریشن کے دوران سرینگر کے علاقے بمنہ میں میڈیکل کالج کے احاطے میں فائرنگ کی جس سے انیس سالہ مسعود احمد زخمی ہوا۔
نومبر 6، 2021 ء۔۔ضلع شوپیاں کے علاقے میں بھارتی فوج نے ایک ہسپتال سے ایک نوجوان سہیل احمد لون کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیاہے۔بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ سہیل احمد مجاہدتنظیم کے ساتھ وابستہ تھے جبکہ ضلع اسلام آباد کے علاقے میں ایک نوجوان حافط عبداللہ ملک کو مجاہدین کے ساتھ کام کرنے کے الزام میں گرفتارکرلیا۔ضلع پلوامہ کے لیتھ پورہ علاقے میں ایک بھارتی فوجی بوپندر سنگھ نے اپنی ہی رائفل سے خود پر فائرنگ کرکے خود کشی کی۔
نومبر 7، 2021 ء۔۔سرینگر کے بٹہ مالو علاقے میں مجاہدین نے ایک کارروائی کے دوران ایک پولیس اہلکارکو نزدیک سے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔
نومبر 8، 2021 ء۔۔ بھارتی پولیس نے بارہمولہ اور پلوامہ کے اضلاع سے چار کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے۔بھارتی فورسز کی ایک مشترکہ ٹیم نے اصغر مجید لون، آصف گنائی اور فیضان گوجری کو بارہمولہ سے گرفتار کیا۔بھارتی پولیس اور فوجی اہلکاروں نے پلوامہ کے علاقوں میرگنڈاور راج پورہ، میں تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک نوجوان سرور احمد میرکوگرفتار کرلیا ہے۔
نومبر 9، 2021 ء۔۔ بھارتی فوجیوں نے مختلف علاقوں میں گھروں پر چھاپوں کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔ بھارتی فوجیوں نے پولیس اہلکاروں کے ہمراہ بارہمولہ، اسلام آباد، پلوامہ، راجوری، پونچھ اور جموں کے اضلاع میں چھاپوں کے دوران ایک درجن کے قریب نوجوانوں کو گرفتار کیا۔ گرفتار کئے گئے نوجوانوں میں محمد رؤف، وزیر، خورشید، محمد لطیف، اصغر اور فیضان شامل ہیں جن پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کا کالا قانون یو اے پی اے لاگو کردیاگیا ہے۔ نامعلوم مسلح افراد نے سرینگر کے علاقے بوری کدل میں فائرنگ کر کے بانڈی پورہ کے رہائشی محمد ابرہیم خان کو شدید زخمی کر دیا۔ جسے فوری طورپر تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
نومبر 10، 2021 ء۔۔ ضلع ڈوڈہ سے چار کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ نوجوانوں کو ضلع کے علاقے بھدروہ میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے دوران گھروں پر چھاپے مار کر گرفتار کیا۔ سرینگر کے علاقے عید گاہ علاقے میں بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس پر مجاہدین نے ایک کارروائی کے دوران دستی بم پھینکاجسکے نتیجے میں کئی پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو دبانے کیلئے پچاس کمپنیوں کو تعینات کیا تھا۔ ان میں سے 30کمپنیوں کو صرف سرینگر میں تعینات کیا گیا ہے۔ 11 نومبر 2021 ء۔۔ ضلع کولگام کے علاقے چھولگام میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک طویل خونی معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں حزب المجاہدین کے ضلع کمانڈر شیزاز احمد لون عرف شیراز مولوی ساکنہ سوچ کولگام اور مجاہد یاور احمد بٹ عرف ہارون جہادی ساکنہ پونی پورہ کولگام نے داد شجاعت دیتے ہوئے جام شہادت نوش کردیا۔
نومبر 12، 2021 ء۔۔ ضلع اسلام آباد کے کوکر ناگ علاقے میں بھارتی پولیس نے ایک نوجوان طالب حسین کو بلا وجہ گرفتار کرلیا۔این آئی اے کے اہلکاروں نے دو نوجوانوں راشد مظفر گنائی اور ناصر میر کو ضلع بارہمولہ کے قصبہ سوپور سے گرفتار کیا۔ بھارتی پولیس نے ضلع گاندربل کے علاقے سہہ پورہ سے ارشد احمد میر نامی نوجوان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ارشدکو مجاہدین کا اوور گرانڈ ورکر قرار دیکر گرفتار کیا ہے۔بھارتی ریاست جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی میں ہندو انتہا پسندوں نے تین کشمیری نوجوانوں کو تشدد کانشانہ بنایا اور انہیں پاکستان مخالف نعرے لگانے پر مجبور کیا۔سری نگر کے علاقے بمنہ میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک مجاہد عامر ریاض ساکنہ کھریو پلوامہ نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرلیا۔رانچی میں تجارت کی غرض سے آلے کشمیری نوجوانوں بلال احمد، شبیر احمد اور وسیم احمدکو ہندو انتہاپسندوں نے گن پوائنٹ پر پاکستان مخالف نعرے لگانے پر مجبور کیا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کے علاوہ انہیں دھمکی دی گئی کہ وہ فورا شہر سے چلے جائیں نہیں تو انہیں سنگین نتائج بھگتنے پڑیں گے۔
نومبر 14، 2021 ء۔۔ مجاہدین نے ایک کارروئی کے دوران سرینگر کے علاقے نواہ کدل میں پولیس کی ایک پارٹی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوا۔ ضلع راجوری میں ایک بھارتی فوجی نے اپنی سروس رائفل سے خودکو گولی مارکر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔ بھارتی فوج کی ایلیٹ فورس سے تعلق رکھنے والے فوجی اہلکار این کے دیپک سنگھ نے ضلع راجوری میں اپنے یونٹ میں اپنے سروس رائفل سے خود پر گولی چلا کر خودکشی کرلی۔ مقبوضہ کشمیر کے ضلع ریاسی میں بھارتی فوج نے تلاشی کارروائی کے دوران گیارہ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کیا۔ نوجوانوں کو ضلع کے علاقے گرام موڑ سے گرفتار کیا گیا ہے۔قابض حکام نے دعویٰ کیا کہ گرفتار کئے گئے نوجوان پتھراؤ کرنے میں ملوث ہیں۔
نومبر 15، 2021 ء۔ بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران تین کشمیری تاجروں اور ایک ڈاکٹر کو سرینگر میں شہید کردیا ہے۔بھارتی فوج نے سری نگر کے حیدر پورہ علاقے میں ایک ظالمانہ کارروائی کرکے ایک دکاندار الطاف احمد بٹ،محمد عامر ساکنہ رام بن جموں،حیدر بھائی اور ایک ڈاکٹر مدثر احمد گل کو ایک فرضی جھڑپ کے دوران شہید کیا۔الطاف کے اہلخانہ کاکہنا ہے کہ اسے بھارتی فوجیوں نے بلااشتعال فائرنگ کر کے بہیمانہ طورپر شہید کیا۔ اہلخانہ نے الطاف کی میت کی واپسی کیلئے برزلہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین کا کہناتھا کہ فوجی اہلکار بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے حالیہ مقبوضہ علاقے کے دورے کے دوران تیار کی گئی پالیسی کے تحت بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پالیسی کے تحت فوجیوں کو مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں پر کسی بھی حملے کی صورت میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ضلع ڈوڈا میں سڑ ک کے ایک حادثے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک ہو گیا۔
٭٭٭