!!!پرُوقار تقریب

فاروق احمد

18فروری 2022 ء کوکشمیر الیوم کے دفتر میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد ہوا جس میں امام سید علی شاہ گیلانی ؒ پر تیار کی گئی ایک تاریخی ڈاکیومینٹری کومنظر عام پر لانے سے پہلے ایک جائزہ لیا گیا ۔تقریب کی صدرات کشمیر الیوم کے چیف ایڈیٹر شیخ محمد امین نے کی۔تقریب میں معتبر صحافیوں کی ایک خاصی تعداد نے شرکت کی،اس کے علاوہ تحریکی آزادی سے وابستہ کئی شخصیات بھی اس مجلس کا حصہ رہے۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے فرائض محترم فرقان الٰہی نے انجام دیئے۔شرکاء نے قریباََ ایک گھنٹے کی ڈاکیومینڑی کو جس جوش و جذبے،شوق وذوق، انہماک اور نظم و ضبط کے ساتھ سنااور دیکھاوہ اپنی مثال آپ ہے۔ ”مرد لازوال امام سید علی گیلانی“ ماہنامہ کشمیر الیوم کے پلیٹ فارم سے تیار کی جانے والی دستاویزی فلم میں دانشوروں،ادیبوں اور معروف صحافیوں نے ان کی شخصیت اور جدوجہد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ دستاویزی فلم میں پاکستان اور آزاد کشمیر میں مقیم کشمیر کی عسکری اور سیاسی قیادت، مقبوضہ کشمیر کے دانشوروں نے اظہار خیال کیا ہے جن میں معروف پاکستانی صحافی متین فکری،حامد میر،عارف بہار،ارشاد محمود،عبد الہادی،امتیازگل،طاہر محی الدین کشمیری دانشور، ڈاکٹر غلام نبی فائی،پروفیسر اشرف صراف،پروفیسر نذیر احمد شال،پروفیسر شوکت حسین،ڈاکٹر صدیق واحد،سیاسی و عسکری رہنما ڈاکٹر خالد محمود،عبد الرشید ترابی،سید صلاح الدین،سیف اللہ خالد،غلام محمد صفی اور مشعال ملک شامل ہیں نے سید علی گیلانی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی شخصیت کے مختلف پہلووں کو اجاگر کیا ہے۔

دستاویزی فلم کی لانچنگ تقریب میں شرکاء نے ڈاکیو مینڑی کو تیارکرنے پر کشمیر الیوم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم جنہوں نے اس ڈاکیومینٹری کو تیار کرنے میں کلیدی کردار اور انتھک محنت کی ہے وہ لائق تحسین ہے اور اس طرح کی تاریخی دستاویزات تیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ آنے والی نسلیں اپنے ہیروز کو یاد رکھیں اور ان کے نقش قدم پر چل کر تحریک آزادی کشمیر کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار اد اکرسکیں۔

راولپنڈی میں مقیم اس تقریب میں جن کشمیری صحافیوں نے شرکت کی ان میں معروف صحافی راجہ کفیل، اسٹیٹ ویوز کے چیف ایڈیٹر شہزاد خان، سینئر صحافی ظفر محمود شیخ،مہتاب عزیزخان، کے جے ایف کے صدر نعیم الاسد،صحافی شاہد مقصود منتظر،صحافی لطیف ڈار،محمد عارف، اورشیخ عبد الحمید شامل ہیں۔شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کشمیر الیوم کی کاوش کو شاندار قرار دیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کی ہمہ جہت شخصیت کا ایک دستاویزی فلم میں احاطہ کرنا ممکن نہیں۔ ان کی شخصیت کے مختلف پہلوں کو سامنے لانے کے لیے یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔تقریب کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا جس میں صحافی حضرات نے کشمیر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے سولات کئے جن کے جوابات صدر مجلس نے مدلل انداز میں دیئے۔صدر مجلس نے کشمیر کی ہمہ گیر شخصیت امام سید علی گیلانیؒ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے پر زور دیا اور کہا کہ ادباء و شعراء حضرات کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی شاعری اور ادب کے ذریعے سید امام گیلانی ؒ کے تمام پہلوؤں کو دنیا کے سامنے لانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ کشمیرالیوم یوم کے چیف ایڈیٹڑ نے آخر پر تما م مہمانوں کاتقریب میں شرکت کرنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شرکت سے ہماری حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور یہ تاریخی لمحات ہمیشہ یاد رہیں گے۔انہوں نے ظفر محمود شیخ، شیخ عبد الحمید المعروف جانباز صاحب،قیصر فاروق احمد،شبیر حسن المعروف حیدر صاحب،ڈاکٹر بلال،وجاہت حسین،شجر خان،فاروق احمد لون اور دیگر ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں
نے دستاویزی فلم کی تیاری میں بھرپور کردار ادا کیا۔تقریب میں موجود صحافی حضرات نے بھی ہر ممکنہ تعاون کرنے کا یقین دلایا۔ اس موقعہ پرکشمیر الیوم کے چیف ایڈیٹر شیخ امین نے دستاویزی فلم حصہ دوم لانے کا بھی اعلان کیا۔ان شاء اللہ

٭٭٭