ہمایوں قیصر
16جنوری 2022 ء۔۔ سرینگر کے علاقے صراف کدل میں مجاہدین نے ایک کارروائی کے دوران بھارتی پولیس پارٹی پر گرینیڈ حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد پولیس اہلکارزخمی ہوگئے۔
17 جنوری 2022ء۔۔۔ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے میں بھارتی پولیس نے زاہد احمد لون اور شکیل احمد ملک نامی نوجوانوں کوگرفتار کیا ہے۔ پولیس نے دعویٰ کی ہے کہ یہ نوجوان مجاہدین کے سہولت کار تھے۔ضلع کپواڑہ کے علاقے ہنڈوارہ میں ایک بھارتی فوجی لانس نائیک سچن اپنے کمرے میں مردہ حالت میں پایا گیا۔ بھارتی انتظامیہ نے کشمیری ملازمین کی جبری برطرفیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے وادی کشمیر میں مزید چار اساتذہ کو ان کی ملازمتوں سے برطرف کردیا ہے۔جن اساتذہ کو ملازمتوں سے جبری طور پر برطرف کیا گیا ان میں کپواڑہ کے اسحق پرویز میر، ضلع بڈگام کے محمد سلیم ڈار، شازیہ شفیق اور فاطمہ جمیل شامل ہیں۔

18 جنوری2022 ء۔۔ بھارتی پولیس نے ضلع پونچھ کے تحصیل منڈی بیلہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان انجم محمود کو گرفتار کرلیا۔ان پر الزام لگایا کہ وہ مجاہدین کو معلومات فراہم کررہا تھا اور سوشل میڈیا پر ان سے متعلق موادپوسٹ کررہاتھا۔ ضلع بارہمولہ کے شیری علاقے میں ایک کانسٹیبل روپ سنگھ دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔
19 جنوری2022 ء۔۔بھارتی پنجاب کے شہر موہالی میں تین کشمیری طلباء کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے زخمی کر دیا گیا۔
دو طلباء رامیشور انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں جبکہ ایک گرو گوبند سنگھ کالج آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی میں زیر تعلیم تھا۔ کچھ غنڈوں نے طلباء کے دروازے پر دستک دی اور انہیں بے رحمی سے پیٹنے سے پہلے گھسیٹ کر باہر لے گئے۔
20 جنوری 2022 ء۔۔ضلع سرینگر کے ہمہامہ علاقے میں بھارتی فوج کے ایک اہلکار بھرت کمار نے پھندہ لگا کر خودکشی کر لی،جس سے جنوری 2007سے مقبوضہ علاقے میں خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر 530ہوگئی ہے۔ضلع بڈگام کے چاڈورہ علاقے میں بھارتی پولیس نے ایک کشمیر ی نوجوان جہانگیر احمد نائیکو کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے گرفتار نوجوان پر ایک عسکریت پسند تنظیم کے ساتھ وابستہ ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔
21 جنوری2022ء۔۔ ضلع پلوامہ کے علاقے پنزگام میں ڈیوٹی کے دوران ایک بھارتی پولیس ہیڈکانسٹیبل دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔ حریت کے کارکنوں نے سانحہ گا ؤکدل قتل کے شہداء کی 32ویں برسی کے موقع پر سرینگر میں بھارت مخالف احتجاجی مظاہرے کئے۔ بھارتی فوجیوں نے 1990میں سرینگر کے علاقے گاؤکدل میں پر امن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 50سے زائد افراد کو شہید کر دیاتھا۔حریت کارکنوں نے سرینگر کے علاقوں گاؤکدل اور بسنت باغ میں اکٹھے ہو کراحتجاجی مظاہرے کئے اور شہدائے گاؤکدل کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پوسٹر اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر سانحہ گاؤ کدل کے شہداء کی تصاویر اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے بھی بلند کئے۔
22 جنوری 2022 ء۔۔ ضلع شوپیاں کے علاقے کلبل میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو مجاہدین سمیر احمد شاہ ولدنذیر احمد شاہ ساکنہ دانگام شوپیاں اور رئیس احمدمیر ولد محمد اشرف میر ساکنہ واہگام پلوامہ نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ ضلع کپواڑہ کے زرہامہ علاقے میں بھارتی فوج نے ایک تلاشی مہم کے دوران ایک نوجوان کو اسلحہ سمیت گرفتارکرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
23 جنوری2022 ء۔۔جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے میں پولیس نے نوجوان عمر فاروق بٹ ولد فاروق احمد بٹ ساکنہ رینزی پورہ کو مجاہدین کے ساتھ کام کرنے کے الزام میں گرفتارکرلیا۔آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سینئر رہنما اور جماعت اسلامی مقبوضہ جموں وکشمیر کے نمائندے غلام نبی نوشہری کی اہلیہ اسلام آباد میں طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں۔
24 جنوری2022 ء۔۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتظامیہ نے مقامی ملازمین کی جبری برطرفی کی اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے وادی کشمیرمیں مزید دو اساتذہ کو انکی ملازمتوں سے برطرف کردیا ہے۔سکول کے مزید دو اساتذہ کی برطرفی کے بعد گزشتہ دو ماہ کے دوران مقبوضہ علاقے میں اپنی ملازمتوں سے برطرف کئے گئے کشمیری ملازمین کی تعداد بڑھ کر 28ہو گئی ہے۔
25 جنوری 2022 ء۔۔ضلع راجوری کے علاقے دہریاں سے تعلق رکھنے والے شوکت حسین اوراس کے والد سلام دین کو فیس بک پر وزیر اعظم نریندر مودی کے بارے میں ایک توہین آمیز ویڈیو اپ لوڈ کرنے پر بی جے پی کے کارکنوں کی شکایت پر گرفتار کیاگیا۔ ضلع بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے تحریک آزادی کشمیر کے ایک کارکن نذیر احمد مظفر آباد میں انتقال کرگئے۔ نذیر احمد تین روز قبل ایک سڑک حادثے میں شدید زخمی ہوگئے تھے۔وہ مظفر آباد کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔سرینگر کے علاقے ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ میں مجاہدین نے ایک کارروائی کے دوران بھارتی پولیس گاڑی پر گرینیڈ پھینکا جس کے نتیجے میں بھارتی پولیس کا ایک انسپکٹرزخمی ہوگیا اس دوران بھارتی پولیس کی گاڑی بھی تباہ ہوگئی۔بھارتی فوج نے گرینیڈ حملہ کرنے کے الزام میں ایک نوجوان اعجاز احمد ساکنہ فتح کدل کوگرفتارکرلیا،جبکہ چھ راہگیربھی اس دوران زخمی ہوگئے۔
26 جنوری 2022 ء۔۔ضلع شوپیاں کے علاقے نوگام چیک علاقے میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں بھارتی فوج کے سات اہلکار زخمی ہوگئے۔بھارت کے نام نہادیوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کیلئے پورے آزاد کشمیر میں احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کئے گئے۔مظفرآباد میں بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپر منانے کیلئے پاسبان حریت کے چیئرمین عزیراحمد غزالی کی قیادت میں ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے سیاہ جھنڈے لہرا کر اور سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے اس موقع پر بھارت مخالف اور آزادی اور کشمیری شہداء کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کئے۔
27 جنوری 2022 ء۔۔ جموں خطے میں کٹرہ کے علاقے ڈھوری دھرتی میں ایک بھارتی فوجی کانسٹیبل ہربجن سنگھ دل کا ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔
28 جنوری 2022 ء۔۔ضلع بارہمولہ میں ایک پنڈت خاندان کی حفاظت پر مامورایک (ایس پی او) حرکت قلب بند ہوجانے سے ہلاک ہو گیا۔ ضلع گاندر بل کے علاقے میں تین کشمیری نوجوان فیصل منظورساکنہ شوپیاں،اظہر یعقوب ساکنہ شوپیاں اور نصیر احمد ڈار ساکنہ کولگام کوبھارتی فوج نے ایک تلاشی مہم کے دوران گرفتار کر لیا.بھارتی فوج نے دعویٰ کیا کہ نوجوان عسکری تنظیم کے ساتھ کام کررہے تھے۔
جموں کے ضلع راجوری علاقے میں ایک دھماکے میں ایک حوالدار سمیت کم از کم چار بھارتی فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔دھماکہ نوشہرہ سب ڈویژن میں لائن آف کنٹرول کے قریب کلسیان کے علاقے میں فوجی رجمنٹ کے تربیتی سیشن کے دوران ہوا۔سرینگر علاقے میں ریلوے پولیس میں تعینات ایس پی او جو پلوامہ کاکہ پورہ کے قریب ایک تیز رفتار ٹرین نے ٹکر مار کر شدید زخمی کر دیا تھا،زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔

29 جنوری 2022 ء۔۔ ضلع اسلام آباد کے علاقے حسہ پورہ میں مجاہدین نے ایک کارروائی کے دوران فائرنگ کرکے بھارتی پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل ہلاک کردیا۔ضلع پلوامہ کے نائرہ ٹہاب علاقے میں بھارتی فوج نے دعویٰ کیا جھڑپ کے دوران ذاہد احمد وانی ساکنہ کریم آباد،وحید احمد ریشی ساکن کاکہ پورہ اور عنایت احمد میر ساکن نائر پلوامہ سمیت چار مجاہدین شہید ہوگئے ہیں۔عنایت احمد میر کے گھر والوں اورعلاقے کے لوگوں نے ایک احتجاج کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے بھارتی فوج کے بیان کو مسترد کیا اور کہا کہ عنایت احمد جس کی عمر صرف سترہ سال ہے،ان کا کوئی تعلق عسکریت سے نہیں تھا وہ بھیڑبکریاں چراتا ہے اسے بھارتی فوج نے جان بوجھ کر فرضی جھڑپ میں گولیوں کا نشانہ بنایا اور اس کے بھائی کو بھی گرفتارکرکے لے گئے۔علاقے کے لوگوں نے احتجاج کے دوران عنایت کی لاش کی واپسی اور اس کے بھائی کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا جسے بھارتی فوج جھڑپ کے دوران اپنے ساتھ کیمپ لے گئے۔ضلع بڈگام کے چرارشریف علاقے میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے مابین جھڑپ ہوئی جس میں ایک مجاہد بلال احمد خان ساکن خان صاحب نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرلیا۔
31 جنوری 2022 ء۔۔ضلع پلوامہ کے علاقے میں بھارتی پولیس نے دوکشمیری صحافیوں فہد احمد شاہ اور ماجد حیدری کو پلوامہ میں ایک فوجی کارروائی کے دوران چار کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے بارے میں خبر دینے پر طلب کیا ہے۔پولیس نے الزام عائد کیا ہے کہ صحافیوں نے غلط رپورٹنگ کی ہے۔
کولگام کے علاقے دیو سر کے گاؤں چندیاں پاجن میں ایک پولیس اہلکار اپنی ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔
یکم فروری 2022 ء۔۔ضلع شوپیاں کے امشی پورہ علاقے میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک بھارتی پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔
2 فروری 2022 ء۔۔سری نگر اور بڈگام اضلاع میں قریباً 290 ایکڑ اراضی غیر کشمیریوں کیلئے کالونیوں کی تعمیر کیلئے ہاؤسنگ اور شہری ترقی کے محکمے کومنتقل کر دی ہے۔
ضلع شوپیاں کے علاقے نادی گام میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک خونی معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک مجاہد عمر اشفاق ملک ولدعبدلاحد ملک ساکنہ بونہ گام نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
3 فروری 2022 ء۔۔ ضلع بانڈی پورہ کے علاقے چندر گیرمیں پولیس نے مجاہد تنظیم کا کارندہ ہونے کے الزام میں ایک نوجوان شبیر احمد ڈارکو گرفتارکرلیا۔ ضلع پونچھ میں ایک اسپیشل پولیس آفسر پاریم پرکیش شیو گی مندر کنیاں میں دوران ڈیوٹی دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔
4 فروری 2022 ء۔۔سری نگر کے پارمپورہ علاقے میں ناکے پر ڈیوٹی کے دوران ایک ٹرک کی ٹکر سے ایک بھارتی فوجی سنجے کمار ہلاک ہوگیا جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ بھارتی پولیس نے معروف صحافی اور ویب پورٹل کشمیر والا کے ایڈیٹر فہد شاہ کو سوشل میڈیا پر بھارت مخالف مواد اپ لوڈ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ سری نگر کے ہوائی اڈے پر سی آر پی ایف اہلکار دیپک داس اپنی ڈیوٹی کے دوران اچانک دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔
5 فروری2022 ء۔۔ سرینگر کے علاقے زکورہ میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے مابین ایک جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں دو مجاہدین اخلاق حسین ساکن کولگام اور عادل احمد ساکنہ پلوامہ نے بھارتی فوج کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرلیا۔بھارتی فوج نے جھڑپ کے دوران مارٹر شیلنگ کرکے ایک مکان کو تباہ کردیا۔یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مظفرآباد میں زیر قیادت چیئرمین پاسبان حریت جموں و کشمیرعزیر احمد غزالی کے ایک ریلی نکالی گئی۔ لوگوں کی ایک بڑی تعدادبرہان وانی شہید چوک پر جمع ہوئی جنہوں نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کوان کا حق خودارادیت دینے کا مطالبہ درج تھا۔اس موقعہ پر اسلام و آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرہ بازی کی گئی۔
7 فروری 2022 ء۔۔ ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک معرکہ پیش آیا جس میں ایک مجاہدعرفان احمد شیخ ولد عبدالرشید شیخ ساکنہ کریم آباد پلوامہ نے جوانمردی سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کردیا۔ ضلع پونچھ کے علاقے میں ایک بھارتی پورٹر درخت سے گر کر ہلاک ہوگیا۔بارہمولہ کے رفیع آباد علاقے میں ایک فوجی ٹرک کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں کئی فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔ ضلع پونچھ کے علاقے نورکوٹ میں 16 سالہ محمد یاسر بارودی سرنگ کے دھماکے میں زخمی ہوگیا۔
9 فروری 2022 ء۔۔ضلع راجوری کے تیرت علاقے میں نامعلوم افراد نے ایک بھارتی اہلکار کو ڈنڈے مار کر زخمی کردیاجبکہ پونچھ علاقے میں عوام اور پولیس کے درمیان ایک تصادم پیش آیا جس میں تین پولیس اہلکار پتھراؤ کے دوران زخمی ہوگئے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی پولیس نے مختلف علاقوں سے ساٹھ سے زائد نوجوان گرفتار کر لیے ہیں۔پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع اسلام آباد کے بجبہاڑہ اور دیگر علاقوں سے کم از کم گیارہ نوجوان گرفتارکر لیے۔ بھارتی تحقیقاقی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ سے ایک جبکہ بھارتی پولیس نے جموں شہر کے توی پل سے ایک مظاہرے کے دوران پچاس سے زائد نوجوان گرفتار کر لیے۔ضلع بڈگام سے ایک بزرگ شخص عبدالرحیم بٹ ساکنہ نورباغ سری نگر کی لاش برآمد کرلی گئی۔
10 فروری2022 ء۔۔بھارتی سیکورٹی فورس نے جموں ائیر پورٹ علاقے میں تین نوجوانوں یاسر حسین، پرویندر کمار اور محمد رفیع سمیت تین کشمیری نوجوانوں کو لیہ جانیوالی پرواز پر سوار ہونے سے قبل گرفتار کیاگیا۔
11 فروری 2022 ء۔۔ ضلع بارہمولہ کے علاقے سوپور ڈینگی وچھیمیں بھارتی پولیس نے تین کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار نوجوانوں پر ایک مجاہد تنظیم کے ساتھ وابستہ ہونے کا الزام عائد کیا گیا۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی انتظامیہ نے ایک مرتبہ پھر لوگوں کی سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے سے روک دیا۔یاد رہے لگاتار 28 واں جمعہ ہے کہ عظیم الشان مسجد میں نماز جمعہ کی اجازت نہیں دی گئی۔
ضلع بانڈی پورہ کے نشاط علاقے میں مجاہدین نے ایک کارروائی کے دوران پولیس کی ایک ناکہ پارٹی پر دستی بم پھینکا۔ جس کے نتیجے میں ایک بھارتی پولیس اہلکار موقعہ پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر پانچ اہلکار زخمی ہوگئے۔ بھارتی ریاست کرناٹک میں مسلم طالبات کے حجاب پر پابندی کے خلاف شوپیاں میں ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں خواتین اور لڑکیوں سمیت سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے حجاب کی حمایت میں اور ہندوتوا بلوائیوں کے خلاف پلے کارڑزاٹھا رکھے تھے جنہوں نے کرناٹک کے ایک کالج میں ایک مسلما ن لڑکی کو سر پر اسکارف پہننے پر ہراساں کیا۔
12 فروری2022 ء۔۔ ضلع بارہمولہ کے رفیع آبادعلاقے میں محاصرے اور تلاشی کی مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی فوج نے مزید چار نوجوانوں کو گرفتارکرلیا۔
13 فروری2022 ء۔۔ سرینگر کے علاقے کرن نگر میں بھارتی فوج کا ایک افسرگلزاری لال دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔ضلع گاندربل کے علاقے میں ایک نوعمر نوجوان بلال احمد جو لاپتہ تھا کی لاش پانی کی ایک ٹینکی سے برآمدکرلی گئی۔جبکہ ضلع اسلام آباد کے ویری ناگ علاقے میں بھی ایک لاپتہ شخص کی لاش برآمد کرلی گئی۔
14 فروری2022 ء۔۔بھارتی ریاست مدھیہ پردیش سوامی وویکا نند کالج میں زیر تعلیم کشمیری طالب علم طفیل مقبول کوبھارتی پولیس نے پلوامہ حملے کوتین سال مکمل ہونے کے موقع پر واٹس ایپ پر قابل اعتراض اسٹیٹس پوسٹ کرنے کے مضحکہ خیز الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
15 فروری2022 ء۔۔ مقبوضہ کشمیر میں پی ایچ ڈی سکالروں اور ڈینٹل سرجنوں نے سرینگر اور جموں میں احتجاجی مظاہرے۔ پولیس نے اس دوران کم سے کم 35 ڈینٹل ڈاکٹروں کوگرفتار کرلیا۔وادی کے مختلف علاقوں میں بھارتی ایجنسی کے اہلکاروں نے چھاپوں کے دوران دس کشمیری نوجوانوں کو گرفتارکرلیا۔
٭٭٭