حرمین شریفین میں رمضان المبارک…

حرمین شریفین میں رمضان المبارک میں 50ہزار نئے سبز قالین بچھ گئے

کشمیرالیوم (مانیٹرنگ ڈیسک):حرمین شریفین میں رمضان المبارک کے دوران 50ہزار نئے سبز قالین بچھا دیے گئے۔ حرمین کی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدام روزے داروں اور نمازیوں کے آرام کے لیے کیا گیا ہے۔ سعودی عرب میں بنائے گئے قالین معیارات اور کئی تکنیکی خصوصیات کے حامل ہیں۔

ہر قالین پر ایک الیکٹرانک چپ اور کوڈ ہے،جسے ریڈیو فریکوئنسی کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ قالین کی صفائی کے شعبے کے ڈائریکٹر جابر احمد الوداعانی نے بتایا قالینوں کو تیار کرنے میں 11 ماہ لگے ہیں۔

اسپین: حنوط شدہ جانوروں کی بڑی تعداد برآمد

کشمیرالیوم (مانیٹرنگ ڈیسک): اسپین کے حکام نے ویلنسیا کے ایک گودام سے بڑی تعداد میں حنوط شدہ جانور برآمد کرلئے۔قبضے میں لیے گئے ان حنوط شدہ جانوروں میں 400 سے زائد ایسی اقسام کے جانور شامل ہیں جن کی نسل کو معدومیت کا خطرہ لاحق ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ حنوط شدہ جانور اسپین میں جانوروں کو حنوط کرنے کی سب سے بڑی منڈی پر مارے گئے چھاپے کے دوران قبضے میں لیے گئے۔ ان میں ایک ہزار سے زائد ایسے جانور بھی شامل ہیں جنہیں غیر قانونی طور پر اسمگل کیا جانا تھا۔

اسپین کی پولیس کے مطابق انہوں نے اتوار کو بیٹیرا ویلنسیا میں واقع 50 ہزار مربع میٹر رقبے پر محیط ایک گودام سے حنوط کیے گئے گینڈے، ہاتھی، شیر، مگرمچھ اور برفانی ریچھ کے علاوہ دیگر جنگلی جانور برآمد کیے ہیں۔ان 1090 حنوط شدہ جانوروں میں 400 سے زائد بقا کے خطرے سے دوچار نایاب نسل کے جانور بھی شامل ہیں۔ ان میں افریقا کا سیدھے سینگھوں والا بارہ سنگھا، صحرائے صحارا کا سفید ہرن اور بنگال ٹائیگر شامل ہیں جو پہلے ہی ناپید ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ مذکورہ گودام سے دیگر کئی قیمتی اقسام کے حنوط شدہ جانور بھی ملے ہیں۔

پولیس کے مطابق اِن حنوط شدہ جانوروں کی کھیپ کا مالک ایک نامور کاروباری شخص ہے جس کی گرفتاری ابھی تک عمل میں نہیں لائی گئی تاہم اس سے برآمد کیے جانے والے حنوط شدہ جانوروں کی اسمگلنگ اور ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی پر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔پولیس حکام اس بات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں کہ اس شخص کے پاس اتنی بڑی تعداد میں جانور کہاں سے آئے تھے۔ایک ہسپانوی اخبار لاس پرونشیاس کے مطابق اس کاروباری شخص کا دعویٰ ہے کہ اسے ان میں سے زیادہ تر جانور اپنے والد سے وراثت میں ملے تھے۔

گھاس سے بنی چھت والا انوکھا رکشہ

کشمیرالیوم (مانیٹرنگ ڈیسک) :موسمِ گرما میں جیسے ہی گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے لگتا ہے لوگ اپنے آپ کو اور اپنے ارد گرد کے ماحول کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے مختلف طریقے آزماتے ہیں۔اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ بہت زیادہ وائرل ہورہی ہے، اس پوسٹ میں شیئر کی گئی تصویر نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔یہ تصویر ملک میں موجود ناروے کے سفارت کار، ایرک سولہیم نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی ہے۔ایرک سولہیم نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’اس بھارتی شخص نے گرمی میں بھی ٹھنڈا اور پرسکون رہنے کے لیے اپنے رکشے پر گھاس اگائی ہے‘۔اس تصویر میں ایک رکشہ نظر آرہا ہے، جس کی چھت اچھی طرح سے تراشی ہوئی گھاس سے ڈھکی ہوئی ہے اور صرف یہی نہیں بلکہ رکشے کے سائیڈ پر چند گملے بھی رکھے گئے ہیں۔رکشہ ڈرائیور اتنی گرمی میں میں بھی رکشے میں بیٹھا بہت پرسکون نظر آرہا ہے۔

ناروے کے سفارتکار کے اس ٹوئٹ کو صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے اور اس رکشے والے کی ذہانت کی تعریفیں بھی کی جارہی ہیں۔

قیمتی کتابوں کو بچانے والی چمگادڑیں

کشمیرالیوم (مانیٹرنگ ڈیسک) : پرتگال سے ایک دلچسپ خبر آئی ہے جہاں یونیورسٹی آف کوئمبرا ایلٹا اینڈ صوفیہ کے شان دار کتب خانے میں درجنوں چمگادڑیں موجود ہیں جو قیمتی کتابوں کی حفاظت کررہی ہیں۔یونیسکو نے اس لائبریری اور عمارت کو عالمی ورثہ قرار دیا ہے لیکن یہاں کیڑے مکوڑوں کی تعداد آتی رہتی ہیں اور یہ چمگادڑیں انہیں کھاتی ہیں جس سے کتب محفوظ رہتی ہیں۔

اسے دنیا کی خوبصورت ترین لائبریریوں میں شمار کیا جاتا ہے جہاں قدیم شاہکارکتابیں موجود ہیں۔ بعض کتابیں تو اتنی نایاب ہیں کہ ان کی قیمت نہیں بتائی جاسکتی۔ یہی وجہ ہے کہ کتب خانے کی انتظامیہ نے چمکادڑوں کو یہاں کا نگران قرار دیا ہے۔اس طرح اڑنے والی یہ ممالیہ کتاب دشمن کیڑے مکوڑوں کا قدرتی علاج بھی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اب تک کسی بھی طالبعلم نے چمگادڑوں کی شکایت نہیں کی ہے اور وہ سکون سے یہاں بیٹھی رہتی ہیں۔یونیورسٹی کی اس لائبریری کو ہوانینا کا نام دیا گیا ہے۔ کوئی نہیں جانتا کہ یہ جانور کب سے لائبریری میں ہیں اور یہاں کا انتخاب کیوں کیا۔ بعض ماہرین کے مطابق اس کی عمارت کئی سوسال پرانی ہے اور چمکادڑیں 1800 سے یہاں موجود ہیں۔تاہم چمگادڑوں کی بیٹ کچھ پریشان کرسکتی ہیں جس کے لیے مخصوص اسٹاف رکھا گیا ہے۔ لائبریری بند ہونے پر اس کا قیمتی فرنیچر جانوروں کی کھال سے ڈھانپا جاتا ہے۔

وہ وقت دور نہیں جب ہم امریکا کا مسلمان صدر بھی دیکھیں گے، امریکی میئر

کشمیرالیوم (مانیٹرنگ ڈیسک): امریکا کے شہر ہیوسٹن کے میئر سلوسٹر ٹرنر کا کہنا ہے کہ مسلمان امریکی معاشرے کا کلیدی حصہ ہیں، وہ وقت دور نہیں جب ہم امریکا کا مسلمان صدر بھی دیکھیں گے۔شہر ہیوسٹن کے میئر سلوسٹر ٹرنر کی میزبانی میں امریکا کے سب بڑے افطار ڈنر کا اس سال بھی شاندار انعقاد کیا گیا۔اس افطار پارٹی میں مسلم سسٹر سٹیز بشمول ہیوسٹن 50 سے زائد تنظیموں کے اشتراک سے بے یو سٹی ایونٹ سینڑ میں منعقد ہونے والے ہیوسٹن افطار ڈنر میں رکن کانگریس ایل گرین، منتخب نمائندوں اور غیر ملکی سفارت کاروں سمیت دو ہزار افراد کی شرکت۔رکن کانگریس ایل گرین نے اس موقع پر ایک دہائی سے افطار ڈنر کے منظم پر واشنگٹن ڈی سی پر لہرانے والا امریکی پرچم اور کانگریسی تعریفی اسناد بھی منتظمین کو پیش کیں جو کہ ہر سال گراں قدر مالی تعاون کرنے والے آئل ٹائیکون جاوید انور، اعزازی چیئر نصرو روپانی، آئمن کبیر اور افطار کے کو آرڈینیٹر سعید شیخ نے وصول کی۔افطار ڈنر کے موقع پر میئر ہیوسٹن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا پاکستان خصوصاً کراچی کا دورہ زیر غور ہے اور متعدد پاکستانی رہنما اور کاروباری شخصیات ان کے ہمراہ دورہ پر جانے کے خواہشمند ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کا کوئی بھی شہر اس وقت تک عظیم شہر نہیں قرار دیا جاسکتا جب تک کی وہاں کس نہ کسی سطح پر مسلمانوں کی نمائندگی نہ ہو، کیوں کہ مسلمان امریکی معاشرے کا کلیدی حصہ ہیں۔افطار ڈنر کے موقع پر رکن کانگریس ایل گرین نے افطار کی انتظامی کمیٹی کو تعریفی شیلڈ پیش کی، اس موقع پر انہوں نے امریکی مسلمانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

افطار ڈنر کے چیف پیٹرن ممتاز آئل ٹائیکون جاوید انور نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مئیر ہیوسٹن کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔افطار ڈنر کے کوآرڈینیٹر سعید شیخ نے اس موقع پر ہر سال افطار ڈنر کیلے گراں قدر مالی تعاون ہر جاوید انور سے اظہار تشکر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آئندہ سال افطار ڈنر کے لیے جارج براؤن کنوینشن سینٹر میں 3 ہزار افراد کے لیے انتظامات کیے جائیں گے۔افطار ڈنر سے بزنس ٹائیکون نصرو روپانی، ISGH کے صدر آئمن کبیر، مسرور جاوید خان اور دیگر شخصیات نے بھی خطاب کیا افطار ڈنر میں گورنرز ٹیکساس گریگ ایبٹ کا امریکی مسلمانوں کے لیے رمضان کی مبارک باد کا ویڈیو پیغام بھی بڑی اسکرین پر دکھایا گیا

٭٭٭