مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان خونی معرکے۔۔۔

ہمایوں قیصر

16مارچ 2022 ء۔۔ سر ینگر کے علاقے نوگام میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں تین مجاہدین نے جام شہادت نوش کیا۔بھارتی فوج نے ماٹر شیلنگ کرکے کئی عمارتوں کو تباہ کردیا۔ علاقے میں بھارتی فوج کے خلاف احتجاج کیلئے لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا جس سے متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے۔

17 مارچ 2022ء۔۔بھارتی پولیس نے سرینگر میں 12زائد سے کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے سرینگر کے علاقے نوگام میں گھروں پر چھاپوں کے دوران ان نوجوانوں کو گرفتار کیا۔ بھارتی فوج نے نوجوانوں پر الزام عائد کردیا ہے کہ وہ بھارتی فوج کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں شامل تھے۔

18 مارچ2022 ء۔۔ ضلع بڈگام کے علاقے میں ایک بھارتی فوجی صوبیدار تیج پال سنگھ دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہو گیا ہے۔ ضلع کپواڑہ کے علاقے ہندواڑہ میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک بھارتی پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔ضلع پلوامہ کے کاک پورہ، پامپورہ اور دیگر علاقوں میں گھروں پر چھاپوں کے کے دوران بھارتی فوج نے چھ کشمیری نوجوانوں کو گرفتارکرلیا ہے۔بھارتی فوجیوں اور پیراملٹری اہلکاروں نے سرینگر، بارہمولہ، بانڈی پورہ، گاندربل، پلوامہ، اسلام آباد، شوپیاں اور کولگام کے اضلاع کے مختلف علاقوں میں اپنی تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں جاری رکھیں اور لوگوں کو ہراساں کیا۔ضلع بانڈی پورہ میں ایک سڑک حادثے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

19 مارچ2022 ء۔۔ ضلع شوپیاں اور ترال علاقے میں بھارتی فورسز کے کیمپوں پر دستی بم کے دو الگ الگ حملے کئے گئے جن میں کم از کم دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ ضلع شوپیان کے علاقے زینہ پورہ میں مجاہدین نے ایک کارروائی کے دوران بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک کیمپ پردستی بم سے حملہ کیا جس میں کم از کم ایک سی آر پی ایف اہلکارزخمی ہوگیا جس کی شناخت امیت کمارکے نام سے ہوئی ہے۔ضلع پلوامہ میں ترال کے علاقے نودل میں بھی ایک کارروائی کے دوران مجاہدین نے بھارتی فوج کے سی آر پی ایف کیمپ پردستی بم کے ایک اور حملے میں بھارتی فورسز کے دواہلکار زخمی ہو گئے۔

20 مارچ 2022 ء۔۔ضلع پلوامہ کے آری ہل علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک غیر کشمیری مزدورعبدالقاسم زخمی ہوگیا۔

21 مارچ2022ء۔۔ ضلع پلوامہ کے گنگو علاقے میں ایک غیر کشمیری مزدوربسو جیت کمار کو نامعلوم مسلح افراد نے گولی مار کر زخمی کردیا۔ ضلع بڈگام کے گوطہ پورہ علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے تجمل محی الدین نامی ایک شہری زخمی ہوا جو ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

22 مارچ 2022 ء۔۔سرینگر کے علاقے بھلوچی پورہ میں ایس ڈی پی او کوٹھی باغ کی حفاظت پر معمور پولیس کانسٹیبل عمران احمد کو نامعلوم افراد نے گولی مار کر شدید زخمی کردیا۔

23 مارچ2022 ء۔۔ سرینگر کے علاقے رعنا واری میں مجاہدین نے بھارتی فوج کی ایک پارٹی پردستی بم پھینکا جس کے نتیجے میں پانچ بھارتی پولیس اہلکارزخمی ہو گئے۔ بھارتی پولیس نے سرینگر کے علاقے بمنہ سے ایک نوجوان زبیرالطاف شیخ کو گرفتار کرلیا۔واضح رہے کہ بھارتی پولیس نے گزشتہ روز سرینگر، شوپیاں اور کولگام میں گھروں پر چھاپوں کے دوران تین اورکشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیاتھا۔ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی ایک بھارتی فوجی وکرم کمار یادیو نے اپنی سروس رائفل سے گولی مارکر خودکشی کر لی۔ضلع کولگام میں ایک 34 سالہ نوجوان عاشق حسین حجام کوپراسرار حالت میں مردہ پایا گیا۔

25 مارچ 2022 ء۔۔ضلع کولگام کے علاقے قاضی گنڈ سے تعلق رکھنے والے بھارتی فوجی اہلکار وسیم یوسف بھارتی شہردلی میں دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگئے۔ ضلع پونچھ میں دریا سے ایک27 سالہ لڑکی رسیلا کوثر کی لاش برآمد کرلی گئی۔وہ چند دن پہلے علاقے سے لاپتہ ہوگئی تھی۔

27 مارچ 2022 ء۔۔ضلع بڈگام کے چڈ ابگ میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں شدید زخمی ہونے والا اسپیشل پولیس آفیسر(ایس پی او)کا بھائی سرینگر کے ایک اسپتال میں دم توڑ گیاجس سے واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد دو ہوگئی ہے۔

28 مارچ 2022 ء۔۔ ضلع بڈگام کے علاقے سونری گنڈ میں بھارتی فوج نے محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران کئی نوجوانوں کوگرفتار کیا۔ ضلع شوپیان کے علاقے کڈگام میں ایک باغ سے ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے جس کی عمر تقریباً20سال بتائی گئی ہے۔

29 مارچ2022 ء۔۔ ضلع کولگام کے علاقے بہی میں ایک بھارتی فوجی نے خودکشی کی کوشش کرنے کے دوران اپنی رائفل کی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ضلع اسلام آباد کے سیر ہمدان علاقے میں عبدالحمید ڈار کی لاش بر آمد کرلی گئی۔

30 مارچ2022 ء۔۔ سری نگر کے نوگام علاقے میں ایک نوجوان عمر فاروق شیخ کی لاش پولیس نے برآمد کرلی جبکہ بارہمولہ کے علاقے میں دریائے جہلم سے عبدالمجید وانی کی لاش نکال دی گئی ہے جو نو ماہ پہلے اپنے علاقے سے لاپتہ ہوگیا تھا۔سری نگر کے رعناواری علاقے میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک صحافی سمیت دو مجاہدین رئیس احمد بٹ اور ہلال احمد راہ ساکنہ بجبہارہ اسلام آباد نے جام شہادت نوش کرلیا۔بھارتی فوج نے ماٹر شیلنگ کرکے کئی مکانوں کو نقصان پہنچایا۔ضلع کپواڑہ کے درگہمولہ علاقے میں ذہنی طور پر معذور شخص فیاض احمد بٹ ساکنہ ہتھمولہ کپوارہ کی لاش برآمد کر لی۔بلگام کے قریب سوپور بارہمولہ روڈ پر بھارتی فوج کے ٹرک کی ایک ٹریکٹر اور ایک موٹر سائیکل سے دانستہ ٹکر کے نتیجے میں دو شہری شہید اور ایک زخمی ہو گیا ہے۔

31 مارچ 2022 ء۔۔ضلع پلوامہ کے ترکواگن علاقے میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے مابین ایک مدبھیڑ ہوئی جس کے نتیجے میں ایک مجاہد منیب احمد شیخ ولد شاہ محمد شیخ ساکنہ ٹاک محلہ شوپیاں نے داد شجاعت دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ضلع بارہمولہ کے سوپور علاقے میں بھارتی فوج نے ایک خاتون حسینہ اخترکو بھارتی فوجی بنکر پر پیٹرول بم پھینکنے کے الزام میں گرفتارکرلیا۔

یکم اپریل 2022 ء۔۔ ضلع پلوامہ کے لیتھ پورہ فوجی کیمپ میں ایک بھارتی فوجی ویتھل ڈیوٹی کے دوران حرکت قلب بندہونے سے ہلاک ہو گیا۔ بھارتی پولیس نے پلوامہ، جموں اور کٹھوعہ کے اضلاع سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک رہنما سمیت چھ افراد گرفتار کر لیے ہیں۔بھارتی پولیس اور پیرا ملٹری اہلکاروں نے اویس الطاف، عاقب منظور اور وسیم احمد کوضلع کے علاقے کریم آباد میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔ پولیس نے گرفتار نوجوانوں پر ایک مجاہد تنظیم کے ساتھ کام کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ بھارتی پولیس نے جموں اور کٹھوعہ اضلاع میں گھروں پر چھاپوں کے دوران کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما محمد شریف سرتاج احمد کو گرفتارکرلیا۔ضلع پلوامہ کے علاقے مران میں نافعہ بلال نامی ایک 14 سالہ لڑکی لاپتہ ہوگئی۔ وہ گھر سے سکول جانے کیلئے نکلی تھی اور واپس گھر نہیں لوٹی۔

2 اپریل 2022 ء۔۔ جنوبی کشمیرکے ضلع اسلام آبادکے بجبہاڑہ کے علاقے حسن پورہ میں ایک ناکے پر ایک نوجوان آصف بشیر گنائی ساکن حسن پورہ کو گرفتارکرلیا۔ بھارتی فورسز نے دعویٰ کیاہے کہ گرفتارنوجوان ایک عسکریت پسند ہے۔

3 اپریل 2022 ء۔۔ ضلع پلوامہ کے علاقے لتر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سریندرسمیت دو مقامی افراد زخمی ہوگئے۔ ضلع بانڈی پورہ میں بھارتی پولیس نے پانچ بے گناہ نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔گرفتار نوجوانوں کی شناخت عرفان احمد بٹ، سجاد احمد میر، شارق احمد میر،عرفان احمد جان اور عرفان عزیز بٹ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ نوجوانوں کو ضلع کے علاقوں اشٹینگو اور حاجن سے گرفتار کیا گیا۔بھارتی پولیس نے نوجوان کی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لیے دعویٰ کیا کہ یہ مجاہدین کے لئے کام کرتے تھے۔

4 اپریل 2022 ء۔۔ نامعلوم مسلح افراد نے سونو کمار بالا جی نامی شخص کو ضلع کے علاقے چھوٹاگام حرمین میں گولی مارکر زخمی کیا۔ ضلع پلوامہ میں مزیددو غیر کشمیریوں کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔

مسلح افراد نے ضلع پلوامہ کے علاقے لاجورہ میں دو غیر مقامی مزدوروں پتلیشور کمار اور جوکو چودھری پر فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ضلع پونچھ میں ذہنی طور پر معذور ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ مذکورہ شخص کی شناخت 60سالہ علم دین ولد باغ علی ساکن فضل آباد کے طورپر ہوئی ہے۔

5 اپریل 2022 ء۔۔بھارتی فوج نے ضلع راجوری میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک مجاہد نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرلیا۔ضلع بارہمولہ کے علاقے رفیع آبا د میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران ایک نوجوان کو گرفتار کرلیا۔

6 اپریل 2022 ء۔۔سری نگر ہائی وے روڑ پر ایک پولیس اہلکار شبیر احمد بٹ ساکنہ کولگام حادثے کے دوران ہلاک ہوگیا۔ضلع پلوامہ کے علاقے میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان جھڑپ ہوئی جس ایک مجاہد نے جام شہادت نوش کیا جبکہ راجوری میں ایک معرکے کے دوران ایک مجاہد لڑتے ہوئے شہیدہو گیا۔بھارتی پولیس نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے علیل رہنما عبدالصمد انقلابی کو ضلع بانڈی پورہ کے علاقے سنبل میں ان کے گھر پر چھاپے کے دوران گرفتار کر لیا۔

7 اپریل 2022 ء۔۔نامعلوم افراد نے ضلع پلوامہ ایک غیر مقامی ڈرائیور کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گیا۔

بھارتی پنجاب کے شہر پٹھانکوٹ کے رہائشی سونو شرما نامی ڈرائیور کو ضلع کے علاقے یاڈر میں گولیاں ماری گئیں۔ضلع کپواڑہ کے علاقے ہندواڑہ میں بھارتی فوجیوں نے زبردستی مسجد میں گھس کر وہاں نماز ادا کرنے والے نمازیوں کی تصاویریں بنائیں۔ جب لوگوں نے فوجیوں کو اس پر تشدد اور غیر انسانی عمل سے روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے نمازیوں پر فائرنگ شروع کر دی جس سے متعدد نمازی زخمی ہو گئے۔ کشمیر میں بھارتی فوج کی حمایت یافتہ دیہات دفاع کمیٹی کے ایک رکن کے بیٹے نے ضلع پونچھ میں خودکشی کر لی۔ضلع کے علاقے مرہ بفلیازمیں 28سالہ گلزار احمد نے اپنے والد جو وی ڈی سی ممبر ہے کی سروس رائفل سے گولی مار کر خودکشی کی۔

8 اپریل 2022 ء۔۔مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے ایک خاتون سمیت 25کشمیریوں کے خلاف چارج شیٹ دائر کی۔گزشتہ سال 10اکتوبر کو درج کئے گئے مقدمے میں تحقیقاتی ادارے نے نئی دلی میں این آئی اے کی عدالت میں چارج شیٹ دائر کی۔این آئی اے نے بشیر احمد پیر، امتیاز کھندو، بلال احمد میر، اویس احمد میر، طارق احمد ڈار، طارق احمد بافندا، محمد حنیف، حنان گلزار ڈار، متین احمد بٹ، کامران اشرف ریشی، ریاض بشیر، محمد منان ڈار، زمین عادل بٹ، حارث ناصر، رؤف احمد بٹ، ثوبیہ عزیر، عامر احمد گوجری، صداقت امین ملک،اشفاق وانی، رشید گنائی، ناصر احمد میر، عرفان طارق، سہیل احمد، عادل احمد وار اور عارف فاروق بٹ کے خلاف چارج شیٹ دائر کی ہے۔ ضلع بارہمولہ علاقے ڈولی پورہ علاقے میں بھارتی فوج نے اقبال میر نامی نوجوان کو گرفتار کیا اور بعد ازاں اسے مجاہد تنظیم کا کارکن قراردے دیا۔

9 اپریل 2022 ء۔۔ ضلع اسلام آباد میں بیج بہاڑہ کے علاقے سریگفوارہ میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک مجاہد نثار احمد ڈار ولد غلام حسن ڈار ساکنہ ریڈونی کولگام نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ضلع کولگام کے ڈی ایچ پور ہ علاقے میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے مابین ایک مدبھیڑ ہوئی جس کے نتیجے میں دو بھارتی فوجی روہت شرما اور انکیش کمار زخمی ہو گئے۔ سری نگر کے الٰہی باغ علاقے میں ڈل جھیل سے ایک نوجوان خورشید احمد ٹوٹا ولد غلام نبی کی لاش برآمد کرلی گئی۔ ضلع بڈگام میں دونوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بھارتی فوج نے علاقے رٹھسن بیروہ میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دونوجوانوں کو گرفتار کیا۔گرفتارنوجوانوں کی شناخت رٹھسن کے واجد یوسف آخون اور کاؤسہ خلیسہ کے محمد اشرف شیخ کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتارنوجوان مجاہدین کے لئے کام کرتے تھے۔ سرینگرکی تاریخ جامع مسجد میں بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگانے کی پاداش میں شہر سے کم از کم 13نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس نے نوجوانوں کو سرینگر کے مختلف علاقوں سے گھروں پر چھاپوں کے دوران گرفتار کیا۔ گرفتار کیے جانے والوں میں سے دو کے نام بشارت نبی بٹ اور عمرمنظور شیخ معلوم ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ جامع مسجد سری نگر گزشتہ روز رمضان کے پہلے جمعہ کی نماز کے بعد آزادی کے حق میں اور بھارت مخالف نعروں سے گونج اٹھی تھی۔

10 اپریل 2022 ء۔۔ ضلع سرینگر کے علاقے بشمبرنگرمیں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک خونی معرکہ پیش آیا جس میں دو مجاہدین محمد بھائی اور ابو ارسلان نے آخری گولی تک مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔جھڑپ میں بھارتی فوج کے چار اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔اس دوران بھارتی فوج نے کئی مکانوں کو ماٹر شیلنگ کرکے تباہ کردیا۔

11 اپریل 2022 ء۔۔ ضلع کولگام کے علاقے کربت پورہ میں افطار ی کے قریب تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو مجاہدین جمیل پاشا اور سمیر احمد صوفی ساکنہ امشی پورہ شوپیاں نے داد شجاعت دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔جھڑپ کے دوران بھارتی فوج کے متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔بھارتی انتظامیہ نے کشمیری ملازمین کے خلاف اپنی مذموم مہم کو جاری رکھتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر شیخ شوکت کو آزادی پسند تنظیموں کے ساتھ روابط رکھنے کے الزام پر کشمیر لا ء کالج سرینگر کے پرنسپل کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔

12 اپریل 2022 ء۔۔ضلع کولگام کے علاقے کاکران میں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ میں زخمی ہونے والا ایک شہری ستیش کمارسنگھ ہسپتال لے جاتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑبیٹھا۔

13 اپریل2022 ء۔۔ضلع کولگام کے کتراسو علاقے میں ایک نوجوان ممتاز رنگریز کی لاش پُراسرار طور پر مردہ حالت میں برآمد کرلی گئی۔ ضلع بانڈی پورہ میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما عبدالصمد انقلابی سمیت کم از کم گیارہ افرادپر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگوکیا ہے۔جن لوگوں پر پبلک سیفٹی ایکٹ لاگوکیاگیاہے ان میں عبدالصمد انقلابی، قیصر احمد پرے، ظہور احمد ڈار، محمد سلیم پرے، عرفان احمد لون، عرفان احمد بٹ اور نصیر احمد پرے شامل ہیں۔

14 اپریل 2022 ء۔۔ ضلع پونچھ کے علاقے بلونی میں سڑک حادثے میں بھارتی فوج کا ایک جونیئر کمیشنڈ افسر ڈی این پانڈے موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ دو فوجی نائیک بھارت جگدالے اور وجے پوار زخمی ہو گئے۔ ضلع شوپیاں کے علاقے بادی گام میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک خونی معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں چارمجاہدین عاقب فاروق ٹھوکرولد فاروق احمد،وسیم احمد ٹھوکر ولد عبدالغنی ساکنہ زینہ پورہ،فاروق احمد بٹ ولد عبدالسلام،شوقین احمد میرولد محمد عبداللہ ساکنہ سوگاں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ضلع شوپیاں کے علاقے کانی پورہ میں سڑک کے ایک حادثے میں چاربھارتی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔

15 اپریل 2022 ء۔۔ ضلع بارہمولہ کے پٹن گوشہ بگ علاقے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے منظور احمد نامی سرپنچ کوگولی مار کر ہلاک کردیا۔ سرینگر کے علاقے رنگریٹ میں جموں وکشمیر ایک بھارتی فوجی اکاش کمارنے اپنی سروس رائفل سے گولی مارکر خودکشی کی جس سے مقبوضہ کشمیرمیں جنوری2007سے خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعدا د بڑھ کر 539ہو گئی ہے۔ضلع پلوامہ میں ایک بھارتی فوجی موہن سنگھ کو پُراسرار طور پر ڈیوٹی کے دوران مردہ پایا گیا۔

٭٭٭