مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان خونی معرکے۔۔۔۔

ہمایوں قیصر

16جون 2022 ء۔۔ ضلع کولگام کے علاقے مشی پورہ علاقے میں حزب المجاہدین سے وابستہ مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک خونی معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں مجاہدزبیر احمد صوفی ساکنہ موہن پورہ کولگام سمیت دو مجاہدین نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ ضلع اسلام آباد کے علاقے ککر ناک ہانگل گنڈ علاقے میں ایک اور خونی معرکہ حزب المجاہدین کے جوانوں او ربھارتی فوج کے مابین پیش آیا جس کے نتیجے میں بھی دو مجاہدین جنید احمدبٹ عرف ابرارولد غلام محمد بٹ ساکنہ ہانگل گنڈکوکر ناگ اسلام آباد اور عبدالباسط وانی ولد محمد اشرف وانی ساکنہ دھنوٹھ عرف مصعب ساکنہ کوکر ناگ اسلام آباد نے دشمن کی سرینڈر کی گئی پیش کش کو ٹھکراکر لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ ضلع کولگام کے علاقے نیہامہ میں سی آر پی ایف کی گاڑی کے ایک اور ر گاڑی سے تصادم کے نتیجے میں سی آر پی ایف کے 8اہلکار زخمی ہو گئے۔ضلع پلوامہ کے علاقے میں بھارتی فوج نے دو نوجوانوں علی محمد میر اور جان محمد گنائی کوایک بارودی سرنگ نصب کرنے کے الزام میں گرفتارکرلیا۔ضلع کپواڑہ کے علاقے گونی پورہ میں مجاہدین نے ایک کارروائی کے دوران بھارتی فوج کی پارٹی پر دستی بم پھینکا جس کے نتیجے میں ایک بھارتی فوجی موقعہ پر ہی ہلاک ہوا جبکہ دیگر کئی اہلکار زخمی ہوگئے۔

17 جون 2022ء۔۔ ضلع پلوامہ کے علاقے پامپور سمبورہ میں ایک کارروائی کے دوران مجاہدین نے سب انسپکٹر فاروق احمد میر کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

18جون 2022 ء۔۔ سری نگر کے ہمہامہ علاقے میں ائیر پورٹ کے نزدیک بھارتی فوج کی کیسپر گاڑی الٹنے کے دوران ایک بھارتی فوجی زخمی ہوگیا۔

19 جون2022 ء۔۔کپواڑہ کے علاقے لولاب علاقے میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک خون ریز معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں مجاہد بمبار خان،البخش اورالطاف بھائی نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔شوکت احمد شیخ ساکنہ شوپیاں کو بھی بھارتی فوج نے اسی علاقے میں شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق شوکت احمد ایک عام شہری ہے جسے گرفتارکرکے معرکے کی جگہ جان بوجھ کرفرضی جھڑپ کے دوران شہید کیا گیاہے۔ضلع کپواڑہ میں ایک جعلی مقابلے کے بارے میں حقائق سامنے لانے پر ایک نیوز پورٹل کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔پولیس نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کرنے پر ”دی ریئل کشمیر نیوز”کا فیس بک پیج چلانے والے کو گرفتار کیا ہے۔پوسٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے پہلے سے گرفتار ایک نوجوان کو ضلع کپواڑہ کے علاقے چندی گام لولاب میں ایک جعلی مقابلے میں شہید کیاہے۔ کولگام کے علاقے ایچ ڈی پورہ میں بھی اسی روز ایک اور معرکہ مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان پیش آیا جس میں دو مجاہدین حارث شریف ساکنہ سری نگر اور ذاکر احمد پڈر ساکنہ کولگام نے بہادری سے بھارتی فوج کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ضلع کپواڑہ کے وانگام علاقے میں ایک تلاشی مہم کے دوران بھارتی فوج نے تین نوجوانوں ناظم احمد بٹ،سراج الدین خان اور عادل گل کو مجاہدین کے ساتھ کام کرنے کے الزام میں گرفتارکرلیا۔

20 جون 2022 ء۔۔ ضلع پلوامہ کے علاقے چاٹہ پورہ میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک مدبھیڑ کے دوران ایک مجاہد نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ سوپور کے علاقے ٹولیبل علاقے میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے مابین معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک مجاہد نے بھارتی فوج کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ضلع پلوامہ کے علاقے میں این آئی اے نے ساحل احمد،جہانگیر احمد ڈار،شاہد احمد شیر گجری اور عنایت احمد بٹ کو گرفتارکرلیا۔ ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ سے بھارتی پولیس نے تین نوجوانوں کو گرفتار کیا جن کی شناخت عاشق حسین حجام، غلام محی الدین ڈار اور طاہر بن احمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ایک اور نوجوان شاہد احمد پرے کو بھارتی فوج اورپولیس کی مشترکہ ٹیم نے ضلع بارہمولہ کے علاقے جوہامہ میں ایک ناکے پرگرفتار کیا۔پولیس نے نوجوانوں کی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لئے انہیں مجاہد تنظیم کے کا رکن قرار دیاہے۔

21 جون2022 ء۔۔مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں پارمپورہ، پانتہ چوک، نوہٹہ اورزکورہ میں پانچ رہائشی مکانوں کوبھارتی پولیس نے ضبط کرلیا ہے۔پولیس نے الزام عائد کیا کہ ان مکانوں کو مجاہدین بطور کمین گاہ استعمال کرتے تھے۔ این آئی اے نے ضلع کولگام سے مدثر احمد ڈار کو بطور سہولت کار کام کرنے کے الزام میں گرفتارکرلیا۔

22 جون2022 ء۔۔ضلع اسلام آبادکے قصبے میں ایک بھارتی فوجی نے ڈیوٹی کے دوران اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلا کرخودکشی کرلی۔

23 جون2022 ء۔۔ ضلع اسلام آباد کے کوکر ناگ علاقے میں ایک بھارتی فوجی دوران ڈیوٹی دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔

24 جون 2022 ء۔ضلع بڈگام کے مختلف علاقوں میں بھارتی فوج نے چارنوجوانوں یونس منظور، محبوب احمد، ارشاد احمد اور مظفر احمد کو گرفتار کیا۔پولیس نے گرفتار نوجوانوں کی غیر قانونی حراست کو جواز فراہم کرنے کے لیے انہیں ایک مجاہد تنظیم کا رکن قرار دیا۔ بھارتی تحقیقاتی ادارے ”این آئی اے“کے اہلکاروں نے سرینگر کے علاقے نواکدل سے نویں جماعت کے طالب علم فیصل سجاد نائیکو کو اس کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا۔سری نگر کے پارمپورہ علاقے میں ایک بیس سال کے نوجوان عادل احمد کی شیخ کی لاش شالہ ٹینگ علاقے سے برآمدکرلی گئی جبکہ کولگام علاقے میں ایک بھی ایک لاش برآمدکی گئی۔

25 جون2022 ء۔۔ ضلع پلوامہ کے سامبورہ علاقے میں بھارتی فوج نے ایک فوجی کے قتل کے الزام میں تین نوجوانوں ارسلان بشیر،توقیر منظور اور اویس مشتاق کو گرفتارکرلیا جبکہ ایک نوجوان فرید احمد کو ڈوڈہ کے علاقے میں اسلحہ سمیت گرفتارکرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

26 جون 2022 ء۔۔ضلع جموں کے آرایس پورہ سیکٹر میں بھارتی فوج نے غلطی سے سرحد عبورکرنے کے دوران ایک پاکستانی باشندے کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔

27 جون2022 ء۔۔ضلع کولگام کے علاقے تربجی میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے مابین مدبھیڑ ہوئی جس میں دو مجاہدین زبیراحمد میرساکنہ قیموہ کولگام اور ادریس احمد ڈار ساکنہ کلپورہ کولگام نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ ضلع کپواڑہ کے علاقے کیرن میں سرحد پربھارتی فوج نے دو عام شہریوں عبدالماجد چیچی اور صمدالدین بیگ کو گرفتارکرنے کے بعدایک جعلی معرکے کے دوران شہید کردیا۔ضلع راجوری کے علاقے میں بھارتی فوج نے محمد شبیر اور محمد صادق نامی نوجوانوں کو حال ہی میں ہونے والے بم دھماکوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتارکرلیا۔این آئی اے ایجنسی کے اہلکاروں نے دو نوجوانوں تنویر احمد وانی ساکنہ پلوامہ اور پیر ارشد اقبال ساکنہ بارہمولہ کو فنڈنگ کیس میں گرفتارکرلیا۔

29 جون2022 ء۔۔ ضلع کولگام کے علاقے نوا پورہ میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک مدبھیڑ ہوئی جس میں دو مجاہدین نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ضلع بارہمولہ کے اوڑی سلام آباد علاقے میں ایک ڈیم سے نامعلوم خاتون کی لاش برآمدکرلی گئی۔بانڈی پوری کے پاپہ چھن علاقے میں بھارتی فوج نے ایک ناکے پر تلاشی کے دوران ایک نوجوان محبوب الانعام کو بلاوجہ گرفتارکرلیا۔سری نگر کے مائسمہ علاقے میں ایک بھارتی پولیس اہلکار ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔

30 جون 2022 ء۔۔ ضلع گاندر بل کے علاقے گنڈ میں ایک بھارتی فوجی نے اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ بھارتی پولیس نے سوپور اور سری نگر کے علاقوں سے پانچ نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے تین نوجوانوں راشد مشتاق گنائی، عامر شفقت میر اور طاہر نثار شیخ کو ضلع بارہمولہ کے علاقے سوپور جبکہ دو نوجوانوں نوید شفیع وانی اور فیضان رشید تیلی کو سرینگر سے گرفتار کیا۔پولیس نے نوجوانوں کی غیر قانونی حراست کو جواز فراہم کرنے کے لیے انہیں مجاہد تنظیموں کے کارکن قرار دیا۔

یکم جولائی 2022ء۔۔ ضلع اسلام آباد کے علاقے بیج بہاڑہ میں مجاہدین نے ایک کارروائی کے دوران ایک پولیس اہلکار کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔

2 جولائی 2022 ء۔۔ضلع بارہمولہ کے علاقے سوپور نہر پورہ سے تعلق رکھنے والے فاروق احمد شاہ المعروف اشفاق احمدطویل علالت کے بعد میرپور میں انتقال کرگئے۔ ان کی نماز جنازہ میرپور کے علاقے نیوسٹی میں ادا کی گئی۔ جنازے میں مہاجرین کشمیر کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ مرحوم کو نیوسٹی میرپور کے قبرستاں میں سپرد خاک کردیا گیا۔ ضلع ڈوڈہ میں دو نوجوانوں کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتارکرلیا گیا۔گرفتارنوجوانوں کی شناخت تحصیل چرالہ سے تعلق رکھنے والے ثاقب حسین میر اور تحصیل بھگوا سے تعلق رکھنے والے عادل اقبال بٹ کے طورپر ہوئی ہے۔

3 جولائی 2022 ء۔۔بھارتی فوج نے پیر پنجال پیس فانڈیشن کے چیئرمین محمد حنیف کالس کو کالے قانو ن پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتارکرکے پونچھ کی جیل میں نظربند کردیا ہے۔ ضلع ریاسی کے ٹکسن علاقے میں بھارتی فوج نے دو نوجوانوں فیصل احمد ڈار ساکنہ پلوامہ اور طالب حسین شاہ ساکنہ راجوری کو مجاہدین کے سہولت کارکے طور پر کام کرنے کے الزام میں گرفتارکردیا۔

4 جولائی 2022 ء۔۔بھدروہ کے علاقے میں بھارتی پولیس نے ایک شہری عادل غفور ساکنہ ڈوڈہ کو گستاخی کرنے والی بے جے پی رہنما نپور شرماکے خلاف تقریر کرنے کے الزام میں گرفتارکرلیا۔

5 جولائی 2022 ء۔۔ضلع اسلام آباد کے ہادی گام علاقے میں ایک معرکے کے دوران کفیل احمدمیرساکنہ قیموہ اور ندیم عباس ساکنہ قیموہ کو گرفتارکرنے کادعویٰ کیاہے۔

6 جولائی 2022 ء۔۔ ضلع پونچھ کے علاقے جھلاس میں فائرنگ رینج پر تربیت کے دوران ایک دھماکہ ہوا، دھماکے میں دو بھارتی فوجی مکیش کمار اور رشی کیش چوبے زخمی ہوگئے۔بارہمولہ کے علاقے میں دریائے جہلم سے ایک لاپتہ شخص جاوید احمد لون ساکنہ جل شیری بارہمولہ کی لاش برآمد کرلی گئی۔

7 جولائی 2022 ء۔۔ ضلع پونچھ کے علاقے میں انڈو تبت بارڈر پولیس(آئی ٹی بی پی)کے ایک افسر نے ضلع پونچھ کے منی سیکرٹریٹ میں خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ ضلع پونچھ میں تربیتی مشق کے دوران فائرنگ سے زخمی ہونے والا بھارتی فوجی رشکیش چوبے ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔ ضلع کپواڑہ کے علاقے ٹنگڈار میں مجاہدین اور بھارتی فوج میں جھڑپ ہوئی جس میں ایک مجاہد نے لڑتے ہوئے شہادت پائی جبکہ جھڑپ میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار بھی ہلاک ہو گیا۔ ضلع پونچھ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں بھارتی فوج کا ایک پورٹر زخمی ہوگیا۔ ضلع بارہمولہ کے علاقے خانیار کے قریب دریائے جہلم سے ایک شخص جاوید احمد لون ساکنہ جل شیری کی لاش برآمد کرلی گئی۔

8 جولائی 2022 ء۔۔ معروف شاعر اور مذہبی اسکالر مشتاق کشمیری سرینگر میں انتقال کر گئے۔مشتاق کشمیری معروف شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ ان کا شمار مذہبی اسکالر، سماجی اور آزادی پسند کارکنوں میں ہوتا تھا۔یاد رہے ان کا ایک مجاہدبیٹا رجب الاسلام نوے کی دہائی میں ہی شہید ہوچکا ہے۔ان کے خاندان نے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کے دوران گرانقدر قربانیاں پیش کی ہیں۔کشمیری صحافی شیخ عبداللطیف اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔ وہ کشمیر میڈیا سروس سے بطور سب ایڈیٹر وابستہ تھے۔ مرحوم بطور صحافی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرتے رہے۔

9 جولائی 2022 ء۔۔ ضلع بارہمولہ کے علاقے کیریری سے بھارتی پولیس نے مجاہدین کے ساتھ کام کرنے کے الزام میں ایک نوجوان محمد اقبال ساکنہ تلگام کو گرفتار کرلیا۔

10 جولائی 2022 ء۔۔سری نگر کے نٹی پورہ علاقے میں بھارتی فوج نے ایک نوجوان کو حراست کے دران تشدد کرکے شہید کردیا۔

11جولائی 2022 ء۔۔ ضلع پلوامہ کے علاقے وندک پورہ میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو مجاہدین قیصر راشد کوکہ ولد عبدل راشد ساکنہ ٹینگہ پورہ کیگام اور ارشاد احمد لون ولدغلام نبی ساکنہ للہار پلوامہ نے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

12 جولائی 2022 ء۔۔ سرینگر کے علاقے لال بازار میں پولیس ناکے پرمجاہدین نے ایک کارروائی کے دوران فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پولیس کا ایک اے ایس آئی موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ دو دیگر اہلکار زخمی ہوگئے۔

13 جولائی 2022 ء۔۔ کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے 13 جولائی کو”یوم شہدائے کشمیر“کے دن کے طور پر منایا گیا۔ سری نگر میں نوہٹہ، راجوری کدل اور دوسرے علاقوں میں دکانیں بند رہیں۔قابض حکام نے لوگوں کو1931کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مزار شہداء نقشبند صاحب سرینگر جانے کی اجازت نہیں دی جہاں یہ شہداء دفن ہیں۔ 13جولائی کو ان 22کشمیری مسلمانوں کی شہادت کی یاد میں منایا جاتا ہے جنہیں 1931ء میں سرینگر میں ڈوگرہ مہاراجہ کے فوجیوں نے شہید کر دیا تھا۔

14 جولائی 2022 ء۔۔ ضلع اسلام آباد کے علاقے بجبہاڑہ میں سڑک حادثے میں ایک بھارتی پولیس اہلکار ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا۔

15 جولائی 2022 ء۔۔ ضلع پونچھ کے علاقے میں بھارتی فوج نے زبردستی گرلز سکول پر قبضہ کرلیا اس قبضے کے خلاف علاقے کے عوام اور طلبہ نے شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔ضلع پونچھ کے سرن کورٹ علاقے میں مجاہدین نے بھارتی فوجی کیمپ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چار بھارتی فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ حملے میں پانچ اہلکار زخمی ہوئے۔ ضلع پونچھ کے چکن داباغ سیکٹرمیں بھارتی فوجیوں نے آزاد جمو ں وکشمیر کی رہائشی انچاس سالہ خاتون روزینہ کو نادانستہ طور پر کنٹرول لائن عبور کرنے کے بعد گرفتار کر لیا۔