ہمایوں قیصر
وادی کے مختلف علاقوں میں مجاہدین اور فوج میںجھڑپیں
کمانڈر لطیف احمد راتھر سمیت 4 مجاہدین شہید،8 فوجی ہلاک درجنوں زخمی
بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیاں جاری ۔۔۔تین عام شہری جعلی مقابلوں میں شہید
8 جولائی 2022 ء ۔۔ضلع سری نگر کے علاقے برزلہ میں سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس منیر خان کی رہایش گاہ کے قریب حزب المجاہدین کے برہان برگیڈ نے ایک کارروائی کے دوران ایک پولیس گاڑی میں بارودی سرنگ نصب کی گئی جس سے عین اس وقت دھماکہ کیا گیا جب پولیس اہلکار اس میں سوار ہوگئے۔اس کارروائی میں کئی اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
16 جولائی 2022ء۔۔ضلع پونچھ کے علاقے میں ایک بھارتی فوجی راجندر کمار نے خودکو آگ لگاکر خودکشی کردی۔اونتی پورہ کے گوری پورہ علاقے میں بھارتی فوج کی گاڑی ایک ٹرک کے ساتھ ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میںآٹھ بھارتی فوجی زخمی ہوگئے ۔
17 جولائی 2022 ء۔۔ ضلع پلوامہ کے علاقے میں مجاہدین نے ایک کارروائی کے دوران بھارتی پولیس پارٹی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بھارتی پیراملٹری کا ایک افسرونود کمارہلاک ہوگیا۔
18جولائی 2022 ء ۔۔ضلع پونچھ کے مینڈھر سیکٹر میں کنٹرول لائن کے قریب ایک گرینیڈ دھماکے میں بھارتی فوج کا ایک کیپٹن اور ایک (جے سی او )ہلاک اور چار دیگر زخمی ہو گئے۔ہلاک ہونے والے افسروں کی شناخت کیپٹن آنند اورنائب صوبیدار بھگوان سنگھ کے طورپرہوئی ہے۔ ضلع راجوری کے علاقے میں ایک نالے سے بی ایس سی کے طالب علم شہفیدبلال ساکنہ بڈگام کی لاش برآمدکرلی گئی۔
19 جولائی2022 ء۔۔ بھارتی پولیس نے جموں میں ایم بی بی ایس کی ایک طالبہ کو گرفتارکرلیا ہے۔ طالبہ کوجموں کے علاقے سدھرا میں قائم بترا ہسپتال کے نزدیک گرفتارکیاگیا۔بھارتی پولیس نے گرفتاری کاجواز پیش کرنے کے لئے دعویٰ کیاہے کہ طالبہ مبینہ طور پر فنڈنگ کیس میں ملوث ہے۔
20 جولائی 2022 ء ۔۔ ضلع کپواڑہ سے تین طالب علم لاپتہ ہو گئے ہیں۔ آٹھویں جماعت کے طالب علم عرفان مشتاق وانی، بارہویں جماعت کے طالب علم ناصر فیاض ڈار اور گیارہویں جماعت کے طالب علم بلال احمد ڈار کے اہل خانہ نے بتایا کہ وہ 18جولائی کو اپنے اپنے گھروں سے سکول کے لیے نکلے اور واپس نہیں آئے۔ سرینگر سے تعلق رکھنے والے 34سالہ شخص کی لاش دریائے جہلم سے برآمد ہوئی ہے۔
21 جولائی2022 ء۔۔ضلع پلوامہ کے ٹہاب علاقے میں ایک پُر اسرار دھماکے میں دو غیر ریاستی مزدور ہلاک ہوگئے۔
22 جولائی2022 ء۔۔ ضلع اسلام آباد کے علاقے میں قاضی گنڈ سانگراں کے رہائشی سجاد حسین لون کی لاش برآمد کرلی گئی۔ ضلع اسلام آباد ہی کے علاقے پہلگام باباکوٹ سے ایک اور نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
23 جولائی2022 ء۔۔ جموں خطے کے ضلع پونچھ میں ایک 12سالہ لڑکارضوان خان جو کنٹرول لائن کے نزدیک اپنے مویشی چرارہا تھا بھارتی فوج کی بچھائی ہوئی بارودی سرنگ کے دھماکے میں زخمی ہوگیا ہے۔
24 جولائی 2022 ء۔۔ سری نگر کے علاقے بمنہ میں نامعلوم افراد نے ایک صحافی شبریز بشیرکو شدید زدوکوب کیا۔
25 جولائی2022 ء۔۔ ضلع جموں میں بی ایس ایف افسر رام دیو سنگھ نے ڈیوٹی کے دوران ایک چوکی پر اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کرخودکشی کرلی۔
26 جولائی 2022 ء۔۔ ضلع کولگام کے علاقے بری ہارڈ کاٹھ پورہ میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں بھارتی فوج کے متعدد اہلکار زخمی ہوگئے ۔مجاہدین محاصرہ توڑکر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ضلع پونچھ کے سرن کوٹ علاقے میں بھارتی پولیس نے ایک نوجوان باسط منیر کو ہتھیار سمیت گرفتارکرنے کا دعویٰ کیاہے۔
27 جولائی2022 ء۔۔ ضلع شوپیاں کے علاقے سندھو شرمال میںبھارتی فوج کاایک اسسٹنٹ کمانڈنٹ دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔ ضلع کپوارہ کے علاقے مژھل سے تعلق رکھنے والے معروف آزادی پسند کارکن عبدالرئوف تانترے مظفر آباد میںدریا میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے۔ انہیں مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیاگیا۔ عبدالروف تانترے نے اپنی پوری زندگی جدوجہدآزادی کے لئے وقف کردی اوران کی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ضلع بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے مجاہد کمانڈر شاہ فیصل راولپنڈی میں مختصر علالت کے بعد وفات پاگئے۔
29 جولائی2022 ء۔۔ ضلع کپواڑہ سے دو بے گناہ کشمیری نوجوانوںکو گرفتار کرلیا ہے۔طالب احمد شیخ اور شمیم احمد نامی نوجوانوں کو ضلع کے علاقے لادر وان سے گرفتار کیاہے۔ پولیس نے نوجوانوں کی گرفتاری کا جوا ز پیش کرنے کیلئے انہیں مجاہد تنظیم کا کارکن قراردیدیا ہے ۔ضلع پلوامہ میں ایک نوجوان حنان یعقوب ساکنہ کریم آباد کالے قانون پلک سیفٹی ایکٹ کے تحت چودہ ماہ کی غیر قانونی نظر بندی سے رہائی کے چند روز بعد گھر سے لاپتہ ہو گیا ہے۔ بھارتی انتظامیہ نے ضلع سری نگر میں مزید پانچ رہائشی مکان ’’یو اے پی اے ‘‘ کے تحت ضبط کر لیے ہیں۔ انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان مکانات کو عسکریت پسند استعمال کررہے تھے۔
30 جولائی 2022 ء۔۔ ضلع بارہمولہ کے علاقے وانیگام بالا میںبھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ایک نوجوان اختر حسین بٹ ساکنہ ترچ کنڈی کپواڑہ کو ایک جعلی مقابلے میں شہید کردیا۔ اس سے قبل اسی علاقے میںمجاہدین نے ایک حملے میں دو بھارتی فوجی اور ایک پولیس اہلکار کو زخمی کردیا۔جموں کے علاقے میں بھارتی فوج نے تلاشی مہم کے دوران ایک شہری ریشاب بٹ کو گرفتارکرلیا۔
31 جولائی 2022 ء۔۔ ضلع گاندر بل کے سونہ مرگ علاقے میں بھارتی فوج کی ایک گاڑی اور الٹ جانے کے باعث کم از کم تین اہلکار زخمی ہو گئے۔جبکہ علاقے کنگن میںایک موٹر سائیکل سے گرنے سے ایک بھارتی پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگیا۔ ضلع بانڈی پورہ کے علاقے اشٹنگو میں ایک مشترکہ کارروائی کے دوران بھارتی پولیس نے فیصل گلزار ساکنہ ہلرارہامہ کو عسکریت پسند قرار دے کر گرفتارکردیا۔ بارہمولہ کے بنیر علاقے میں بھارتی فوج نے ایک معرکے کے دوران ایک مجاہد ارشاد احمد ساکنہ پٹن بارہمولہ کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔یاد رہے ارشاد احمد کے والد حزب المجاہدین کے کمانڈر تھے جو 2015 ء میں بھارتی فوج کیساتھ ایک جھڑپ کے دوران شہید ہوگئے تھے۔ پولیس،بھارتی فوج نے سوپورکے علاقے ہادی پورہ رفیع آباد کے قریب ایک مشترکہ ناکہ لگایا۔ اس دوران دو نوجوان بھارتی فورسز کو دیکھتے ہوئے سڑک سے قریبی باغات کی طرف بھاگ گئے۔ بھارتی فورسز نے ان کا پیچھا کر کے انہیں پکڑ لیا۔ گرفتارنوجوانوں کی شناخت طارق احمد وانی اور اشفاق احمدوانی کے طورپرہوئی ہے۔ قابض فورسز نے نوجوانوں کی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لئے انہیں عسکریت پسند قراردیا۔
یکم اگست 2022ء۔۔ جموں کے گول رام بن علاقے میں ایک بھارتی پولیس چوکی پر مجاہدین نے گرینیڈ پھینکا جس کے نتیجے میں متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔
3 اگست 2022 ء۔۔ سری نگر کے علاقے آلوچی باغ میں ایک محاصرے کے دوران مجاہدین نے بھارتی پولیس کی ایک گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد اہلکار زخمی ہوگے۔ ضلع راجوری ضلع کے علاقے بدھل میں نام نہاد تلاشی آپریشن کے دوران ولیج ڈیفنس کمیٹی کے ممبر نے فائرنگ کرکے ایک شہری کو زخمی کیا۔ ضلع کولگام کے علاقے فرصل میں ایک بھارتی فوجی اپنے ساتھی کی رائفل حادثاتی طور پر چلنے سے زخمی ہو گیا۔
4 اگست 2022 ء۔۔ ضلع پلوامہ کے علاقے گدورہ میں نامعلوم افراد نے غیر کشمیری مزدوروں پردستی بم سے حملہ کیاجس سے ایک مزدورہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ بھارتی پولیس نے شمالی کشمیر کے قصبے ہندواڑہ سے تین بے گناہ کشمیری نوجوانوںکو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے نوجوانوںکو قصبے میں واقع فروٹ منڈی کے قریب ایک عارضی چوکی سے کیا۔دو نوجوانوںکی شناخت منطور احمد اور شوکت احمد بٹ کے طورپرہوئی ہے۔
5 اگست 2022 ء۔۔ ضلع کولگام کے علاقے ریڈوانی میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک معرکہ پیش آیا۔معرکے میں مجاہدین کی فائرنگ سے متعدد بھارتی فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔مجاہدین فائرنگ کرکے محاصرہ توڑ کر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔بھارتی فوج نے ظالمانہ کارروائی کرکے اندھادھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میںایک نوجوان منظور احمد لون ساکنہ کولگام شہید ہوگیا۔
6 اگست 2022 ء۔۔ ضلع ڈوڈہ کے گول علاقے میں ایک دھماکے میں ملوث ہونے کے الزام میں بھارتی فوج نے علاقے سے دو نوجوانوں کو گرفتارکرلیا۔
7 اگست 2022 ء۔۔ سرینگرکے لاوے پورہ علاقے میں بھارتی فوج نے ایک ناکے پر تلاشی مہم کے دوران ایک نوجوان ارشاد احمد بٹ ساکنہ بڈگام کومجاہدین کے ساتھ بطور بالائی ورکر کام کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ ضلع ڈوڈہ میں ضلع کے سیشنز کورٹ میں دوران ڈیوٹی اپنی سروس رائفل سے ایک بھارتی فوجی گرمیش سنگھ نے خود پرگولی مار کر خود کشی کی۔ اس تازہ واقعے سے جنوری 2007سے مقبوضہ علاقے میں خود کشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر 550 ہوگئی۔ ضلع کٹھوعہ کے گاوں مگر کھڈ میں تلاشی آپریشن کے دوران ایک شخص محمد شریف کو گرفتار کر لیا۔ بھارتی پولیس نے سرینگر میں عزاداروں کو جلوس نکالنے کی کوشش کرنے پر گرفتار کر لیا۔ پولیس نے درجنوں عزاداروں کو اس وقت گرفتار کر لیا جب انہوں نے سرینگر کے کچھ علاقوں میں پابندیوں کو خاطرمیں نہ لاتے ہوئے محرم الحرام کے جلوس نکالنے کی کوشش کی۔ ضلع اسلام آباد کے علاقے ونپوہ میں سرسونا ریلوے ٹریک کے قریب پراسرارحالت میں ایک شخص مشتاق احمد ڈارولد عبدالرزاق کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ ضلع کپواڑہ میں سری نگرکپواڑہ ہائی وے پر بوہامہ کے مقام پر ایک سڑک حادثے میں بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے دو اہلکار اور ایک شہری زخمی ہو گئے۔
9 اگست 2022 ء۔۔ سرینگر کے علاقے برزلہ میں سادہ کپڑوں میں ملبوس نامعلوم افراد نے عام شہریوں کے گھروں کو نذر آتش کرنے کیلئے پٹرول بم پھینکے جس کی وجہ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
10 اگست 2022 ء۔۔ ضلع بڈگام کے علاقے وترہ ہیل علاقے میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں تین مجاہدین کمانڈر لطیف احمد راتھر ساکنہ بدی پورہ چاڈورہ ،ثاقب مشتاق خان اور مظفر احمد چوپان ساکنہ کھنموہ سر ینگر نے لڑے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ جھڑپ کے دوران ایک مکان کو بھارتی فوج نے ماٹر شیلنگ کرکے تباہ کردیا۔جموں کے مضافاتی علاقے میران صاحب میں قائم فوجی کیمپ میں سنتری یوگیش کمار نے ڈیوٹی کے دوران اپنی سروس رائفل سے سر میں گولی مارکر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔
11 اگست 2022 ء ۔۔ ضلع راجوری کے پرگال علاقے میںمجاہدین نے ایک بھارتی فوجی کیمپ پرفدائی حملہ کیا جس کے نتیجے میںپانچ بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے اور دیگر پانچ اہلکار زخمی ہوئے ۔بھارتی فوج نے حملے کے دوران دو مجاہدین کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
12 اگست 2022 ء۔۔ ضلع اسلام آباد کے علاقے بیج بہاڑہ میںمجاہدین نے فائرنگ کرکے ایک بھارتی پولیس اہلکار کو زخمی کردیا۔ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک کشمیری نوجوان 27 سالہ عادل احمد بٹ ساکنہ پٹن کی لاش پُراسرار طور پر برآمد ہوئی ۔ ضلع بانڈی پور میں ایک 19 سالہ غیر کشمیری مزدور کو قتل کردیا۔ محمد امریج نامی بھارتی مزدور کو ضلع کے علاقے حاجن میں گولیاں ماری گئیں۔ وہ بعد ازاں سرینگر کے ایک ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
13اگست 2022 ء۔۔ ضلع گاندربل کے وسکورہ میں ایک سڑک حادثے میں بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی دو گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیںجس کے نتیجے میں کم از کم چھ اہلکار زخمی ہو گئے۔ سرینگر کے علاقے عیدگاہ علاقے میںمجاہدین نے ایک کارروائی کے دوران بھارتی فوج کے ایک بنکر پر دستی بم سے حملہ کیا جس سے ایک سب انسپکٹرپرویز رانا زخمی ہوگیا۔ضلع گول کے علاقے میں پولیس نے محمد عباس اور عبدالمجید نامی نوجوانوں کو گرفتار کیا۔دونوں کو رام بن پولیس ناکے پر حملے میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتارکیا۔ جموں وکشمیر میں نریندر مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت نے سیاسی انتقام کی اپنی پالیسی جاری رکھتے ہوئے مزید چار سرکاری ملازمین کو انکی یاانکے رشتہ داروں کی جاری تحریک آزادی سے وابستگی کی وجہ سے برطرف کر دیا ہے۔برطرف کیے گئے ملازمین میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنما فاروق احمد ڈار کی اہلیہ اور آزادی پسند رہنما سید صلاح الدین کا ایک بیٹا بھی شامل ہیں۔چاروں ملازمین کو آئین کے آرٹیکل 311 کے تحت ملازمت سے برطرف کیا گیا تھا جو بھارتی حکومت کو بغیر کسی تحقیقات کے ملازمین کو برطرف کرنے کی اجازت دیتا ہے۔فاروق احمد ڈار المعروف بٹہ کراٹے اس وقت نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں بند ہیں۔ ان کی اہلیہ جموں و کشمیر ایڈمنسٹریٹو سروسز آفیسردیہی ترقی کے ڈائریکٹوریٹ میں تعینات تھیں۔سید عبدالمعید، مینیجرانفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ آف انڈسٹریز اینڈ کامرس، حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کے بیٹے ہیں۔برطرف کیے گئے دیگر ملازمین میں ایک سائنسدان ڈاکٹر محب احمد بٹ اور کشمیر یونیورسٹی کے سینئر اسسٹنٹ پروفیسر ماجد حسین قادری شامل ہیں۔یاد رہے کہ مودی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں اب تک درجنوں سرکاری ملازمین کو جموں و کشمیر پر بھارتی ناجائز قبضے سے آزادی کے لیے کشمیریوں کی جاری تحریک کی حمایت کرنے کے الزام میں برطرف کر دیا ہے۔
14 اگست 2022 ء۔۔ ضلع کولگام کے علاقے قیموہ میںمجاہدین نے ایک کارروائی کے دوران بھارتی پولیس پارٹی پر دستی بم سیحملے میںبھارتی پولیس کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیاہے۔ہلاک ہونے والے پولیس اہلکارکی شناخت طاہر خان کے نام سے ہوئی ہے جو پونچھ کا رہائشی ہے۔
15 اگست 2022 ء۔۔سرینگر کے علاقے نوہٹہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران ایک حملے میں شدید زخمی پولیس اہلکار کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ ضلع بڈگام کے گوپال علاقے میں دستی بم کے حملے میں ایک اقلیتی ممبرکرن سنگھ زخمی ہوگیا۔ ضلع پونچھ میں مینڈھر کے علاقے نار بالاکوٹ میں بھارت کے یوم آزادی کی تقریب کے دوران ایک پراسرار دھماکہ ہوا۔ دھماکے سے ایک گاڑی کو نقصان پہنچا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک مقامی سرپنچ آفتاب خان پنچایت گھر پر بھارتی پرچم لہرا رہے تھے۔