مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان خونی معرکے

ہمایوں قیصر

ضلع پلوامہ ، شوپیاںاورسانبہ میںمجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان جھڑپیں
حزب کمانڈر محمد آصف سمیت 13 مجاہدین راہ حق میں شہید،متعدد فوجی اہلکار ہلاک و زخمی

پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں مقبوضہ کشمیرکے مختلف علاقوں میں بھارتی فوج کی چھاپہ مار کارروائیاں عروج پر

3000سے زائد کشمیری نوجوان گرفتار،درجنوں مکانات مسمار

16 اپریل 2025۔۔۔ بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے ضلع پونچھ میں تین کشمیری نوجوانوں عبدالعزیز، منور حسین اور نذیر حسین کے خلاف چارج شیٹ داخل کردی ہے۔تینوںنوجوانوںپر کشمیر ی عوام کو آزادی پسند سرگرمیوں میں حصہ لینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ضلع بارہمولہ کی تحصیل رفیع آباد کے علاقے ہدی پورہ میں بھارتی فوج کی ایک گاڑی نے تین کشمیریوں کو کچل کر شدید زخمی کر دیا ۔
17 اپریل 2025۔۔۔بھارتی انتظامیہ نے ضلع جموں کے علاقے برجو چک میں گلزار احمد کے گھر کو مسمار کر دیا ۔بھارتی حکام نے گھر کی مسماری کا جواز فراہم کرنے کیلئے الزام عائد کیا ہے کہ 9اپریل کو ضلع سانبہ میں پولیس پر ہونے والے ایک حملے میں گلزار احمد کا بھی کردار رہا ہے۔ بھارتی پولیس نے ضلع سانبہ کے علاقوں بلوے کھڈ اور گجر بستی میں گھروں پر چھاپوں کے دوران تین خواتین سمیت نو افراد کو گرفتار کر لیاہے۔ ضلع ادھم پور میں بھارتی پولیس کا ایک اہلکاردیدار سنگھ دل دورہ پڑنے سے ہلاک ہو گیا ۔
18 اپریل 2025۔۔۔ بھارتی فوجیوں نے ایک ظالمانہ کارروائی کرتے ہوئےضلع راجوری میں تلاشی آپریشن کے دوران ایک پروفیسر سمیت متعدد شہریوں کو وحشیانہ تشدد کرکے لہولہان کردیا۔ راجوری کے علاقے سندر بنی میں پروفیسر اور دوشہری ایک گاڑی میں شادی کی تقریب میں جا رہے تھے کہ فوجیوں نے انہیں ایک ناکے پر روک کرپہلے پروفیسر کو گھسیٹ کر گاڑی سے باہر نکالااورپھر انہیں اور دیگر دو افراد کو لاتیں اور ڈنڈے مارکرتشدد کا نشانہ بنایا۔
19 اپریل 2025۔۔۔بھارتی پولیس نے آزادی پسند تنظیم مسلم لیگ سے وابستہ راہنما مسعود علی ساکن چکلو بارہمولہ کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اور تلاشی لی۔یہ چھاپہ کالے قانون ”یو اے پی اے “کے تحت مارا گیا۔پولیس نے چھاپے کے دوران کچھ پوسٹر ،سم کارڈ ، موبائل فون اور دیگر اشیا کے علاوہ 30ہزار روپے ضبط کیے ۔ ضلع بڈگام کے علاقے کانٹھ باغ کرالپورہ کے رہائشی مدثر احمد راتھر کی ملکیتی گاڑی بھارتی پولیس نےکالے قانون ”یو اے پی اے“ کے تحت ضبط کی جبکہ ایک اور کارروائی کے دوران پولیس نے سرینگر کے علاقے خانیار کے رہائشی فہد بشیر صدیقی کی موٹر سائیکل اسی کالے قانون کے تحت ضبط کی تھی۔
21 اپریل 2025۔۔۔ضلع لداخ کے سیاچن گلیشیئرعلاقے میں بھارتی فوج کانائب صوبیدار بلدیو سنگھ پراسرر حالت میں مردہ پایاگیا۔ ضلع ادھمپورمیںسٹرک کے ایک حادثے میں بھارتی فوجیوں کو لے جانے والی ایک گاڑی چوپڑا شاپ کے قریب قابو سے باہر ہوکر ایک کھائی میںجاگری جس کے نتیجے میں چھ بھارتی فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔ ضلع بانڈی پورہ میں بھارتی افواج نے ایک کشمیری نوجوان اعجاز احمد وانی ساکن بنگر محلہ حاجن سوشل میڈیا اکائونٹ”کشمیر ٹائمر‘‘پر آزادی پسند سرگرمیوں کو فروغ دینے والا مواد پوسٹ کرنے کے الزام پر گرفتار کیا گیا۔تیزہوائوں کے باعث سرینگر میں ایک حادثے کے دوران فوجی بنکر پر درخت گرنےسےایک پولیس اہلکارامرسنگھ زخمی ہو گیا۔ بھارتی حکام نے کالے قانون ”یو اے پی اے‘‘کے تحت ضلع بارہمولہ کے علاقے لال پورہ لاریڈورہ کے رہائشی عبداللہ شاہ بخاری کی 1کنال اور 10مرلہ اراضی اور تکیہ یوسف شاہ میںغلام رسول چوپان کی 13مرلہ اراضی ضبط کرلی ہے۔

23 اپریل 2025 ۔۔۔ضلع بارہمولہ کے علاقے سرجیون اوڑی نالہ کے قریب جھڑپ کے دوران بھارتی فوج نے دو مجاہدین کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ ضلع ادھمپور کے علاقے بسنت گڑھ میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک بھارتی فوجی اہلکار ہلاک ہوگیا۔ضلع بانڈی پورہ کے نائید کھائی سنبل علاقے میں بھارتی فوج نے ایک ناکے پر تلاشی کے دوران دو نوجوانوں محمد رفیق کھانڈے اور مختار احمد کوگرفتارکرلیا ۔فوج نےالزام عائد کردیا کہ دونوں نوجوان ایک تنظیم کے ساتھ بطور بالائی ورکرکام کررہے ہیں۔
26 اپریل 2025۔۔۔بھارتی انتظامیہ نے کشمیریوں کو انکی املاک سے محروم کرنے کا مذموم سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ضلع کپواڑہ کے قاضی آباد پالپورہ علاقے میں ایک اور کشمیری شہری حبیب اللہ گنائی کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔
25 اپریل2025 ۔۔۔بھارتی فوج نےظالمانہ کارروائی کے دوران ضلع بانڈی پورہ کے کلنارعلاقے میں ایک جعلی مقابلے میں ایک کشمیری نوجوان الطاف احمد لالی ولد زمان لالی کو شہید کر د یا ہے۔بھارتی فوجیوں نے نوجوان کو پہلے حراست میں رکھااور دوران حراست بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے شہید کر دیا۔اس واقعہ کے خلاف سینکڑوں افراد گھروں سے نکل آئے اور بھارتی مظالم کے خلاف اوراسلام و آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے احتجاجی مظاہرے کیے۔ احتجاج کے دوران کشمیری نوجوانوں نے غم و غصے کے عالم میں قابض بھارتی افواج پر شدید پتھراؤ کیا۔بھارتی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کےلئے آنسو گیس کے گولے داغے اور گولیاں چلائیں جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔یاد رہےکہ شہید الطاف لالی کا بھائی، طالب لالی، حزب المجاہدین کا سرگرم کمانڈر رہا ہے، جسے بھارتی فوج نے 4 ستمبر 2013ء کو گرفتار کیا تھا۔ ضلع بانڈی پورہ کے علاقے اجس میں مجاہدین اور قابض بھارتی فوج کے مابین ایک خونریز جھڑپ کے دوران دو بھارتی فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ ضلع پونچھ سے ایک کشمیری محمد عارف کی لاش پر اسرار طورپر برآمد ہوئی ہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق محمدعارف کو آر ایس ایس اور بی جے پی کے ارکان نے بھارتی فورسز کی مدد سے قتل کیا ہے۔
27 اپریل 2025۔۔۔ضلع کپواڑہ کے کنڈی علاقے میں نامعلوم بندوق برداروں نے ایک 45سالہ شخص غلام رسول ماگرےکو اس کے گھر پر گولی مار کرہلاک کر دیا۔بھارتی پولیس نے ضلع کولگام کے علاقے ٹھوکے پاڑہ کیموہ میں ایک ناکے پر تلاشی کے دوران دونوجوانوں بلال احمد بٹ اور محمد اسماعیل بٹ کومجاہد تنظیموں کے کارکن قراردے کر گرفتارکرلیا۔

27 اپریل 2025 ۔۔۔کشمیرکے ضلع کولگام میں ایک سڑک حادثے میں بھارتی پولیس کے کم از کم تین اہلکار زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ضلع کے علاقے اڈا پورہ میں پولیس کی ایک جپسی اور بکتر بند گاڑی آپس میں ہی ٹکراگئیں۔
29 اپریل 2025۔۔۔بھارتی دارلحکومت نئی دلی میں مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی ایم اے کی طالبہ کے ساتھ جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی میں چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔ ضلع بڈگام میں سڑک کے ایک حادثے میں بھارتی افواج کے 10اہلکار زخمی ہوگئے۔حادثہ دودھ پتھری کے علاقے ٹنگنار کے قریب اس وقت پیش آیا جب سی آرپی ایف کی گاڑی سڑک سے پھسل کر ایک کھائی میں جاگری۔
بھارتی فوج ،پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آئی کے،این آئی اے اورایس آئی اے جیسی بدنام زمانہ ایجنسیوں نے کم از کم پہلگام فالس فلیگ آپریشن جس میںایک کشمیری نوجوان سمیت چھبیس سیاح نامعلوم اسلحہ برداروں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے اس آپریشن کی آڑ میں وادی کے مختلف علاقوںمیںمحاصروںاورتلاشی مہم کے دوران 3000کشمیری نوجوانوں کویواے پی اے اور پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین کے تحت گرفتارکرلیاگیا۔ بھارتی فوج نے علاقے میں36 رہائشی مکانات کو بارود لگا کرمسمار کردیا۔جبکہ مقبوضہ جموں وکشمیرسے 66خواتین اوربچوں کو ملک بدر کر دیاہے۔ ان خواتین کوبچوں کے ہمراہ سرینگر، بارہمولہ، کپواڑہ، بڈگام اور شوپیاں سمیت کئی اضلاع سے گرفتار کیا گیااور بسوں کے ذریعے بھارتی ریاست پنجاب پہنچایا گیا، جہاں سے انہیں واہگہ سرحد کے ذریعے پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
2 مئی 2025۔۔۔ بھارتی پولیس نے وادی کے کئی علاقوں بانڈی پورہ، کپواڑہ، بارہمولہ، گاندربل، بڈگام، شوپیاں، کولگام، اسلام آباد، پلوامہ، کشتواڑ، ڈوڈہ، راجوری اور پونچھ میں چھاپوں کے دوران کالے قانون یو اے پی اے کے تحت درجنوں شہریوں کو گرفتارکرلیا ان گرفتارشدگان میں عادل نذیر، فیضان شوکت ، مومن احمد شیخ ، فیاض احمد کلواور مشتاق احمدبھی شامل ہیں۔ ضلع پونچھ کے علاقے کسبلری منکوٹ میں محمد ریاض کی ایک کنال اور 11مرلہ پر مشتمل زرعی اراضی کالے قانون یو اے پی اے کے تحت بھارتی حکام نےضبط کر لی ہے۔قابض حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ محمد ریاض ایک آزاد ی پسند کارکن ہے ۔
3 مئی 2025۔۔۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتظامیہ نے پہلگام واقعے کے بعد اب تک کم از کم 75 کشمیریوں پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) لاگو کر دیا ہے۔بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی ایک عدالت نے کشمیری حریت رہنما الطاف احمد بٹ کو اشتہاری قرار دیدیا ہےجوعرصہ دراز سے پاکستان میں مقیم ہے۔
4 مئی 2025 ۔۔۔ضلع رام بن میں بھارتی فوج کی ایک گاڑی سڑک سے پھسل کر چھ سو فٹ گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں تین بھارتی فوجی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
5 مئی 2025۔۔۔ ضلع کولگام کے علاقے مزگام میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران بھارتی فوج نے ایک تیئس برس کے کشمیری نوجوان امتیاز احمد ماگرےکوگرفتار کرنے کے بعد اس پرگولیاں برسا کر اسےشہید کردیا۔شہید کرنے کے بعد اس کی گولیوں سے چھلنی لاش بھارتی فوجیوں نے اہربل کے نالے میں پھینک دی تھی جو مقامی لوگوں نے برآمد کرلی ۔ پونچھ ضلع کے علاقے حویلی میں ڈیوٹی پر تعینات ایک بھارتی فوجی اہلکار نائیک گربن سنگھ حرکت قلب بند ہونے سے ہلاک ہوگیا ۔ بھارت کی آگرہ جیل میں ایک قیدی سید یوسف شاہ ساکن مظفرآباد جو گزشتہ 34 ماہ سے قید تھا علاج معالجے اور مناسب خوراک کی عدم دستیابی کی وجہ سے جیل میں ہی شہید ہوگیا۔
8 مئی2025۔۔۔ سرینگر کے کئی علاقوں میںبھارتی افواج نے تلاشی مہم کے دوران سینکڑوں شہریوں کو گرفتارکیا ہے اور ایک سو سے زیادہ گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو ہراساں کیااور قیمتی گھریلو اشیاءکی توڑ پھوڑ اور بینک اور جائیداد کی دستاویزات، موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر ڈیجیٹل آلات ضبط کئے ہیں۔

9 مئی 2025 ۔۔۔۔ ضلع سانبہ کے علاقے میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے مابین ایک معرکہ پیش آیا ۔بھارتی فوج نے اس معرکہ کے دوران سات مجاہدین کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ ضلع اسلام آباد کے علاقے سرنال میں ایک لاپتہ نوجوان عادل گلزار کی لاش ایک مسجد میں لٹکی ہوئی پائی گئی ہے ۔یاد رہے عادل گلزار6مئی سے لاپتہ تھا۔حریت راہنما میرواعظ عمر فاروق کو بھارتی انتظامیہ نے ایک بار پھر سرینگر کی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے روک دیا ہے۔بھارتی پولیس نے انہیں گھر میں ہی نظر بند کرکے رکھا ہے ۔
10 مئی 2025 ۔۔۔پاکستان نے بھارتی ننگی جارحیت کے جواب میں کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے مکار دشمن کیخلاف ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کے دوران بھار ت کے کئی شہروں اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں ، اونتی پورہ ایئر بیس، نگروٹا، جموں، پٹھان کوٹ، راجوری اور ادھمپور کے علاقے میں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ان حملوں میں بھارتی فوج کے سوسے زیادہ اہلکارہلاک ہوگئے جبکہ دوسو کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔بھارت نے پاکستان اورآزاد کشمیر پر حملوں میں مساجد ، مدارس اور سول آبادی کو نشانہ بنایا اور کئی معصوم بچوں سمیت چالیس سے زائد شہریوں کو شہید کردیاجبکہ ایک سو سے زیادہ شہری زخمی ہوگئے ہیں۔ان حملوں میں گیارہ پاکستانی فوجی اہلکارشہید اور ستر سے زیادہ زخمی ہوئے۔ حملوں میں تین سو کے قریب عمارتیں تباہ ہوئیں جبکہ درجنوں دکانیں بھی جل کرخاکستر ہوئیں۔پاک فضائیہ نے بمباری کرکے ادھم پور، پٹھان کوٹ ائیربیس اور براہموس اسٹوریج ،بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے جی ٹاپ ، آدم پور میں بھارت کا S-400 سسٹم ، بھارتی سورت گڑھ ائیر فیلڈ ،بھارتی آرٹلری گن پوزیشن دہرنگیاری,راجوڑی میں پاکستان میں دہشتگردی کروانے والا بھارتی ملٹری انٹیلیجینس کا تربیتی مرکز، بھارت کی سرسہ ائیر فیلڈ تباہ کردئیے گئےجبکہ ان حملوں میںبھارتی فضائیہ کے 3 رافیل سمیت5 جنگی طیارے مارے گرائے گئے ہیں۔
11 مئی 2025۔۔۔ضلع جموں کے علاقے نگروٹہ میں فوجی کیمپ پر مجاہدین نے ایک کارروائی کے دوران حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد فوجی اہلکارزخمی ہوگئے۔
13 مئی 2025۔۔۔ضلع شوپیاںکے علاقے کیلر شکرو میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان ایک خونی معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں تین مجاہدین کمانڈرشاہد احمد کتائی عرف علی بھائی ساکن چوٹی پورہ شوپیاں ،احسان الحق شیخ عرف قاسم بھائی اور عدنان شفیع ڈار عرف عمیر بھائی نے بہادی سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرلیا۔جھڑپ کے دوران متعدد بھارتی فوجی ہلاک و زخمی ہوئے ۔
15مئی 2025۔۔۔ ضلع پلوامہ کے علاقےاونتی پورہ ترال میں حزب المجاہدین سے وابستہ مجاہدین اور بھارتی افواج کے درمیان ایک خونی معرکہ پیش آیا جس کے نتیجے میں تین مجاہدین کمانڈر محمد آصف المعروف زاہد ولد غلام محمد شیخ ساکنہ منگھامہ ترال پلوامہ عامر نذیر المعروف غازی بابا ولد نذیر احمد ساکنہ کھاسی پورہ ترال پلوامہ یاور احمد المعروف ابو ضرار ولد نذیر احمد ساکنہ لرو ترال پلوامہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرلیا۔ معرکہ آرائی میں متعدد بھارتی فوجی اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے ۔ ضلع بڈگام میں بھارتی پولیس نے عسکریت پسندوں کے ساتھ روابط رکھنے کے الزام میں تین کشمیری نوجوانوں مزمل احمد، اشفاق پنڈت اور منیر احمد کو ضلع کے علاقے کائوسہ ناربل میں تلاشی آپریشن کے دوران کالے قانون کے تحت گرفتار کیا۔